Khwab me Sutoon pillar Dekhna
خواب میں ستون دیکھنا دین کی دلیل ہے۔
(۱) اگر دیکھے کہ آسمان سے ستون اترا ہے تو اللہ تعالی کسی عادل، برد بار اور نرم خو بادشاہ کو سلطنت عطا فرما کر لوگوں پر احسان کریں گے۔
(۲) اگر دیکھے اسے ستون سے مارا گیا تو یہ ایسی بات ہے جوستون سے مارنے والا اس کے بارہ میں کہے گا۔
(۳) اگر یہ ستون سے زخمی ہوا تو اس آدمی کے ذریعے اسے نقصان پہنچے گا، بعض حضرات اس کی تعبیر یہ کرتے ہیں اگر مارا جانے والا غلام ہے تو اسے بیچ کر اس کی قیمت رکھ لی جائے گی اور اگر مارا جانے والا آزاد ہو تو خطرہ ہے کہ اسے گرفتار کر کے غلاموں کی طرح بیچ دیا جائے گا۔
(۴) اگر ستون کے ساتھ سہارا لے یا اسے خریدے یا اسے ہبہ کیا جائے تو وہ کسی بڑھیا کا سہارا لے گا یا کسی بڑھیا سے شادی کرے گا، اللہ تعالی فرماتے ہیں: (والقواعد من النساء)۔
(۵) ستون کی تعبیر وہ آدمی ہے جس پر اعتماد کیا جائے اور اس کا سہارا لیا جائے۔
(۶) اگر دیکھے کہ ستون اپنی جگہ سے ہٹ گیا تو اس کا عامل اس سے اختلاف کرے گا اور منافقت سے پیش آئے گا اور اس کی اطاعت کا حلقہ گردن سے اتار پھینکے گا، اگر صاحبِ خواب عامل ہے تو بادشاہ اس سے بدل جائے گا اور اس کے ساتھ اچھے انداز سے پیش نہیں آئے گا، اگر یہ خواب غلام دیکھے تو اس کا سردار اس سے بدسلوکی کرے گا یا اسے بیچ دے گا۔
(۷) ستون ایسے آدمیوں پر دلالت کرتے ہیں جن پر شر کے خاتمے اور اہم کاموں میں اعتماد کیا جا سکے، اگر خود کو بہت سے ستونوں کا مالک دیکھے یا خود کو بھی ستون دیکھے تو اگر بادشاہت کا اہل ہے تو اسے سلطنت حاصل ہو گی یا پھر سبھی لوگوں کے لئے قابلِ اعتماد ہو گا، اگر عالمِ دین ہو تو اربابِ علم اس کے گرد جمع ہوں گے، ستون کی تعبیر والد، بیٹا، شریک، سواری، بیوی یا اپنی ملکیت کی چیزیں ہوتی ہیں۔
ستون ( لکڑی مٹی یا چونے وغیرہ کا ) کی دلالت گھر کے ذمہ دار افراد اور نگر ان پر ہوتی ہے، یا اس کی تعبیر گھر والوں کے خدمت گزار سے یا ان کے بوجھ اٹھانے والے سے کی جاتی ہے۔