خواب میں پانی دیکھنا

حضرت امام محمد بن سیرین رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق

خواب میں پانی دیکھنا

تمام چیزوں کی زندگی پانی سے ہے۔ فرمانِ حق تعالیٰ ہے: وجعلنا من الماء کل شیئ حی (ہم نے ہر ایک چیز کو پانی سے زندہ کیا ہے)۔ حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی خواب دیکھے کہ وہ سطح آب پر پانی کی طرح چلتا ہے، جیسے دریا اور نہر کا پانی، یہ اس کے پاک اعتقاد اور قوتِ ایمانی کی دلیل ہے، اور اگر صاف اور خوشگوار پانی ہے تو عمرِ دراز اور خوش عیشی کی دلیل ہے اور اگر گندلا یا شور پانی پیا ہے تو تاویل کے برعکس ہے۔ اور اگر دیکھے کہ دریا سے اچھا پانی پیتا ہے تو تمام جہان کا بادشاہ ہو گا، اور اگر پانی مصفا و صاف ہے تو اس کو رنج و سختی اور خوف و دہشت پہنچے گی۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ اگر پانی گرم پیتا دیکھے تو بیماری اور رنج کی دلیل ہے، اور اگر پانی گرم کر کے اس پر گرایا ہے تو دلیل ہے کہ اس کو خبر نہیں ہے کہ بیمار ہو گا، اور اگر گرم پانی میں گرتا دیکھے تو سخت غم میں گرفتار ہو گا۔ اگر پانی پیالے میں ڈالے تو مال اور زندگی پر اکٹھا ہو گا، اور اگر کانچ کے پیالے میں پانی اپنی عورت کو دیا تو اس کے ہاں فرزند ہو گا اور فرزند کو ماں کے پیٹ میں رہنے کی نسبت دیتے ہیں۔ اگر پیالہ ٹوٹا ہوا ہو تو بیوی یا بچہ مر جائے گا۔ اگر پیالہ خالی رہتا دیکھے تو دلیل ہے کہ عورت مرے گا، اور اگر دیکھے کہ عورت کو پانی دیتا ہے کہ لوگوں کو پانی دیتا بے وجہ دیتا ہے تو دنیا و آخرت میں اس سے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا اور ویران جگہ کو آباد کرے گا۔ اور اگر خواب میں دیکھے کہ جس گھر میں پانی گرایا ہوا تھا اس کے اندر داخل ہوا ہے تو دلیل ہے کہ غمگین اور متفکر ہو گا، اور اگر دیکھے کہ پیالے کے صاف پانی کو طرح طرح پیا ہے تو دلیل ہے کہ عیش اور عشرت سے زندگی گزارے گا، لیکن ایسا کام کرے گا کہ بلا اور فتنہ میں پڑے گا اور مال کو تھوڑا تھوڑا کر کے لوگوں کو بخشے گا اور خیرات میں خرچ کرے گا۔ حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ اگر پانی کو وقت پر زیادہ ہوتے دیکھے تو دلیل ہے کہ اس سال میں نعمت کی فراخی ہو گی اور اگر زمین میں جذب ہو جائے تو دلیل ہے کہ عام لوگوں کو سلامتی و عافیت حاصل ہو گی۔ فرمانِ حق تعالیٰ ہے: وقیل یا ارض ابلعی مائک ویاسماء اقلعی وغیض الماء (اور کہا گیا اے زمین! اپنا پانی نگل جا اور اے آسمان! تھم جا اور پانی کو گھرا دیا گیا)۔ اگر دیکھے کہ پانی لوگوں کے سروں پر چڑھا جا رہا ہے تو دلیل ہے کہ اس سال اس ملک میں نعمت اور فراخی ہو گی۔ اگر دیکھے کہ اس کے گھر میں صاف پانی ہے تو دلیل ہے کہ نعمت اور خوش عیشی پائے گا اور اگر گھر میں گندلا پانی کھڑا دیکھے تو تاویل اس کے برعکس ہے۔ حضرت دانیال علیہ السلام نے فرمایا کہ باغ اور زراعت کو دریاؤں اور نہروں سے پانی دینا اندوہ و غم سے خلاصی اور مال کی دلیل ہے اور لوگوں کو پانی دینا دین اور دیانت اور نیک کاموں کی دلیل ہے۔ حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ خواب کے اندر پانی جانے کی تعبیر پانچ وجہ پر ہے: یقین، قوت، مشکل کام، مصاحبت، اور شہر کے رئیس کی طرف سے کوئی کام۔

خواب میں پانی کا دوڑنا

حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی پانی کو غیر محل میں دوڑتا دیکھے تو دلیل ہے کہ صاحبِ خواب غمگین اور قرض دار ہو گا اور اگر اپنی جگہ پر قرض دیکھے تو خوشی اور غم سے نجات دیکھے گا اور اگر مالدار ہے تو مال کا نقصان ہو گا۔ حضرت دانیال علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ اگر پانی نامعلوم جگہ دوڑتا دیکھے تو دلیل ہے کہ صاحبِ خواب اس موضع کے اہل سے عورت یا باندی خریدے گا۔ اگر پانی کی جگہ خون دوڑتا دیکھے تو نقصان کی دلیل ہے اور اگر پیپ دوڑتے دیکھے تو دلیل ہے کہ اس کے یہاں بیمار بچہ ہو گا۔ بعض اہلِ تعبیر کہتے ہیں کہ پانی کا دوڑنا حرام مال کی دلیل ہے اور اگر پانی دوڑتے ہوئے کوئے میں گرا تو حرام مال کھائے گا۔ حضرت کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ اگر کنوئیں میں پانی دوڑتا ہوا دیکھے تو کسی سے مال حلال پائے گا اور اگر فرزند حافظِ قرآن اور دانا و عالم آئے اور دیکھے کہ تھوڑا پانی گر گیا ہے تو تھوڑا مال جائے گا اور اندوہ اور کچھ غم ہو گا اور اگر دیکھے کہ اس پانی سے لوگ مسح کرتے ہیں تو دلیل ہے کہ اس کے یہاں فرزند عالم اور دانا آئے گا اور لوگ اس کے تابعدار ہوں گے۔ حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ اگر مسجد میں پانی دوڑتا دیکھے تو دلیل ہے کہ اپنے مال کو خزانہ کرے گا، لیکن اپنے لئے نہیں، اور اگر دیکھے کہ اس کی پانی کی دوڑ سے اس کا کپڑا تر ہو گیا ہے تو دلیل ہے کہ اپنا مال اپنے فرزند کے لئے جمع کرے گا۔ حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ اپنی جگہ پانی دوڑا ہوا دیکھنا دیانتداری کی دلیل ہے، جو کے لئے یہ ہیں: درویش غلام آزاد ہو گا، قیدی نجات پائے گا، بیمار شفا پائے گا، مسافر وطن کو آئے گا، حاکم معزول ہو گا، خلیفہ مرے گا، قاضی معزول ہو گا اور سوداگر نقصان اٹھائیں گے۔ حضرت اسماعیل اشعث رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ اگر خواب میں اپنے گھر میں پانی دوڑتا دیکھے تو دلیل ہے کہ اپنا مال اپنی اولاد کے لئے خزانہ کرے گا، لیکن اس کے عوض پائے گا۔ فرمانِ حق تعالیٰ ہے: وما انفقتم من شیئ فہو یخلفہ وہو خیر الرازقین۔

خواب میں ترش پانی دیکھنا

حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ آبکامہ کا خواب میں دیکھنا رنج اور بیماری کی دلیل ہے اور اس کا پینا بیماری کی دلیل ہے۔ حضرت کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ آبکامہ کو گرتا ہوا دیکھے یا اس میں سے کچھ پیا ہو تو دلیل ہے کہ غم اور اندوہ سے نجات پائے گا اور اگر بیمار ہے تو شفا پائے گا۔ حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ آبکامہ کا پینا پانچ وجہ پر ہے: اول بیماری، دوم غم، سوم جھگڑا، چہارم حاجت، پنجم عیال کے ساتھ لڑائی۔

خواب میں پانی کی سرنگ دیکھنا

کاریز۔ چھت دار نالی۔ حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ معلوم جگہ کی نالی پر ہے۔ دلیل ہے کہ اپنے ساتھ والوں کے ساتھ مکر اور حیلہ کرے گا اور یہ تاویل اس وقت ہے جب کاریز کھودتے وقت پانی نہ نکلے اور اگر پانی نکلے اور جاری ہو جائے تو مقرر کاریز کھودنے کا حکم نگاہ رکھے۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے اگر دیکھے کہ کاریز سے پانی لیتا ہے دلیل ہے کہ مکر و حیلے سے مال جمع کرے گا خاص کر اگر کاریز کھدی ہے تو جس قدر پانی لے گا اسی قدر منفعت پائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ کاریز سے پانی لے کر گھڑے یا مٹکے میں ڈالتا ہے تو ایسے مال کے لئے ہے جس کو خرچ کرے گا اور اگر دیکھے کہ کاریز میں گرا ہے دلیل ہے کہ مکر و حیلہ میں پڑے گا۔ حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے اگر دیکھے کہ کاریز باغ کو پانی دیتا ہے دلیل ہے کہ اپنی عورت سے جماع کرے گا اور یہ دیکھنا ایسے مرد کے لئے ہے جو مکر اور حیلے کے کام کو دیکھنا اور کرنا جانتا ہے۔

خواب میں پانی کی مشک دیکھنا

مشک آب۔ پانی کی مشک۔ حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ مشک سفر ہے، اگر دیکھے کہ اس کے پاس پانی کی مشک ہے اور نئی ہے دلیل ہے کہ سفر کو جائے گا اور بہت فائدہ حاصل کرے گا اور اگر مشک پرانی ہے تو اس کی تاویل اول کے خلاف ہے۔ حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں پانی کی مشک کا دیکھنا تین وجہ پر ہے (1) سفر (2) مال (3) زندگانی۔

امام ابن سیرین


حضرت امام عبد الغنی نابلسی رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق

خواب میں پانی خوشگوار زندگی کی دلیل ہے۔ (1) لہذا جو اپنے گھر میں پانی دیکھے تو یہ سعادت مندی، مالِ کثیر، غنیمت اور شادی کی بشارت ہے کیونکہ اللہ تعالی نے فرمایا ہے: (وہو الذی خلق من الماء بشرا فجعلہ نسبا وصہرا) (الفرقان : 54)۔

یعنی وہ ایسا ہے جس نے پانی سے (یعنی نطفہ سے) آدمی کو پیدا کیا، پھر اس کو خاندان والا اور سسرال والا بنایا۔

(2) جو دیکھے کہ پانی صاف شفاف اور کثیر ہے تو دلیل ہے اشیاء کے نرخ کم ہوں گے، عدل وانصاف پھیلے گا۔

(3) پانی کو چپانا مال ومعیشت میں سخت محنت وکاوش کرنے کی دلیل ہے، پانی پینا دشمن سے امن وسلامتی اور پینے والے کے لئے سال کی خوشحالی کی علامت ہے۔

(4) اگر خواب میں بیداری کی حالت سے زیادہ پانی پیا ہے تو یہ درازئ عمر کی دلیل ہے، ابنِ سیرین رحمہ اللہ فرماتے ہیں: خواب میں پانی دیکھنا دینی فتنہ ہے کیونکہ ارشادِ الہی ہے: (ماء غدقا لنفتنہم فیہ) الجن۔

یعنی وافر پانی (ان کو پلاتے ہیں) تا کہ اس میں ان کا امتحان کریں اور پانی بلاء وآزمائش ہے اس لئے کہ اللہ تعالی نے فرمایا: (ان اللہ مبتلیکم بنہر فمن شرب منہ فلیسہ منی ومن لم یطعمہ فانہ منی الا من اغترف غرفۃ بیدہ) (البقرہ) یعنی تحقیق اللہ تعالی تمہارا جو امتحان کریں گے ایک نہر سے سو جو شخص اس سے پانی پی لے گا وہ میرے ساتھیوں میں نہیں اور جو اس کو زبان پر بھی نہ رکھے وہ میرے ساتھیوں میں ہے، لیکن جو شخص اپنے ہاتھ سے ایک چلو بھر لے تو اتنی رخصت ہے۔

(5) جو دیکھے کہ اسے ایک پیالہ میں پانی دیا جاتا ہے تو یہ لڑکے کی دلیل ہے۔

(6) جو دیکھے کہ وہ ایک پیالہ یا کسی اور برتن میں صاف پانی پیتا ہے تو دلیل ہے اسے اپنی اولاد اور زوجہ سے خیر حاصل ہو گی، اس لئے شیشہ کی تعبیر عورت ہے اور پانی کی تعبیر بنین (پیٹ کا بچہ) ہے۔

(7) اور جو دیکھے کہ وہ گرم پانی پیتا ہے تو وہ شدید غم سے دو چار ہو گا۔

(8) جو خواب میں اپنے آپ کو پانی میں دیکھے تو یہ فتنہ وآزمائش اور غم ہے۔

(9) جو دیکھے اس کے پاس صاف پانی کی مشک ہے تو یہ مال وراحت کی دلیل ہے۔

(10) جو دیکھے کہ وہ پانی مانگتا ہے تو دلیل ہے وہ لوگوں میں جھوٹ پھیلاتا ہے۔

(11) ٹھہرا ہوا پانی، بدبودار پانی نا خوشگوار زندگی ہے۔

(12) گرم پانی جو دن کے وقت استعمال کیا گیا ہو عقوبت عذاب ہے۔

(13) رات کو اگر استعمال کیا گیا ہو تو یہ جنات کی طرف سے خوف وگھبراہٹ ہے۔

(14) نمکین پانی مال ومعیشت میں محنت ومشقت ہے۔

(15) گدلا پانی مالِ حرام ہے، سیاہ پانی ویرانی ہے، زرد پانی مرض ہے۔

(16) جو شخص دیکھے کہ وہ دریا کا پانی پیتا ہے تو اسے بادشاہ کی طرف سے پریشانی یا مرض لاحق ہو گا، بعض کہتے ہیں کہ گدلا پانی سلطان جابر ہے۔

(17) جو خواب میں گدلے پانی میں غسل کرے تو وہ کسی سختی میں مبتلا ہو کر اس سے نجات پائے گا، اگر مریض ہو تو اللہ تعالی اسے شفاء دیں گے، اگر قید ہو نجات ملے گی، نمکین پانی غم کی نشانی ہے۔

(18) جو دیکھے کہ وہ پانی کے اوپر چلتا ہے  تو یہ ایمانی قوت اور اللہ تعالی پر یقین کرنے کی دلیل ہے، بعض کہتے ہیں کہ اس کی تعبیر یہ ہے کہ وہ سفر کرے گا یا جان کو خطرے میں ڈالے گا۔

(19) خواب میں دیکھا گہرے پانی میں گر گیا تو دلیل ہے اسے دنیا ملے گی اور مالدار ہو گا کیونکہ دنیا بحرِ عمیق ہے، بعض کہتے ہیں کہ اسے سرور نعمت ملے گی۔

(20) جو دیکھے کہ اس نے صاف شفاف پانی دیکھا تو اسے اس میں اپنا خوبصورت چہرہ نظر آیا ہے تو وہ اپنے گھر والوں اور ہمسایوں سے اچھا برتاؤ کرتا ہے۔

(21) جو دیکھے کہ اس نے دریا میں پانی انڈیلا ہے تو وہ کسی عورت پر خرچ کرتا ہے، زیادہ پانی فکر وپریشانی، عذاب اور فتنہ کی دلیل ہے۔

(22) جو دیکھے کہ پانی شہر وعلاقہ میں زیادہ ہو گیا ہے اور حد سے تجاوز کر گیا ہے تو اس جگہ عظیم فتنہ وفساد رونما ہو گا اور شریر لوگ مریں گے۔

(23) شیریں پانی رزقِ حلال، دل کی خوشی، علم اور قریب الموت کے لئے زندگی کی دلیل ہے، اس لئے کہ فرمانِ الہی ہے: (وجعلنا من الماء کل شیء) (الانبیاء) یعنی اور ہم نے (بارش کے) پانی سے ہر جاندار چیز کو بنایا ہے یا کنوارے کے حق میں زوجہ اور کنواری کے لئے شوہر کی دلیل ہے، پانی پینا فقراء کے مشروب کی بھی دلیل ہے۔

(24) شیریں اور میٹھا پانی کا خواب میں نمکین اور کھارا ہونا دین سے مرتد ہونے کی دلیل ہے یا اس کے امور دشوار ہونے کی علامت ہے۔

(25) اگر کسی برتن میں پانی اٹھایا ہے تو اس کی بیوی حاملہ ہو گی اور کمی کے وقت میں پانی کی زیادتی اور زیادتی کے وقت میں پانی کی قلت، جور وظلم اور مہنگائی کی دلیل ہے۔

(26) اور کسی جگہ سے پانی کا پھوٹنا غم وفکر کی نشانی ہے، سبز رنگ کا پانی طویل مرض کی دلیل ہے۔

(27) جو سیاہ پانی پیے تو اس کی نظر جاتی رہے گی۔

(28) جو دیکھے کہ اس پر گرم پانی بہایا گیا ہے تو وہ قید ہو گا۔

(29) کپڑے پانی سے بھیگ گئے ہیں تو سفر پر برقرار رہے گا یا جس کام کا ارادہ کیا ہے اس سے رکے گا۔

(30) اور جو دیکھے کہ اس نے تھیلی میں یا کپڑے میں یا ایسی چیز میں پانی اٹھایا ہے جس میں پانی کا اٹھانا ممکن نہیں تو وہ اپنے مال یا حیات کے غرور وگھمنڈ میں مبتلا ہے۔

(31) جو دیکھے کہ اسے ایک گلاس یا پیالہ دیا گیا ہے اور حال یہ ہے کہ اس کی بیوی حاملہ ہے اور خواب میں وہ پیالہ ٹوٹ گیا ہے تو وہ عورت وفات پائے گی۔

(32) اگر پانی گر گیا ہے اور پیالہ نہیں ٹوٹا ہے تو بچہ مرے گا اور عورت سلامت رہے گی۔

(33) ٹھنڈے پانی سے غسل کرنا تو بہ وتائب ہو نے، قید سے رہائی پانے، قرض کی ادئیگی اور خوف سے امن وامان ہونے کی دلیل ہے۔

(34) جو شخص دیکھے کہ وہ کنویں سے پانی لیتا ہے تو دلیل ہے اسے حیلہ ومکر سے مال ودولت ملے گا۔

خواب میں پانی کی جھاگ دیکھنے کی تعبیر

(1) خواب میں اس کو دیکھنا ایسی چیز پر دلالت کرتا ہے جس سے اس کو فائدہ حاصل نہ ہوگا اور زبد ایسی چیز کو کہتے ہیں جس کا آدمی کو کوئی فائدہ نہ ہو، اگر کسی نے دیکھا کہ اس کو جھاگ ملی ہے تو وہ ایسی چیز پائے گا  جس میں نہ تو خیر ہو گی نہ اس میں ہمیشگی ہو گی۔

امام عبد الغنی نابلسی

یاد رکھیں کہ یہ روایتی تعبیرات ہیں، حتمی پیشگوئی نہیں؛ اچھا خواب اللہ کی طرف سے بشارت ہے اور اصل علم اللہ کے پاس ہے۔