خواب میں  پیشانی دیکھنے کی تعبیر

حضرت امام محمد بن سیرین رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق

خواب میں پیشانی دیکھنا

حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ پیشانی خواب میں آدمی کی عزت اور مرتبہ ہے، کیونکہ خدا تعالیٰ کے سجدے کی جگہ ہے۔ اور بعض کہتے ہیں کہ پیشانی کا دیکھنا فرزند پر دلیل ہے کہ اس کے اہلِ بیت سے ہوگا۔ اور اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ اس کی پیشانی پر نشان ہے تو دلیل ہے کہ صاحبِ خواب دیانتداری اور پرہیزگاری میں مشہور ہوگا۔ اور اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ کسی نے اس کی پیشانی پر مارا ہے کہ خون جاری ہوگیا ہے تو دلیل ہے کہ اس کی عزت اور مرتبہ زیادہ ہوگا۔ اور اگر کوئی دیکھے کہ اس کی پیشانی چھوٹی ہوگئی ہے اور تنگ ہے تو یہ اس کی تاویل پہلی کے خلاف ہے۔ اور اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ اس کی پیشانی اپنے حال سے پھر گئی ہے تو دلیل ہے کہ اس کو نقصان پہنچے گا اور اگر کوئی شخص دیکھے کہ اس کی پیشانی پر اگے بال سرخ یا سفید ہیں تو دلیل ہے کہ وہ قرض عیال کے باعث ہوگا۔ اور اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ اس کی پیشانی پر ورم ہے تو یہ مال زیادہ ہونے کی دلیل ہے اور اگر کوئی شخص دیکھے کہ اس کی پیشانی میں سے سانپ یا بچھو یا کوئی چیز نکلی ہے تو دلیل ہے کہ اس کو اسی قدر رنج اور دکھ دشمنوں سے پہنچے گا۔ حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ اس کی پیشانی پر ایک آنکھ ہے تو دلیل ہے کہ اپنی خانہ آبادی کے کام میں غور رکھتا ہے اور اگر دیکھے کہ پیشانی پر بہت سی آنکھیں ہیں تو یہی دلیل ہے کہ اپنی مصلحت کے کاموں میں خوب غور کرتا ہے۔ اور اگر دیکھے کہ اس کی پیشانی پر سبز خط لکھا ہوا ہے تو دلیل ہے کہ اس کے ہاں عالم اور پرہیزگار لڑکا آئے گا اور دیکھے کہ اس کی پیشانی پر آیتِ رحمت لکھی ہوئی ہے تو دلیل ہے کہ اس کی عاقبت محمود ہوگی اور اس کی موت شہادت پر ہوگی اور اگر دیکھے کہ اس کی پیشانی پر آیتِ عذاب لکھی ہوئی ہے تو دلیل ہے کہ اس کی عاقبت محمود نہ ہوگی، اس کی تاویل اول کے خلاف ہے۔ حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ پیشانی کا خواب میں دیکھنا چھ وجہ پر ہے: اول مرتبہ، دوم عزت و عظمت و بزرگی، سوم فرزند، چہارم توانگری، پنجم ریاست، ششم جود و بخشش۔

امام ابن سیرین


حضرت امام عبد الغنی نابلسی رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق

Khwab me paishani forehead dekhne ki tabeer

پیشانی کی تعبیر عزت اور حکم کا نافذ ہونا ہے۔

(1) خواب میں پیشانی میں کسی قسم کا عیب لگنا یا ٹوٹ جانا اس کی ہیبت، عزت اور حکم چلنے میں نقصان واقع ہونے کی علامت ہے۔

(2) کسی نے دیکھا کہ اس کی پیشانی میں کچھ زیادتی ہوئی مثلاً اخروٹ کی مانند یا بہت کم یا زیادہ بڑا ہو گیا تو تعبیر ہے کہ اس کے ہاں بیٹا ہوگا اور پورے خاندان کا سردار بنے گا۔

(3) پولیس یا بازاری آدمی اور بے حیا قسم کے لوگوں کے ساتھ کاروبار کرنے والے کی پیشانی کا خواب میں پتھر یا پیتل یا لوہے میں تبدیل ہونا اچھا شگون ہے۔

(4) اور مذکورہ افراد کے علاوہ دیگر لوگوں کے لیے دوسروں کے ہاں مبغوض ہونے کی دلیل ہے۔

(5) خواب میں کسی دوسرے کی پیشانی کو اصلی حالت سے تنگ ہوتے ہوئے دیکھنا صاحبِ پیشانی کے خوش خلق ہونے کے بعد بد خُلق ہونے کی دلیل ہے اور کسی کی پیشانی کو کشادہ ہوتے ہوئے دیکھنا عقلمندی کے بعد احمق ہونے اور عالم ہونے کے بعد جاہل ہونے کی طرف اشارہ ہے۔

(6) بعض دفعہ خواب میں پیشانی دیکھنے کی تعبیر بخل سے اور بعض دفعہ سخاوت سے بھی کی جاتی ہے۔

(7) پیشانی کا کالا ہونا دلیلِ بخل اور اللہ تعالی کے حقوق سے روکنے کی علامت ہے۔

(8) خواب میں پیشانی کا خوبصورت اور نورانی ہونا انفاق فی سبیل اللہ اور مواسات کی دلیل ہے۔

(9) کبھی پیشانی کی دلالت جائے نماز اور رومال وغیرہ پر بھی ہوتی ہے۔

(1) خواب میں پیشانی کا بڑھ جانا یا لو ہے، پتھر کی طرح بن جانا جہد فی الصلوۃ کی دلیل ہے یا بے حیائی کی علامت ہے۔ (11) خواب میں اپنی پیشانی میں زخم یا پھوڑا دیکھنا نماز میں کوتاہی کرنے یا سجدہ صحیح طریقے سے نہ کرنے کی طرف اشارہ ہوتا ہے یا یہ تعبیر ہے کہ کوئی شخص اس سے بد کلامی کرے گا۔

امام عبد الغنی نابلسی

یاد رکھیں کہ یہ روایتی تعبیرات ہیں، حتمی پیشگوئی نہیں؛ اچھا خواب اللہ کی طرف سے بشارت ہے اور اصل علم اللہ کے پاس ہے۔