خواب میں پَر دیکھنے کی تعبیر

Khwab me par wings dekhne ki tabeer

حضرت امام محمد بن سیرین رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق

خواب میں پَر دیکھنا

حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ پروں کے ساتھ اڑتا ہے یعنی پرندے جیسے، جس قدر اس کے پروں کا اندازہ ہے، دلیل ہے کہ اس کو بزرگی اور سرداری ملے گی۔ اور بعض اہلِ تعبیر نے فرمایا ہے کہ خواب میں پر دیکھنا قوت اور پناہ ہے۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ پروں کے ساتھ اڑتا ہے تو دلیل ہے کہ سفر کو جائے گا اور اس کام کا جو نیک ہو، اور اگر دیکھے کہ اس کے پاس پرندے کے پر ہیں تو دلیل ہے کہ اس قدر اس کو خیرو منفعت حاصل ہوگی اور اگر دیکھے کہ اس کے پر گر گئے ہیں تو دلیل ہے کہ جس مرتبے اور بزرگی پر ہے، اس سے گرے گا اور اس کے مال کا نقصان ہوگا۔

امام ابن سیرین


حضرت امام عبد الغنی نابلسی رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق

خواب میں پر دیکھنے کی تعبیر بیٹا ہے۔

(1) کسی نے خواب دیکھا اس کے دو پر لگے ہوئے ہیں تو دلیل ہے اس کے ہاں دو بیٹے پیدا ہوں گے۔

(2) پر کی تعبیر کبھی مال سے بھی کی جاتی ہے اور کبھی اس کی دلالت پینے کی چیزوں پر ہوتی ہے۔

(3) کبھی پر کی تاویل کھیتی کے نباتات ہوتے ہیں۔

(4) خواب میں دیکھا اس کو دو پر لگے ہیں اور وہ اُڑ رہا ہے تو یہ دلیلِ قوت ہے۔

(5) اگر دیکھا پر لگے ہیں مگر اُڑ نہیں رہا ہے تو یہ خیر پہنچنے کی دلیل ہے۔

(6) دونوں پروں کی دلالت اولاد پر ہوتی ہے چنانچہ خواب میں پر کا ٹوٹ جانا بیٹے کے بیمار ہونے کی علامت ہے اور پر کا اکھڑ جانا بیٹے کے مرجانے کی طرف اشارہ ہوتا ہے۔

(7) کبھی پروں کی دلالت مال پر اور کبھی سفر پر بھی ہوتی ہے۔

(8) پر لگنا زخم لگنے پر بھی دلالت کرتا ہے۔

(9) کبھی پروں کے بھاری ہونے کی وجہ سے نہ اُڑ سکنا گناہ وعقوبت میں مبتلا ہونے پر دلالت کرتا ہے۔

امام عبد الغنی نابلسی

یاد رکھیں کہ یہ روایتی تعبیرات ہیں، حتمی پیشگوئی نہیں؛ اچھا خواب اللہ کی طرف سے بشارت ہے اور اصل علم اللہ کے پاس ہے۔