خواب میں ریچھ کو دیکھنے کی تعبیر

Khwab me reech bear dekhne ki tabeer

حضرت امام محمد بن سیرین رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق

خواب میں ریچھ دیکھنا

حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ ریچھ خواب میں کمینہ احمق دشمن ہے۔ اگر دیکھے کہ ریچھ پر بیٹھا ہے تو دلیل ہے کہ بادشاہ سے ذلت اٹھائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ ریچھ کو مار ڈالا ہے تو دلیل ہے کہ دشمن پر فتح پائے گا اور اگر دیکھے کہ ریچھ کا گوشت کھایا ہے اور چمڑا اپنے پاس رکھا ہے تو دلیل ہے کہ اس کو خوف پہنچے گا۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ نر ریچھ خواب میں بدبخت اور دیوانہ آدمی ہے اور مادہ ریچھ کی شکل اور خصلت عورت کی سی ہے اور اگر دیکھے کہ مادہ ریچھ پکڑی ہے تو دلیل ہے کہ اسی صفت کی عورت کرے گا اور اگر ریچھ اس کے گھر میں آیا ہے تو اس صفت کا آدمی اس کے گھر میں آئے گا اور ہر حال میں ریچھ کا دیکھنا برا ہے۔

امام ابن سیرین


حضرت امام عبد الغنی نابلسی رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق

(1) اس کی رؤیت فتنہ پرداز شخص پر دلالت کرتی ہے اور کبھی اس کی دلالت دھوکہ فریب اور سازش پر ہوتی ہے یا پھر اس کی دلالت بھاری جسم والی يا كریہ المنظر عورت، لہو ولعب اور کشادہ طبیعت والی عورت پر ہوگی اور کبھی اس کو دیکھنا قید ہونے پر دلالت کرتا ہے اور اس کی تعبیر احمق قسم کے دشمن اور مخنث اور مخالف قسم کے چور جو مختلف حیلوں کے ساتھ نقصان پہنچانے سے کی بھی جاتی ہے۔

(2) اگر ولایت کا اہل شخص خواب میں ریچھ پر سواری کرے تو اس کو گھٹیا ولایت ملے گی۔

(3) اگر اس کا اہل نہیں تو غم اور حزن میں مبتلا ہونے کے بعد اس سے نجات پانے کی دلیل ہے۔

(4) ریچھ مندرجہ ذیل پر بھی دلالت کرتا ہے عورت، سفر کرنا، پھر اس سے لوٹنا، زانیہ عورت۔

(5) خواب میں ریچھ پر سوار ہونا زنا میں مبتلا ہونے کی خبر دیتا ہے۔

(6) خواب میں ریچھ کو ناچنا سکھانے کا آلہ دیکھنے کی تعبیر جاہلوں کو ادب سکھانے والوں پر ہوتی ہے یا اس کی تعبیر حرام کمائی کرنے والے لوگ  (یعنی تصویر بنانے والے اور ناچ کر یا گا کر یا کھیل کے ذریعے کمانے والے ہیں)۔

امام عبد الغنی نابلسی

یاد رکھیں کہ یہ روایتی تعبیرات ہیں، حتمی پیشگوئی نہیں؛ اچھا خواب اللہ کی طرف سے بشارت ہے اور اصل علم اللہ کے پاس ہے۔