خواب میں مسجد دیکھنا
(1) مسجد کی تعبیر عالم آدمی ہے۔
(2) جو دیکھے کہ وہ مسجد تعمیر کرتا ہے تو یہ خیر وسنت، صلہ رحمی وعہدہ قضاء کے حصول کی دلیل ہے بشر طیکہ اس عہدہ کا مستحق ہو۔
(3) جو خواب میں آباد اور مضبوط مسجد دیکھے تو وہ ایسا شخص ہے جس کے پاس لوگ جمع ہوتے ہیں اور وہ لوگوں کو خیر وبھلائی کے کاموں میں جوڑتا ہے اور اس مقام پر رئیس، عالم اور دیندار عابد کی وفات ہونے کی بھی دلیل ہے۔
(4) اگر دیکھے کہ مسجد میں ایک نامعلوم شخص نے نماز پڑھی ہے اگر مسجد کا امام مریض ہے تو وفات پائے گا۔
(5) اگر دیکھے کہ اس کا گھر مسجد کی شکل کا ہو گیا ہے تو دلیل ہے نیکی عبادت وغیرہ کی توفیق ہو گی۔
(6) اگر دیکھے کہ مسجد کی صورت حمام کی سی ہوگئی ہے تو دلیل ہے کوئی آدمی پوشیدہ طور پر گناہ کرتا ہے، مسجد بازار اور تجارت کی بھی دلیل ہے۔
(7) جو شخص خواب میں مسجد بنائے محض رضائے خدا وندی کے لئے تو تعبیر ہے وہ حق کو قائم کرے گا اور نیکی کا حکم اور برائی سے منع کرے گا، اگر بنانے والا عالم ہو تو وہ کتب تصنیف کرے گا اور لوگ اس کے علم سے فائدہ اٹھائیں گے، اگر وہ مالدار ہے تو مال کی زکوۃ ادا کرے گا، اگر وہ غیر شادی شدہ ہو تو اس کی شادی ہو گی، شادی شدہ ہو تو اولاد نصیب ہو گی اور وہ نیک نامی میں شہرت پائے گا، فقیر ہو تو مالدار ہو گا، بصورتِ دیگر وہ لوگوں کو خیر پر جمع کرے گا اور اطاعتِ خداوندی میں لوگوں سے تعاون کرے گا۔
(8) اگر مسجد ایسی تعمیر کی جس طرح تعمیر جائز نہیں ہے یا اس کا محراب قبلہ کی جانب نہ ہو تو یہ شر کی دلیل ہے۔
(9) جو دیکھے کہ وہ مسجد تعمیر کرتا ہے تو وہ دین کا فہم حاصل کرے گا یا حجِ بیت اللہ کی سعادت نصیب ہو گی یا ایسی چیز تعمیر کرے گا جو ہمیشہ رہتی ہے، جیسے حمام، دکان، ہوٹل وغیرہ۔
(10) جو دیکھے کہ وہ مسجد کی چھت ڈالتا ہے تو وہ یتیموں کی پرورش کرے گا۔
(11) اگر مسجد میں توسیع کی ہے تو یہ عملِ صالح یا اخلاقِ حسنہ میں زیادتی کی دلیل ہے۔
(12) اگر دکان کی صورت اختیا ر کر گئی ہو تو یہ کسبِ حلال یا حلال حرام کا اختلاط یا آزاد اور غلام عورتوں کو (ملکیت میں) جمع کرنا ہے، متروکہ مساجد علماء کے غافل ہونے، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کو ترک کر دینے اور ان زاہدان کی دلیل ہے جو دنیا سے قطع تعلق کر چکے ہیں۔
(13) جو دیکھے کہ وہ مسجد کے دروازہ سے داخل ہو کر سجدہ ریز ہو گیا ہے تو اسے توبہ نصیب ہو گی، اللہ تعالی نے فرمایا: (وادخلوا الباب سجدا نغفر لکم خطایاکم) (البقرہ)
(14) یعنی اور دروازے میں داخل ہو نا سجدہ کرتے ہوئے اور کہتے جانا کہ تو یہ ہے ہم معاف کر دیں گے تمہاری خطائیں۔
(15) خواب دیکھا گویا وہ مسجد پہنچا ہے اور مسجد کو بند پایا ہے پھر اس کو کھولا ہے تو تعبیر ہے وہ کسی مقروض کی قرض سے خلاصی کے سلسلہ میں مدد کرے گا اور لوگوں کی نظر میں قابلِ تعریف ہو گا۔
(16) اور جو دیکھے کہ وہ مسجد میں سواری کی حالت میں داخل ہوا ہے تو وہ عزیزوں سے قطع تعلق کرے گا اور ان کا حق ان کو نہیں دے گا۔
(17) جو دیکھے کہ وہ مسجد میں مرتا ہے تو وہ مقبول تو بہ کے ساتھ مرے گا۔
(18) مسجد کی تعمیر دشمنوں پر غلبہ کی بھی دلیل ہے اس لئے کہ فرمانِ الہی ہے: (قال الذین غلبوا علی امرہم لنتخذن علیہم مسجدا) (الکہف) یعنی جو لوگ ان کے معاملات پر غالب تھے انہوں نے کہا کہ ہم تو ان کے پاس ایک مسجد بنا دیں گے۔
(19) اور حرم شریف کی مسجد میں داخل ہونا خوف سے امن اور وعدہ کے مطابق عمل کرنے کی نوید ہے۔