خواب میں کفر کرنا

(١) خواب میں کفر کرنا مالداری ہے اور کفر کی تعبیر مرض بھی ہے جس سے وہ نجات نہیں پائے گا اور کفر کی تعبیر ظلم بھی ہے۔

(۲) اگر کسی نے خواب دیکھا کہ اس کا دین فاسد ہو گیا تو وہ بے وقوف ہے، جیسے اگر کوئی خواب میں جاہل یا بے وقوف ہے تو بیداری میں اس کا دین خراب ہو گا۔

(۳) اگر کسی نے دیکھا کہ وہ گمراہ ہو گیا تو اس سے بڑی غلطی سرزد ہو گی، جیسا کہ اگر کسی نے خواب میں غلطی کی تو بیداری میں وہ گمراہ ہو گا۔

(۴) اگر کسی نے خواب دیکھا کہ اس کے سرداروں کے دین میں خرابی آ گئی تو دلیل ہے کہ اس کے پاس جا کر جھوٹی گواہی دے گا، بعض معبرین نے کہا ہے کہ خواب میں کفر کرنا بیداری میں حق کا انکار کرنا ہے، جیسا اللہ تعالی کا فرمان ہے: (قتل الانسان ما اکفرہ)۔

(۵) کفر منعم کی نعمتوں کا انکار کرنا یا اس کی صحبت کو ترک کرنا ہے، بعض اوقات خواب میں کفر مریض کے صحت یاب ہونے پر دلالت کرتا ہے، اس کی موت کے قریب ہونے کی بھی دلیل ہے اور کبھی کفر دین میں فتنہ کی دلیل ہوتا ہے یا پھر کسی انسان کو قتل کرنے کی علامت ہے۔

خواب میں کافر کو دیکھنا

(١) خواب میں کا فر کو دیکھنا دشمن کو دیکھنا ہے۔

(۲) خواب میں بوڑھا کافر دیکھنا پرانی دشمنی رکھنے اور بغض رکھنے والا دشمن ہے۔

(۳) اگر کسی نے خواب میں کافر یا کافرہ لونڈی دیکھی تو وہ شرور میں مبتلا ہو گا۔

(۴) اگر کسی نے دیکھا کہ وہ کافر ہوا ہے اور ان کے سامنے شہد رکھا ہوا ہے اور وہ اس سے نہیں کھارہا ہے تو اشارہ ہے وہ ا اللہ کی نعمتوں کی ناشکری کرتا ہے۔

(۵) اگر کوئی شخص خواب میں کافر ہو گیا تو اس کے عقائد اس جنس کے کافر کے اعتقاد کے موافق ہوں گے۔

(۶) خواب میں بہت سے کافر دیکھنا اہل وعیال کی کثرت پر دلالت کرتا ہے۔

(۷) اگر کسی نے خواب میں اپنے آپ کو کافر دیکھا اور توبہ بھی نہیں کی تو اشارہ ہے کہ قتل کیا جائے گا اور اگر صاحبِ خواب کسان ہو تو وہ زمین میں بیج ڈالے گا اور اس کو چھپائے گا اسی لئے کسان کو بھی عربی میں ”کافر“ کہا جاتا ہے۔