خواب میں بچے کی پیدائش دیکھنے کی تعبیر
khwab me bache ki paidaish childbirth dekhne ki tabeer
(1) کسی بادشاہ نے خواب دیکھا کہ اس کی بیوی نے بچہ جنا ہے حالانکہ وہ حاملہ نہیں تھی تو یہ اس کو خزانہ ملنے کی بشارت ہے۔
(2) کسی حاملہ عورت نے خواب دیکھا کہ اس نے بچہ جنا ہے تو تعبیر ہے اس کے ہاں بیٹی پیدا ہو گی۔
(3) اگر اس کے ہاں خواب میں بیٹی پیدا ہوئی تو بیداری میں بیٹا پیدا ہو گا۔
(4) خواب میں بیٹی پیدا ہونا کشادگی پر دلالت کرتا ہے اور بیٹا غم پر۔
(5) کسی بیمار شخص نے خواب دیکھا کہ اس کی والدہ نے بچہ جنا تو یہ اس مریض کے مرنے کی طرف اشارہ ہے اس لئے کہ میت کی طرح بچے کو کپڑے میں لپیٹا جاتا ہے۔
(6) اگر کوئی پیشہ ور شخص یہی خواب دیکھے تو یہ اس کے پیشہ وصنعت کے سلسلے میں رکاوٹیں حائل ہونے کی طرف اشارہ دیتا ہے۔
(7) فقیر کے لئے یہ خواب کسی کی طرف سے غذا ملنے اور کسی کے بل بوتے پر قائم ہونے کی علامت ہوتا ہے۔
(8) مالدار شخص کا مذکورہ خواب دیکھنا دلیل ہے اس کی مالداری کے ختم ہونے اور کسی دوسرے کا زبردستی اس پر مسلط ہونے کی اس لئے کہ بچہ دوسروں کا دست نگر ہوتا ہے۔
(9) کسی کی بیوی حاملہ ہو اور وہ مذکورہ خواب دیکھ لے تو بیٹا پیدا ہونے کی علامت ہے اور اگر اس کی بیوی حاملہ نہ ہو اور مذکورہ خواب دیکھے تو تعبیر ہے کہ اس کی ولادت منقطع ہو گی، آئندہ بچہ نہیں جن سکے گی۔
(10) اگر خواب مذکور کوئی غلام شخص دیکھے تو دلیل ہے کہ اس کا آقا اس کے ساتھ محبت کا معاملہ کرے گا اور اس کی غلطیوں سے درگذر کرے گا ، مگر اس کو آزاد نہیں کرے گا۔
(11) مسافر کے لئے یہ خواب اپنے مقام سے نہ نکل سکنے کی علامت ہے۔
(12) اگر کسی کا کیس عدالت میں چل رہا ہے اور وہ مذکورہ خواب دیکھے تو دلیل ہے وہ عدالت میں اپنے کیس کو دلیل سے مضبوط نہیں کر سکے گا۔
(13) کسی عورت نے خواب دیکھا کہ اس نے منہ کے راستہ سے بچہ جنا ہے تو تعبیر ہے کہ وہ مر جائے گی اور اس کی روح براستہ منہ نکل جائے گی۔
(14) قیدی کے لئے اس کی ماں کا بیٹی جننا آزادی کی بشارت ہے۔
(15) کسی مرد کا خود کو خواب میں بچہ جنتا ہوا دیکھنا بیداری میں مریض ہونے، غم سے نجات پانے، دشمن پر کامیابی حاصل کرنے اور کمینی بیوی سے چھٹکارہ پانے کی دلیل ہے۔
(16) مرد کا خود کو بچی جنتا دیکھنا تمام مشکلات سے نکلنے اور اس کے نسل سے پورے خاندان پر سرداری کرنے والا بچہ ہونے اور عظیم خبر آنے پر دلالت کرتا ہے۔
(17) اگر کسی نے خواب دیکھا کہ اس نے حیوان کو جنم دیا ہے اور وہ بلی ہے تو اس کے ہاں چور بیٹا پیدا ہو گا۔
(18) کبھی ولادت شدائد وامراض سے نکلنے، کبھی پڑوسیوں اور رشتے داروں سے جدائی، کبھی راحت، کشادگی اور قرضوں کی ادائیگی اور تو بہ کرنے پر دلالت کرتی ہے۔
(19) کبھی عورت کا خود کو لڑکا جنتی ہوئی دیکھنا آخر کار خوشی، بشارت اور بوجھ سے چھٹکارہ پانے پر دلالت کرتا ہے۔
(20) اور بچی جننا عزت، خوشحالی، تنگی کے بعد آسانی اور خوشی کے ساتھ ساتھ بابرکت وسیع رزق ملنے کی بشارت ہے۔
(21) فقیر کے لئے خواب میں بچہ جننا اس کے غنی ہونے، غنی کے لئے غم میں مبتلا ہونے اور غیر شادی شدہ کے لئے شادی کرنے اور پھر اس عورت سے بچہ پیدا ہونے کی دلیل ہے۔
(22) تمام لوگوں کا اس خواب کو دیکھنا ان سب کے مریض ہونے کی علامت ہے۔
(23) اگر مریض خود کو خواب میں بچہ جنتا دیکھے تو دلیل ہے وہ مرجائے گا۔
(24) فقیر، محتاجوں، غلاموں اور غمزدوں کے لئے یہ خواب ان شدائد سے نجات پانے اور خوشحالی پر دلالت کرتا ہے اور تاجروں کے لئے یہ خواب ان مالوں کے ہاتھ سے نکلنے پر دلالت کرتا ہے اور کبھی صاحبِ خواب کے قریبی رشتہ داروں میں سے کسی کے مرنے کی طرف بھی اشارہ ہوتا ہے۔
(25) خواب میں خود کو حمل کی حالت میں دیکھنا عاجزی کرنے اور مغموم ہونے اور اس حمل کو جننا ان مصائب سے نجات پانے پر دلالت کرتا ہے۔
(26) خواب دیکھا کہ اس کے ہاں بیٹی تولد ہوئی تو قرض کے مرتکب ہونے کی علامت ہے۔
(27) اور خواب میں بیٹی کا مر جانا اور اس کے لئے قبر کھودنا قرض کو ادا کرنے پر دلالت کرتا ہے۔
امام عبد الغنی نابلسی کی کتاب تعطیر الانام فی تعبیر المنام سے ماخوذ۔
یاد رکھیں کہ یہ روایتی تعبیرات ہیں، حتمی پیشگوئی نہیں؛ اچھا خواب اللہ کی طرف سے بشارت ہے اور اصل علم اللہ کے پاس ہے۔
