خواب میں موتی دیکھنے کی تعبیر

Khwab me moti jewel dekhne ki tabeer

حضرت امام محمد بن سیرین رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق

خواب میں موتی دیکھنا

حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں موتی اور مروارید دیکھے اور بیچتا ہے تو دلیل ہے کہ وہ ان کی ملکیت کا مالک ہے، صاحبِ علم و دین ہوگا اور ہر ایک کے ساتھ احسان اور نیکی کرے گا اور اگر صاحبِ دین نہ ہو تو غلاموں کا مالک ہوگا اور ان جواہرات کی قدر و قیمت کے مطابق اس کو مال حاصل ہوگا اور اگر مصلح اور پارسا ہے اور دیکھے کہ جواہرات بیچتا ہے تو دلیل ہے کہ اس کو علم اور دین حاصل ہوگا۔

خواب میں موتی دیکھنا

گوہر۔ موتی۔ حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں موتی کا دیکھنا خوب صورت دولت مند عورت کو دیکھنا ہے اگر دیکھے کہ اس کے پاس موتی ہیں دلیل ہے کہ اس عورت کو طلاق دے گا اور اگر دیکھے کہ اس کے پاس بہت سے موتی ہیں دلیل ہے کہ بہت سامال حاصل کرے گا۔ حضرت ابراہیم کرمانی نے فرمایا ہے اگر دیکھے کہ موتی بیچتا ہے دلیل ہے کہ عورتوں کے شغل میں مشغول ہو گا اور دلالی کرے گا اور اگر دیکھے کہ بعض موتیوں میں سوراخ ہیں اور بعض کی بابت علم نہیں ہے دلیل ہے کہ کنواری اور بیوہ عورتوں کی دلالی کرے گا۔ حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں سفید موتی فرزند ہے اور اگر دیکھے کہ اس کے پاس سفید موتی ہے دلیل ہے کہ اس کے ہاں فرزند پیدا ہو گا۔ حضرت جعفر صادق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں موتی کا دیکھنا آٹھ وجہ پر ہے۔ (1) مال (2) علم (3) مشہور فرزند (4) بیش قیمت چیز (5) خوب صورت عورتیں (6) فائدہ مند بات (7) خیر و برکت (8) نیک کام کرنا۔ اور اگر صاحب خواب پارسا نہیں ہے تو اس کے لئے پشیمانی پر دلیل ہے۔ اور خواب میں موتی فروش صاحب علم و حکمت ہے۔

خواب میں موتی دیکھنا

مروارید۔ حضرت دانیال علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ خواب میں مروارید غلام یا کنیز کا فرزند ہے اور حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں مروارید خوبصورت کنیز یا باجمال عورت ہے۔ اگر دیکھے کہ اس کے پاس بہت سا مروارید ہے شمار میں نہیں آیا ہے دلیل ہے کہ صاحب خواب کو اسی قدر منفعت پہنچے گی۔ اور بعض اہل تعبیرنے بیان کیا ہے کہ اگر پراگندہ مروارید دیکھے تو علم اور حکمت کی بات پر دلیل ہے اور بعض نے بیان کیا ہے کہ لڑکوں اور لڑکیوں پر دلیل ہے۔ حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے اگر پراگندہ مروارید عورتوں لڑکیوں پر دیکھے اور اگر دیکھے کہ اس کے پاس بہت سا مروارید ہے دلیل ہے کہ اسی قدر مال پائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کے منہ سے مروارید کا ہار نکلا ہے دلیل ہے کہ اس کے منہ سے علم اور حکمت کا منظوم کلام نکلے گا اور اس کے جیسا ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس نے مروارید کھایا ہے دلیل ہے کہ علم اور حکمت کی بات کو چھپائے گا یا قرآن مجید کو بھلائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس نے مروارید کی لڑیاں گھر میں یا راہ میں بکھیری ہیں دلیل ہے کہ اس کی تصنیفات اور تالیفات علم حکمت میں بہت ہوں گی اور لوگ اس کے کلام سے علم اور دانش حاصل کریں گے۔ اور اگر دیکھے کہ سوختہ لکڑیوں کے بجائے مروارید جلاتا ہے دلیل ہے کہ لوگوں کو علم اور حکمت بہت سکھائے گا اور وہ لوگ سکھانے کے قابل نہ ہوں گے۔ اور اگر دیکھے کہ اس کے پاس مروارید بہت ہے دلیل ہے کہ وہ پارسا اور دیندار ہے اور یہ اس کی دیانت اور دین پر دلیل ہے اور اگر مالدار ہے تو اس کا مال زیادہ ہو گا۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے اگر دیکھے کہ اس کے پاس مروارید ہے دلیل ہے کہ اس کے خوبصورت لڑکا آئے گا۔ فرمان حق تعالیٰ ہے: کانہم لوء لوء مکنون (گویا کہ وہ ستھرے موتی ہیں)۔ اور اگر بڑا مروارید دیکھے کہ حد سے بڑا ہے دلیل ہے کہ بہت مال حاصل کرے گا اور اگر دیکھے کہ مروارید بیچا ہے دلیل ہے کہ علم اور قرآن بھلائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس نے مروارید منہ میں ڈالا اور نگل گیا ہے دلیل ہے کہ حق تعالیٰ اس کو علم اور حکمت عطا کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس نے مروارید نامعلوم جگہ پر ڈالا ہے دلیل ہے کہ ناقدر جگہ کام کرے گا جو قدر نہ پائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ مروارید کی لڑی اس کے ہاتھ میں بندھی ہوئی ہے دلیل ہے کہ اس کے لڑکی آئے گی۔ حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے اگر دیکھے کہ اس کے پاس مروارید بہت ہے دلیل ہے کہ حق تعالیٰ اس کو علم اور قرآن اور حکمت عنایت کرے گا اور اگر دیکھے کہ اس کے منہ سے ایک بیش قیمت مروارید نکلتا ہے دلیل ہے کہ عمدہ باتیں کرے گا جن کو لوگ پسند کریں گے اور اگر دیکھے کہ مروارید کا ہار اس کے ہاتھ سے گر کر ٹوٹا ہے دلیل ہے کہ بہت بولے گا۔ حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے اگر دیکھے کہ مروارید کوڑے کو ناپاک جگہ میں ڈالا ہے دلیل ہے کہ علم و حکمت نادان لوگوں کو بتائے گا اور اگر دیکھے کہ مروارید آگ میں جلایا ہے یا پتھر سے توڑا ہے دلیل ہے کہ خلاف شرع کام کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ مروارید اس کے پاؤں کے نیچے ٹوٹا ہے دلیل ہے کہ اس کا فرزند مرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ مروارید اس کے عضو تناسل سے نکلا ہے اور اس میں سوراخ نہیں ہے دلیل ہے کہ اس کے ہاں لڑکی آئے گی اور اگر سوراخ ہے دلیل ہے کہ علم کا کسی طرح سے سبب حاصل کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ مروارید کے ہار گلے میں ڈالے ہیں دلیل ہے کہ اس شخص کو علم اور حکمت سکھائے گا اور اگر دیکھے کہ مروارید کا گوشوارہ اس کے دونوں کانوں میں ہے دلیل ہے کہ قرآن مجید حفظ کرے گا اور اگر دیکھے کہ اس کے پاس مروارید کا ڈھیر ہے دلیل ہے کہ اسی قدر مال حاصل کرے گا۔ حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے اگر دیکھے کہ مروارید فروخت کرتا ہے دلیل ہے کہ وہ شخص پارسا اور مصلح ہے اور اس کو ہر ایک شخص سے حصہ ہے اور وہ شخص اہل علم سے نہیں ہے۔ حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں مروارید کو دیکھنا چھ وجہ پر ہے (1) قرآن مجید (2) حکمت اور دانائی (3) مال (4) عورت (5) خوبصورت کنیز (6) فرزند نیک۔ اور خواب میں مروارید فروش ایسا شخص ہے جو کئی فرزند اور بہت سا علم اور مال رکھتا ہے۔

امام ابن سیرین


حضرت امام عبد الغنی نابلسی رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق

(1) پروئے ہوئے موتی دیکھنا قرآن، علم، ولد اور غلاموں پر دلالت کرتا ہے۔

(2) چنانچہ خواب میں موتیوں کو سوراخ کرنا قرآن کریم کی صحیح تفسیر کرنے کی دلیل ہے۔

(3) موتی نگلنا یا اس کو فروخت کرنا قرآن یاد کر کے بھولنے کی علامت ہے۔

(4) موتیوں کی تعبیر چونکہ علم بھی ہے، چنانچہ خواب میں موتی فروخت کرنا کثیر علم حاصل کرنے اور لوگوں میں بڑے ہونے پر دلالت کرتا ہے۔

(5) اسی طرح اپنے منہ میں موتی داخل کرنا دینی بہتری کی دلیل ہے۔

(6) کسی نے خواب دیکھا گویا وہ اپنے منہ سے موتی نکال کر پھیلا رہا ہے اور لوگ ان کو لے رہے ہیں مگر وہ خود ان کو نہیں پکڑ رہا ہے تو وہ لوگوں میں فیصلہ کرنے والا ہو گا اور لوگوں کو نصیحت کرے گا اور لوگ اس سے مستفید ہوں گے۔

(7) خواب میں موتی ملنا کسی رشتہ دار کے ہاں بچی کے تولد کی دلیل ہے یا باندی ملنے کی علامت ہے۔

(8) کسی سے عاریۃ موتی لینا جلد مرنے پر دلالت کرتا ہے۔

(9) خواب دیکھا کہ اس نے وہ دریا یا نہر سے بہت سارے موتی نکالے جو ترازوؤں یا پیمانوں میں تولے جا رہے ہیں تو بادشاہ کے خزانوں سے حلال مال ملنے کی بشارت ہے یا ایسی شخصیت کی طرف سے مال ملنے کی علامت ہے جو بادشاہ سے متعلق ہے۔

(10) بہت سارے موتیوں کی دلالت خادموں، میراث کے متوقع شخص کے لئے کثیر میراث ملنے، عالم کے لئے علم نصیب ہونے، حکمران کے لئے مزید حکمرانی ملنے، تاجر کے لئے تجارت میں اضافے اور صنعت کار کے لئے اس کی صنعت پر ہوتی ہے۔

(11) خواب میں لکڑی سے موتیوں میں سوراخ کرنا اپنے کسی محرم سے نکاح کرنے پر دلالت کرتا ہے۔

(12) اور کبھی موتی نگلنا گواہی چھپانے پر بھی دلالت کرتا ہے۔

(13) موتی کو چبانا لوگوں کی غیبت کرنے اور چبا کر نگلنا غیبت کرنے کے ساتھ سازش بھی کرنے کی دلیل ہے۔

(14) کنویں یا نہر میں موتی پھینکنا لوگوں کے ساتھ نیکی کا معاملہ کرنے کی طرف اشارہ ہے۔

(15) موتی کے اوپر کے حصے کو چھید کر کے موتی کو پھینک کر چھلکے کو اپنے پاس رکھنا صاحبِ خواب کے کفن چور ہونے کی طرف اشارہ ہے۔

(16) خواب میں کسی خزانے کو چابی سے کھول کر اس سے موتی نکالنا کسی عالم سے مسئلہ دریافت کرنے کی دلیل ہے۔

(17) خواب میں موتی گننا محنت ومشقت میں مبتلاء ہونے کی خبر دیتا ہے۔

(18) کبھی موتیوں کی رؤیت بے حد خوش ہونے اور ریاست ملنے پر بھی دلالت کرتی ہے۔

(19) اور موتی کو نگل کر دوبارہ اگلنا قرآن کے کچھ حصے یاد کرنے کے بعد بھول جانے پر دلالت کرتا ہے، کبھی موتیوں کی دلالت اموال اور باندیوں پرہوتی ہے اور کبھی اچھی باتوں پر ہوتی ہے۔

(20) موتیوں کے ہار کی دلالت عقدِ نکاح یا مالی معاہد ے یا ختمِ قرآن پر ہوتی ہے۔

(21) اگر موتیوں کو حمام میں پھینکے تو دلیل ہے وہ وسطِ راہ میں قرآن پڑ ھے گا۔

(22) موتی کو نگل کر منہ کو بند کرے تو وہ قرآن یاد کرے گا مگر کسی کو اس کی تعلیم نہیں دے گا۔

(23) موتیوں کے بڑے بوجھ اٹھانا غم میں مبتلاء ہونے پر دلالت کرتا ہے۔

(24) کبھی موتی نگلنا علم وحکمت حاصل کر کے اس کی حفاظت کرنے کی دلیل ہے۔

(25) موتیوں کو گندے مقامات میں یا راستے میں یا ایسی جگہ میں پھینکنا جہاں پھینکنا عام طور پر اچھا نہیں سمجھا جاتا ہے نا اہلوں کو علم سکھانے اور علم کی تعظیم نہ کرنے کی علامت ہے۔

(26) بڑے موتی چھوٹے موتیوں کے مقابلے میں تعبیری لحاظ سے بہتر ہیں۔

(27) اور کبھی بڑے موتے قرآن کریم کی طویل سورتوں پر بھی دلالت کرتے ہیں۔

(28) غیر سوراخ دار موتی باکرہ باندیوں پر دلالت کرتے ہیں اور سوراخ دار بلا مشقت ملنے والے رزق کی علامت ہے۔

(29) کبھی موتیوں کی دلالت آنکھوں سے بہنے والے آنسووں پر بھی ہوتی ہے اس لئے کہ آنسوؤں کو موتیوں کے ساتھ تشبیہ دیتے ہیں۔


(1) خواب میں اس کو اُٹھا نا مذکر اولاد کی دلیل ہے۔

(2) خواب میں بیوی کی طرف سے چمک دار خوبصورت موتی ملنا خوب صورت بیٹے کی پیدائش کی علامت ہے۔

(3) غیر چمکدار موتی ملنا بیٹی کے تولد کی طرف اشارہ ہے۔

(4) اسی طرح خواب میں بیوی کی طرف سے موتی ملنا اور اس کو صندوق یا کسی کپڑے میں لپیٹ کر چھپانا بھی بیٹی کی پیدائش کی علامت ہے۔

(5) خواب میں عورت کو موتی ملنے کی اچھی تعبیر ہے چنانچہ غیر شادی شدہ عورت کے لئے شادی کی بشارت ہے اور شادی شدہ بے اولاد کے لئے اولاد کی خوشخبری ہے۔

(6) شادی شدہ صاحبِ اولا د عورت کے لئے خواب میں موتی ملنا مالداری اور غنی ہونے کی دلیل ہے،  خواب میں شیشے کے بدلے جواہر خریدنا یا صدف کے بدلے موتی خریدنا آخرت پر دنیا کو یا نیکی پر معصیت کو ترجیح دینے کی علامت ہے یا مرتد ہونے کی علامت ہے اور کبھی اس کے برعکس بھی تعبیر ہوتی ہے، اسی طرح موتی کی تعبیر مندرجہ ذیل چیزوں پر بھی ہو سکتی ہے قرآن، علم، اچھی باتیں، غلام اور باندیاں، اولاد، مال وغیرہ، چنانچہ خواب میں موتی کے اندر سوراخ کرنا قرآن کریم کی صحیح تفسیر کرنے کی علامت ہے۔

امام عبد الغنی نابلسی

یاد رکھیں کہ یہ روایتی تعبیرات ہیں، حتمی پیشگوئی نہیں؛ اچھا خواب اللہ کی طرف سے بشارت ہے اور اصل علم اللہ کے پاس ہے۔