خواب میں قرآن کی آیات پڑھنے کی تعبیر

Khwab me Quran ki Ayat Parhne ki Tabeer

خواب میں مردے کو رحمت والی آیت پڑھتے ہوئے دیکھنا اس مردے پر رحمت کی دلیل ہے۔ اور عذات والی آیات پڑھتے ہوئے دیکھنا عذاب کی علامت ہے۔

اور آیات انذار (ڈرانے والی آیت) پڑھتے ہوئے دیکھنا خواب دیکھنے والے کو نا جائز کام سے ڈرانے کی دلیل ہے۔ اور آیت تبشیر (خوشخبری دینے والی آیت) پڑھتے ہوئے دیکھنا اس کے لیے خوشخبری کی طرف اشارہ ہے۔

خواب میں عذاب والی آیت پڑھتے ہوئے الفاظ عذاب کی ادائیگی کا دشوار ہونا خوشی ملنے کی دلیل ہے اور عذاب والی آیت پڑھتے ہوئے آیت رحمت تک پہنچ کر نہ پڑھ سکنا سابقہ مصیبت وبلا کے باقی رہنے کی دلیل ہے۔

خواب میں قرآن کریم کی تلاوت کرنا

khwab me quran kareem dekhna

(۱) خواب میں قرآن پاک تلاوت کرنا امر بالمعروف اور نہی عن المنکر، شرافت وسرور اور نصرتِ حق کی دلیل ہے۔

(۲) بعض معبرین نے کہا ہے کہ خواب میں قرآن کریم سمجھ کر کسی اور چیز کی تلاوت کرنا ایسے آدمی پر دلالت کرتا ہے جو حق کے بارے میں جھگڑتا ہے اور حق کا مدعی ہے اور امانت کو سپرد کرنے والا ہے، نیز خشوع وخضوع والا امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کرنے والا ہے۔

(۳) اگر کسی نے دیکھا کہ اس کو قرآن پاک میں سے کچھ حصہ یا حروف دیے گئے ہیں جو اس کے ہاتھ میں ہیں اور وہ اس کو دل میں یاد کر رہا ہے تو اگر ان آیتوں میں رحمت یا بشارت کا تذکرہ ہے تو اس کے ذریعے اللہ تعالیٰ صاحبِ خواب کو فائدہ پہنچائے گا، اگر یہ شخص ان پر عامل ہے اور اگر وہ آیات وعید اور عذاب کے بارے میں ہیں تو یہ صاحبِ خواب کو ارتکابِ گناہ کی سزا سے ڈرانا  ہے اور اگر وہ آیات پہلی امتوں کے قصے اور امثال ہیں تو یہ اس کے لئے نصیحت کی دلیل ہے۔

(۴) اگر کسی نے دیکھا کہ وہ قرآن پاک تلاوت کر رہا ہے اور ان کے معانی کو بھی جانتا ہے تو یہ اس کی عقلمندی کی دلیل ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کو مزید عقل ودانش عطا فرمائیں گے۔

(۵) اگر کسی نے خواب دیکھا کہ اس پر قرآن پڑھا جا رہا ہے یا اس کو خیر اور حکمت کی تلقین کی جا رہی ہے اور وہ ان کو قبول نہیں کر رہا ہے تو اس کو بادشاہ کی طرف سے یا اللہ تعالیٰ کی طرف سے سزا دی جائے گی، اگر ان پڑھ آدمی خواب میں اپنے آپ کو قرآن پڑھتا دیکھے تو یہ اس کی موت کی دلیل ہے۔

(۶) اگر کوئی شخص خواب میں ننگا ہو کر قرآن پاک پڑھ رہا ہے تو یہ اس کی خواہشات کے پورا کرنے کی دلیل ہے۔

(۷) اگر کسی نے دیکھا کہ وہ قرآن کو کھا رہا ہے تو قرآن کے ذریعہ مال کمانے کی دلیل ہے۔

(۸) اگر کسی نے دیکھا کہ انہوں نے قرآن پاک ختم کیا تو اس کو اللہ تعالیٰ کے ہاں زیادہ ثواب ملنے اور اس کی آرزو پوری ہونے کی دلیل ہے۔

(۹) اگر کوئی شخص خواب میں مٹی کے برتن وغیرہ پر قرآن پاک کی آیت لکھ رہا ہے تو یہ اپنی رائے سے قرآن پاک کی تفسیر کرنے پر دلالت کرتا ہے۔

(۱۰) اگر کسی نے دیکھا کہ وہ زمین پر قرآن پاک کی آیت لکھ رہا ہے تو یہ اس کے زندیق ہونے کی دلیل ہے۔

(۱۱) بعض معبرین نے کہا ہے کہ قرآن پاک کی خواب میں تلاوت کرنا ضروریات پوری ہونے اور حالت درست ہونے پر دلالت کرتا ہے۔

(۱۲) اگر کسی نے دیکھا کہ وہ چادر پر قرآن پاک کی آیت لکھ رہا ہے تو وہ اپنی طرف سے قرآن کی تفسیر بیان کرے گا۔

(۱۳) اگر کسی نے دیکھا کہ اس نے قرآن حفظ کیا تو یہ صاحبِ خواب کو بادشاہت ملنے کی دلیل ہے۔

(۱۴) اگر کسی نے دیکھا کہ لوگ ننگے ہو کر قرآن پڑھ رہے ہیں تو یہ ان کے خواہشات پسند ہونے کی طرف اشارہ ہے۔

(۱۵) اگر کسی نے خواب میں قرآن پاک سنا تو یہ اس کی سلطنت کے مضبوط ہونے اور حسنِ خاتمہ کی اور مکر کرنے والوں کے مکر سے پناہ ملنے کی دلیل ہے۔

(۱۶) اگر کسی نے دیکھا کہ وہ خواب میں قرآن پاک کی تلاوت کر رہا ہے جس مقام سے تلاوت کر رہا ہے اس کو پہچانتا ہو یا نہ پہچانتا ہو تو اگر وہ مریض ہے تو منجانب اللہ اس کو شفاء ملے گی جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: (شفاء لما فی الصدور)۔

(۱۷) اگر کسی نے دیکھا کہ وہ قرآن پاک کو زبان سے چاٹ رہا ہے تو یہ گناہِ عظیم کے مرتکب ہونے کی دلیل ہے۔

(۱۸) قرآن پاک کی تلاوت کرنا اعمالِ صالحہ اور بلند درجات کی دلیل ہے۔

خواب میں قرآن پاک وغیرہ پڑھنا

khwab me quran kareem parhna

(۱) کسی نے خواب میں دیکھا کہ قرآن پاک پڑھ رہا ہے تو رفعت اور عزت حاصل کرے گا، اگر گناہگارہے تو اللہ تعالیٰ اس کے گناہ معاف فرمائیں گے اور اس کی توبہ قبول ہو گی، اگر فقیر ہے تو مالدار ہو گا اور مقروض ہے تو اس کے قرضہ کی ادائیگی کی کوئی صورت بنے گی، اگر وہ گواہ ہے تو حق کی گواہی دے گا یا امانت کو ادا کرے گا۔

(۲) اگر قرآن پاک اچھی آواز میں پڑھ رہا ہے تو عزت ورفعت اور اچھی شہرت حاصل کرے گا۔

(۳) اگر قرآن پاک کو تحریف کرتے ہوئے پڑھ رہا ہو تو حق سے پھر جانے اور وعدہ خلافی کرنے کی دلیل ہے۔

(۴) اگر صاحبِ خواب یہ نہ سمجھے کہ کیا پڑھ رہا ہے تو جھوٹی گواہی دینے کی دلیل ہے اور ایسے معاملہ میں گھسنے کی علامت ہے جس کا اس کو علم نہ ہو۔

(۵) اگر لوگ اس کی قراءت سن لیں تو ایسا معاملہ اس  کے سپرد ہو گا جس میں اس کی قرآت سننے کے بقدر اس کا حکم مانا جائے گا۔

(۶) خواب میں ایسی سورتیں پڑھنا جو اکثر مردوں پر پڑھی جاتی ہیں مریض کی موت کی دلیل ہے۔

(۷) کسی مکان میں جمع ہو کر قوم کا قرآن پاک کی تلاوت کرنا اس جگہ معزز لوگوں کے اکٹھے ہونے کی دلیل ہے۔

(۸) اگر کسی نے دیکھا کہ وہ خواب میں اپنا نامہ اعمال پڑھ رہا ہے حالانکہ وہ بیداری میں اچھی طرح نہیں پڑھ سکتا تو دلیل ہے کہ اسے فقیری سے نجات ملے گی اور مالدار ہو گا اور جس چیز سے ڈرتا ہے اس سے اس کو امن ملے گا، یہ اس وقت ہے جبکہ صاحبِ خواب صحیح طریقہ سے پڑھ رہا ہو، ور نہ غم وتنگ دستی اور مقروض ہونے کی دلیل ہے۔

(۹) اگر کسی نے دیکھا کہ اس نے نامہ اعمال کا سرورق کو پڑھا یا کوئی دنیاوی کتاب پڑھی تو اس کو وراثت ملے گی اور اگر اس صحیفہ کے ظاہر کو پڑھے تو مقروض ہونے کی دلیل ہے۔

(۱۰) اگر کسی نے دیکھا کہ خواب میں کوئی کتاب پڑھ رہا ہے تو میراث ملنے کی دلیل ہے اور اگر وہ پڑھنے میں ماہر ہے تو اس کو ولایت ملے گی۔

(۱۱) اگر کسی نے دیکھا کہ وہ اپنی کتاب کو پڑھ رہا ہے تو اس کے اپنے گناہوں سے توبہ کرنے اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے کی دلیل ہے۔

(۱۲) اگر کسی نے دیکھا کہ وہ غیر عربی کتاب بڑے فصیح انداز میں پڑھ رہا ہے تو وہ ملکِ عجم کی طرف سے سفر کرے گا اور کسی جگہ جا کر ایسا کام کرے گا جس سے وہ مشہور ہو گا، اگر اس عجمی کتاب کو وہ اچھی طرح سے نہیں پڑھ رہا تو دلیل ہے کہ وہ ملکِ عجم سے نجات حاصل کرے گا یا مریض ہو گا یا اگر وہ مریض ہے تو وہ صحت یاب ہو گا۔

خواب میں قاری یا قرآن پڑھنے والا دیکھنا

khwab me qari dekhna

(۱) جو شخص کسی کی نصیحت قبول نہیں کرتا اس کا خواب میں مقبرہ میں کسی کو قرآن پڑھتا دیکھنا نصیحت، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کرنے پر دلالت کرتا ہے، اہم مجالس میں پڑھنے والے کو دیکھنا اس کے لئے عزت ورفعت اور اچھی شہرت کی دلیل ہے اور جنازوں پر پڑھنے والے کی دلالت احسان جتلانے والے ریا کار شخص پر ہوتی ہے اور کتاب دیکھ کر پڑھنے والے کی دلالت امراض اور وساوس میں مبتلا شخص پر ہوتی ہے۔


error: Content is protected !!
Scroll to Top