خواب میں پہلو یا پسلی دیکھنا

Khwab me pehlo ya pasli dekhna

حضرت امام محمد بن سیرین رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق

خواب میں پہلو دیکھنا

حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ پہلو خواب میں عورت ہے۔ اگر دیکھے کہ اس کا بایاں پہلو سوجا ہوا ہے تو دلیل ہے کہ اس کی عورت اور کنیز دونوں حاملہ ہوں گی۔ اور اگر خواب میں پہلو سرخ دیکھے تو دلیل ہے کہ اس کی عورت کا حمل ساقط ہوگا۔ اور اگر دیکھے کہ پہلو سے خون آلود گوشت کا ایک ٹکڑا گرا ہے تو دلیل ہے کہ اس کو سخت غم پہنچے گا۔ اور اگر دیکھے کہ دونوں ہاتھ پہلو پر رکھے ہوئے ہیں تو دلیل ہے کہ اس کو باپ یا ماں یا عیال سے غم و اندوہ پہنچے گا۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ اس کے پہلو کی ہڈی ٹوٹی ہوئی ہے تو دلیل ہے کہ اس کو باپ یا عیال سے غم و اندوہ پہنچے گا۔ اور اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ اس کے پہلو کا کپڑا جدا ہوا ہے تو دلیل ہے کہ اس کا مال اور عیال دونوں تلف ہوں گے۔ اور اگر خواب میں دیکھے کہ اس کے دونوں پہلو زرد ہو گئے ہیں تو دلیل ہے کہ اس کے عیال بیمار ہوں گے اور اگر دیکھے کہ اس کے پہلو میں سوراخ ہو گیا ہے اور اس سے جواہرات گرتے ہیں تو دلیل ہے کہ اس کے ہاں پارسا اور عالم فرزند پیدا ہوگا۔ اور اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ اس کے دونوں پہلو جمع ہو گئے ہیں تو دلیل ہے کہ اس کو غم و اندوہ پہنچے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کا پہول قوی اور بزرگ ہو گیا ہے تو یہ دین کی درستی اور عیال کی قوت کی دلیل ہے اور اگر دیکھے کہ اس کا پہلو چھوٹا اور کمزور ہے تو اس کی تاویل پہلے خواب کے برعکس ہے۔ حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ خواب میں پہلو عورتوں پر دلیل ہے کیونکہ عورتیں مردوں کے پہلو سے پیدا ہوتی ہیں، اس کی تاویل عورتوں پر لوٹتی ہے۔ اور اگر دیکھے کہ اس کے پہلو میں سے بہت ہیں تو دلیل ہے کہ اسی قدر عورتیں اور کنیزیں حاصل ہوں گی اور اگر دیکھے کہ اس کے پہلو سے سانپ نکلا ہے تو دلیل ہے کہ اس کے ہاں لڑکا پیدا ہوگا۔ حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ پہلو کا خواب میں دیکھنا پانچ وجہ پر ہے: اول عورت، دوم لڑکی، سوم کنیز، چہارم خادم۔

امام ابن سیرین


حضرت امام عبد الغنی نابلسی رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق

خواب میں پہلو یا پسلی کی تعبیر عورت ہے۔

(1) چنانچہ پہلو میں کچھ ہونا عورتوں میں کچھ ہونے کی دلیل ہے اس لئے کہ عورت کی پیدائش پسلی سے ہے،  پسلیاں ان چیزوں کی ایسی محافظ ہیں جن پر پیٹ حاوی ہے  جیسا کہ خیمہ اور اس کے ستون وپردے اور گھر اور چھت جو اس کے نیچے ہیں اس کے محافظ ہیں اور کبھی پسلیوں کی دلالت ان رشتے داروں پر بھی ہوتی ہے جو مرتبے اور عمر کے لحاظ سے مختلف مگر الفت ومحبت ومساعدت کے لحاظ سے برابر ہوں  اور کبھی پسلیوں کی دلالت خفیہ کاموں پر بھی ہوتی ہے اور اس کی دلالت ان مشکلات اور نعمتوں پر بھی ہوتی ہے جو پسلی کے ذریعے برداشت کئے جاتے ہیں۔

(2) خواب میں پسلیوں کا کھال کے نیچے سے ظاہر ہونا اس پر عقوبت آنے کے اندیشے کی طرف مشیر ہے۔

(3) پسلیوں کا خواب میں طویل یا پر گوشت ہونا بیداری میں موٹی ہونے اور رزق ملنے اور بیماری سے شفا یاب ہونے کی دلیل ہے۔

(4) اسی طرح خواب میں خود کو بے پسلی دیکھنا بیداری میں ان لوگوں کے گم ہونے کی دلیل ہے جن پر پسلیاں دلالت کرتی ہیں مثلاً رشتے دار، مال، اولا دوغیرہ اور کبھی اس خواب کی تعبیر ایسا کام کرنا ہے جس کے صحیح ہونے کا اعتقاد رکھتا ہو حالانکہ وہ غلط ہو، کبھی اس کی دلالت تکبر یا بیماری کی وجہ سے ایک طرف ہونے پر بھی ہوتی ہے۔

(5) کسی نے خواب دیکھا کہ وہ اپنی پسلیوں کو کھا رہا ہے تو تعبیر ہے وہ اپنے اہل وعیال اور رشتہ داروں پر بوجھ بن جائے گا یا دلیل ہے وہ اپنے گھر یا اس چیز کی لکڑیوں اور میٹریل کو بیچ ڈالے گا  جو اس کے لئے گرمی وسردی سے بچاؤ کے ذرائع ہیں۔

امام عبد الغنی نابلسی

یاد رکھیں کہ یہ روایتی تعبیرات ہیں، حتمی پیشگوئی نہیں؛ اچھا خواب اللہ کی طرف سے بشارت ہے اور اصل علم اللہ کے پاس ہے۔