خواب میں منہ دیکھنے کی تعبیر
Khwab me munh mouth dekhne ki tabeer
حضرت امام محمد بن سیرین رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق
خواب میں منہ دیکھنا
حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں منہ کاموں کی کلید اور ان کا خاتمہ ہے اور جو کچھ منہ سے نکلتا ہے جوہر اور کلام پر دلیل ہے۔ نیک ہو یا بد ہو، جو کچھ منہ میں ہو۔ اگر دنیاوی ہے تو عیش میں محنت اور رنج پر دلیل ہے۔ اور جو کچھ منہ میں شیریں ہے۔ اور آسانی سے نگلا جاتا ہے۔ تو روزگار اور راحت اور عیش پر دلیل ہے۔ حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے اگر دیکھے کہ اس کا منہ سختی کے ساتھ بندھا ہوا ہے۔ دلیل ہے کہ ہلاک ہوگا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کا منہ گندم یا جو کے آٹے سے بھرا ہوا ہے۔ دلیل ہے کہ اس کی موت قریب ہے اور اگر دیکھے کہ اس کا منہ فراخ ہوا ہے کہ اس میں بہت سا کھانا سما جائے۔ دلیل ہے کہ اس کو اسی قدر نعمت اور روزی ملے گی۔ اور اگر دیکھے کہ اس کا منہ اچھا ہے۔ دلیل ہے کہ نیک بات سنے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کا منہ کا گوشت گرا ہے۔ دلیل ہے کہ اس کو نقصان پہنچے گا اور اگر دیکھے کہ اس کے منہ سے خون نکلا ہے۔ دلیل ہے کہ کسی سے گفتگو کرے گا۔ حضرت اسماعیل اشعث رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے اگر دیکھے کہ اس کے منہ سے کیڑا یا کوئی جانور نکلا ہے۔ دلیل ہے کہ اس کے عیال میں سے ایک جدا ہوگا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کے منہ سے پلیدی نکلی ہے۔ دلیل ہے کہ جو سلوک کیا ہوگا احسان جتانے سے باطل ہوگا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کے منہ سے مروارید باہر نکلا ہے اور لوگوں نے اٹھایا ہے دلیل ہے کہ لوگ اس کے علم سے فائدہ اٹھائیں گے اور اگر دیکھے کہ اپنے منہ سے پلیدی ڈالتا ہے اور لوگ اس سے بھاگتے ہیں۔ دلیل ہے کہ شاعر ہوگا اور لوگوں کی برائی کہے گا۔ اور اگر دیکھے کہ کسی نے اس کے منہ پر مہر لگائی ہے اور لگانے والے کا پتہ نہیں ہے۔ دلیل ہے کہ رسوا ہوگا۔ فرمانِ حق تعالیٰ ہے: الیوم نختم علی افواہہم وتکلمنا ایدیہم وتشہد ارجلہم (آج ہم ان کے منہ پر لگائیں گے اور ہم سے ان کے ہاتھ کلام کریں گے اور ان کے پاؤں گواہی دیں گے۔) حضرت حافظ معبر رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے اگر دیکھے کہ اس کے منہ سے کوئی اچھی چیز نکلی ہے۔ دلیل ہے کہ اچھے مطلب کی باتیں کرے گا۔ اور اگر اس کے خلاف دیکھے تو تاویل اس کے خلاف ہے۔ اور اگر دیکھے کہ کوئی چیز منہ میں رکھی ہے اور وہ اچھی چیز تھی۔ دلیل ہے کہ حلال چیز کھائے گا۔ حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں منہ کا دیکھنا سات وجہ پر ہے۔ (1) منزل (2) خزانہ (3) کاموں کی کشائش (4) مال (5) حاجت (6) وزیر (7) دربان۔
امام ابن سیرین
حضرت امام عبد الغنی نابلسی رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق
خواب میں مریض کا اپنے منہ کو بڑا اور اچھا دیکھنا مریض کی سلامتی اور زندگی پر دلالت کرتا ہے، اگر صاحبِ خواب کا پیشہ آواز سے متعلق تھا اور خواب میں اپنے منہ کو معدوم دیکھے تو اس کے احوال کی بندش اور حالات کے الٹ ہونے کی دلیل ہے، جبکہ بسا اوقات مسکن کے خراب ہونے، برتن کے ٹوٹنے یا چرواہے کے توشہ دان کے ٹوٹنے اور قید سے چھٹکارے پر بھی اس کی دلالت ہوتی ہے۔
خواب میں تالو یا ٹھوڑی دیکھنا میاں بیوی، دو شر یک یا دو بیٹوں کو دیکھنا ہے۔
خواب میں سانس کی نالی کو دیکھنا ملک الموت کو دیکھنا ہے۔
خواب میں حلق کو دیکھنے کی تعبیر
Khwab me halq throat dekhne ki tabeer
(1) اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ اس کے حلق سے دھاگہ یا بال نکل رہا ہے، اس نے اسے کھینچا نہ تو وہ ٹو ٹا اور نہ ہی مکمل طور پر باہر نکلا تو یہ اس کی درازئ عمر اور بادشاہ سے لڑائی کرنے کی طرف اشارہ ہے۔
(2) اگر خواب دیکھنے والا وزیر ہے تو اس کی وزارت اور اگر تاجر ہے تو اس کی تجارت میں ترقی کی طرف اشارہ ہے۔
(3) انسانی حلق زندگی پر بھی دلالت کرتا ہے، کبھی حلق سے مراد گھر کی نالی اور کنواں وغیرہ بھی ہوتا ہے۔
(4) چنانچہ اگر دیکھے کہ اس کے حلق میں عیب ہے تو گھر کی نالی اور کنویں وغیرہ کو مرمت کی ضرورت کی طرف اشارہ ہے۔
خواب میں منہ کے بل گرنا ہدایت سے رو گردانی کی دلیل ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: (وَمَن جَآءَ بِٱلسَّيِّئَةِ فَكُبَّتْ وُجُوهُهُمْ فِى ٱلنَّارِ) ”گناہ کرنے والوں کو منہ کے بل جہنم میں ڈالا جائے گا“۔
امام عبد الغنی نابلسی
یاد رکھیں کہ یہ روایتی تعبیرات ہیں، حتمی پیشگوئی نہیں؛ اچھا خواب اللہ کی طرف سے بشارت ہے اور اصل علم اللہ کے پاس ہے۔
