خواب میں مٹی دیکھنے کی تعبیر

Khwab me mitti dekhne ki tabeer

حضرت امام محمد بن سیرین رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق

خواب میں مٹی دیکھنا

حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں خاک تھوڑی ہو یا بہت، درہم ہے۔ اگر دیکھے کہ گھر میں خاک ہے تو دلیل ہے کہ اسی قدر درہم پائے گا اور اگر دیکھے کہ اس کو بغیر رنج کے ملے گا اور اگر دیکھے کہ خاک پر چلتا ہے یا کھاتا ہے یا جمع کرتا ہے یا اٹھاتا ہے تو یہ سب مال کی دلیل ہے۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر دیکھے کہ خاک گھر سے نکالتا ہے اور باہر گراتا ہے تو دلیل ہے کہ اپنا مال ضائع کرے گا اور اگر دیکھے کہ خاک کو ہاتھ سے بکھیرتا ہے تو دلیل ہے کہ اسی قدر اس کا مال تمی دست ہو جائے گا۔ حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ خاک خواب میں دیکھنا پانچ وجہ پر ہے: اول مال، دوم منفعت، سوم شغل، چہارم بادشاہ کی طرف سے فائدہ، پنجم رئیس کی طرف سے منفعت۔

خواب میں مٹی کا آب خورہ دیکھنا

سکورہ۔ کچا آبجوزہ مٹی کا۔ حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے اگر خواب میں دیکھے کہ اس کو کسی نے نیا سکورہ دیا ہے۔ دلیل ہے کہ پاکیزہ بات سنے گا۔ اور اگر دیکھے کہ سکورہ ٹوٹا ہے یا ضائع ہوا ہے۔ دلیل ہے کہ جھوٹی بات سنے گا۔ اور بعض اہل تعبیر نے بیان کیا ہے کہ خواب میں سکورہ کنیز ہے اور اگر دیکھے کہ اس نے نیا آب خورہ خریدا ہے۔ دلیل ہے کہ نئی کنیز خریدے گا۔ اور اگر دیکھے کہ سکورہ ٹوٹ گیا ہے۔ دلیل ہے کہ اس کی کنیز ہلاک ہوگی۔ حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں آبجوزہ نو وجہ پر ہے۔ (1) عورت (2) خادم (3) کنیز (4) دین کی پائیداری (5) جسم کی درستی (6) درازی عمر (7) مال پاکیزہ بات (8) عورتوں کی طرف سے وراثت پانا۔

خواب میں مٹی کھانا

گل خوردن۔ مٹی کھانا۔ حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے اگر خواب میں دیکھے کہ مٹی کھائی ہے دلیل ہے کہ مردوں کو برا کہتا ہے۔ اور اگر دیکھے کہ کیچڑ کو کھانا کھاتا ہے دلیل ہے کہ اپنا مال عیال پر خرچ کرے گا اور اگر دیکھے کہ آنحضرت صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ و سلم کی قبر مبارک سے خاک کھاتا ہے دلیل ہے کہ حج کرے گا اور اگر دیکھے کہ گھر کی لپائی مٹی سے کی ہے دلیل ہے کہ غمگین ہے۔ حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں سفید مٹی کا دیکھنا مال حلال اور سبز مٹی کا دیکھنا تماشا اور زرد مٹی کا دیکھنا بیماری اور سرخ مٹی کا دیکھنا کھیل اور سیاہ مٹی کا دیکھنا غم و اندوہ اور اندیشہ اور سیاہ پانی میں مٹی غم پر دلیل ہے۔ اور اگر خواب میں دیکھے کہ کیچڑ میں غرق ہو گیا ہے۔ دلیل ہے کہ بڑی محنت میں پڑے گا اور خلاصی نہ پائے گا اور اگر دیکھے کہ کیچڑ سے باہر نکلا ہے اور اپنا جسم اور کپڑے خوب صاف کئے ہیں۔ دلیل ہے کہ صاحب خواب غم و اندوہ سے رہائی پائے گا۔ حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ گرم علاقے میں پھول کا سرد علاقے کی نسبت سردی زیادہ سخت ہے۔ (نوٹ: یہ قول گل کی نسبت ہے۔ گل یعنی مٹی کے متعلق نہیں۔)

خواب میں مٹی کا تیل دیکھنا

نفط۔ مٹی کا تیل۔ حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں مٹی کا تیل نابکار عورت ہے، اگر خواب میں دیکھے کہ اپنے آپ کو مٹی کا تیل لگایا ہے دلیل ہے کہ وہ کسی نابکار عورت سے ملاقات کرے گا۔ اور بعض اہل تعبیرنے بیان کیا ہے کہ صاحب خواب حرام چیز کھائے گا اور اگر دیکھے کہ اس کے پاس بہت سا مٹی کا تیل ہے دلیل ہے کہ مال حرام جمع کرے گا۔ حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں مٹی کا تیل دیکھنا تین وجہ پر ہے (1) نابکار عورت (2) چھچل خور مرد (3) مال حرام۔

امام ابن سیرین


حضرت امام عبد الغنی نابلسی رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق

(1) مٹی کی تعبیر لوگ ہیں اس لئے کہ تمام لوگوں کی پیدائش مٹی سے ہے اور کبھی اس کی دلالت چوپایوں پر ہوتی ہے اور کبھی دنیا اور اہلِ دنیا کی علامت ہوتی ہے اس لئے کہ مٹی اجزاءِ زمین سے ہے اور زمین کے ساتھ ان سب کے معاش کا تعلق ہے۔ اہلِ عرب مالدار کو کہتے ہیں اترب الرجل۔

(2) اور کبھی مٹی کی تعبیر فقر، میت اور قبر ہوتی ہے۔

(3) کسی نے خواب دیکھا کہ وہ زمین کھود رہا ہے یا اس سے مٹی نکال رہا ہے اور صاحبِ خواب مریض بھی ہے یا اس کے ہاں کوئی اور بیمار ہے تو یہ اس کی قبر کی طرف اشارہ ہے۔

(4) اگر مسافر شخص مذکورہ خواب دیکھے تو کھودنا اس کے سفر اور مٹی اس سفر میں مالی منفعت کی علامت ہے اس لئے کہ زمین پر کدال مارنا سفر کی دلیل ہے۔

(5) اگر صاحبِ خواب طالبِ نکاح ہو تو زمین کی تعبیر عورت ہے اور کھودنا اس کی بکارت ہے اور مٹی دال ہے عورت کے مال پر۔

(6) صاحبِ خواب اگر شکاری ہے تو کھودنے کی تعبیر شکار کے لئے چھپنے سے اور مٹی کی تعبیر شکار سے کی جاتی ہے۔

(7) خواب میں مٹی سے ہاتھ جھاڑنا یا کپڑا پھاڑنا غنی کے لئے ذہابِ مال اور ذلت وضرورت مند ہونے کی دلیل ہے۔

(8) اگر یہی خواب کوئی مقروض شخص یا وہ شخص جس کے پاس کسی کی امانت رکھی ہوئی ہے دیکھے تو وہ اس قرض یا امانت کو واپس کرے گا۔ اور اس کے ہاتھ سے تمام مال ختم ہو جائے گااور اس کے بعد محتاجی اس کو دامن گیر ہو جائے گی۔

(9) اگر کوئی مریض مذکورہ خواب دیکھے تو تعبیر ہے کہ مکاسبِ دنیا سے ہاتھ دھو بیٹھے گا اور اپنے مال سے خالی ہوگا کہ مٹی میں مل جائے گا۔

(1) خواب میں مٹی پر ہاتھ مارنا مضاربت ومکاسب کی دلیل ہے اور لاٹھی سے مٹی پر مارنا سفر بخیر کی علامت ہے۔

(11) بعض علماءِ تعبیر نے کہا ہے کہ مٹی پر چلنا تلاشِ مال کی دلیل ہے۔

(12) اگر خواب میں مٹی جمع کی یا اس کو کھایا تو تعبیر ہے کہ صاحبِ خواب مال جمع کرے گااور اپنے ہاتھوں خرچ کرے گااگر زمین کسی اور کی ہے تو ہا تھ کا مال کسی اور کا ہے۔

(13) کسی نے خواب دیکھا کہ وہ کچھ مٹی اٹھا رہا ہے تو دلیل ہے کہ بقدرِ مٹی منفعت حاصل کرے گا۔

(14) کسی نے دیکھا کہ وہ اپنے گھر میں جھاڑو دے رہا ہے اور اس سے مٹی جمع کر رہا ہے تو دلیل ہے کہ صاحبِ خواب سازش کرے گااور اپنی بیوی سے مال حاصل کرے گا۔

(15) کسی نے خواب میں اپنے مکان سے مٹی جمع کی تو تعبیر ہے کہ صاحبِ خواب مال جمع کرے گا۔

(16) کسی نے خواب دیکھا کہ اس نے اپنی دکان کی چھت پر جھاڑو دے کرمٹی باہر نکالی تو یہ اس کی بیوی کے مال ختم ہونے کی دلیل ہے۔

(17) آسمان سے مٹی کی بارش ہونا خیر کی علامت ہے اگر زیادہ نہ ہو۔

(18) کسی نے خواب دیکھا کہ اس کا گھر منہدم ہوا اور اس کی مٹی یا غبار وغیرہ سے کچھ اس کو لگا تو دلیل ہے صاحبِ خواب کو میراث کا مال ملے گا۔

(19) اگر صاحبِ خواب نے مٹی کو اپنے سر پر رکھ لیا تو خطرہ ہے ذلت کے ساتھ مال ملے گا۔

(2) کسی نے دیکھا کہ کوئی آدمی اس کے سر یا آنکھوں پر مٹی ڈال رہا ہے تو دلیل ہے کسی معاملہ کو مشتبہ کرنے کے لئے کہ صاحبِ خواب پر وہ شخص مال خرچ کرے گا۔

(21) خواب میں مٹی کی کثیر بارش دیکھنا دلیلِ عذاب ہے۔

(22) کسی نے خواب میں دیکھا کہ اپنی دکان میں سے مٹی اور کچھ چیزیں کپڑے وغیرہ باہر نکالے تو دلیل ہے کہ وہ ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہو گا۔

(23) خواب میں اپنے آپ کو مٹی پر چلتا ہوا دیکھنا تلاشِ مال کی دلیل ہے۔

کسی نے دیکھا کہ وہ خود اپنے سر پر مٹی ڈال رہا ہے تو دلیل ہے صاحبِ خواب کو کوئی ایسا غم لاحق ہو گا جس میں وہ اللہ تعالی کی طرف رجوع نہیں کرے گاکبھی مٹی کی تعبیر انسان کی عمر، اس کی زندگی، رزق، زراعت، شکم سیری اور بھوک سے بھی کی جاتی ہے،کسی نے خواب دیکھا کہ وہ پاک وصاف وطیب مٹی پر بیٹھا ہوا ہے تو سعادت ونصرت کی دلیل ہے، کبھی مٹی کی تعبیر صاحبِ خواب کے دین میں شک کی دلیل ہے اور مٹی دیکھنا اس مٹی کی طرف اشارہ ہے جس سے اس کی پیدائش ہے یا جس کی طرف اس کو لوٹنا ہے کبھی مٹی کی تعبیر پانی، آگ، ہوا وغیرہ سے بھی ہوتی ہے اس لئے کہ مٹی عناصرِ اربعہ میں سے ایک ہے۔

خواب میں مٹی کا پیالہ دیکھنے کی تعبیر

(1) خواب میں یہ بیوی یا گھر کے خرچ پر دلالت کرتا ہے چنانچہ اگر خواب اچھا ہو یا اس کی قیمت زیادہ ہو تو جس پر وہ دلالت کرے اس کے شرف کی علامت ہے۔

(2) مٹی کے پیالے بیچنے والے کا خواب میں دیکھنا نرمی، امن اور سفر سے رکنے پر دلالت کرتا ہے۔

(3) بخلاف تانبے کے پیالے بیچنے والے کے کہ یہ تحریکوں اور سفروں کے لیے خاص ہے۔

امام عبد الغنی نابلسی

یاد رکھیں کہ یہ روایتی تعبیرات ہیں، حتمی پیشگوئی نہیں؛ اچھا خواب اللہ کی طرف سے بشارت ہے اور اصل علم اللہ کے پاس ہے۔