خواب میں حضور ﷺ کی زیارت کرنے کی تعبیر
Khwab me Hazrat Muhammad PBUH ko dekhne ki tabeer
خواب میں حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی زیارت کرنا اعمالِ صالحہ کے ذریعے اللہ تعالی کے مقرب ہونے کی نشانی ہے خوف سے امن، اکابر سے قریب ہونے، بلند مرتبہ علماء سیدوں اور اہل بیت کے موالیوں کے ساتھ محبت کر نے کی نشانی ہے، کبھی یہ ہدایت اور علم ورشد پر بھی دلالت کر تا ہے، بیت المقدس کی زیارت کرنا برکت علوم کی اطلاع، پوشیدہ رازوں پر دسترس حاصل کرنے کی علامت ہے۔
حدیث صحیح میں وارد ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ جس نے خواب میں مجھے دیکھا وہ عنقریب مجھے بیداری میں دیکھے گا کیونکہ شیطان میری صورت اختیار نہیں کر سکتا (رواہ البخاری)، ایک دوسری روایت میں ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا کہ جس نے مجھے دیکھا اس نے حق کو دیکھا، حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا کہ جس نے خواب میں مجھے دیکھا وہ جہنم میں داخل نہیں ہو گا اور ایک روایت میں یوں الفاظ ہیں: وہ شخص جہنم میں ہرگز داخل نہیں ہو گا جس نے خواب میں میرا دیدار کیا اور ایک روایت میں اس طرح آیا ہے: جس نے مجھے اپنے خواب میں دیکھا اس نے یقیناً مجھ ہی کو دیکھا ہے، شیطان کے لئے میری صورت اختیار کرنا ممکن نہیں ہے اور بھی بہت سی روایات ہیں۔
علماء کے اقوال حدیثِ مذکور کے معنی ومطلب کے متعلق مختلف ہیں، علماء کی ایک جماعت کہتی ہے کہ اس کا مطلب یہ ہے خواب میں نبی ﷺ کو دیکھنا واقعۃً ایسی صورت وشکل میں دیکھنا ہے جو آپ ﷺ کی تھی، ابنِ سیرین رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ اس کا مطلب آپ ﷺ کو اس صورت میں دیکھنا ہے جس صورت میں آپ ﷺ کی روح مبارک قبض ہوئی تھی، اس مطلب کی تائید حدیثِ عاصم بن کلیب سے بھی ہوتی ہے، مسندِ حاکم میں اس کے الفاظ سندِ جید کے ساتھ اس طرح آتے ہیں کہ میں نے ابنِ عباس رضی اللہ عنہ سے کہا کہ میں نے خواب میں آنحضرت ﷺ کو دیکھا تو انہوں نے فرمایا کہ میرے سامنے آپ ﷺ کا حلیہ بیان کرو، چنانچہ میں نے حسن بن علی کا ذکر کیا، یعنی حضور ﷺ کو میں نے ان کے (حضرت حسن) کے ساتھ تشبیہ دی تو ابنِ عباس رضی اللہ عنہ نے فرمایا: تو نے حضور ﷺ ہی کو دیکھا، یہ حدیثِ عاصم کے متعارض نہیں ہے، وہ حدیث جس میں یہ ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا جس نے مجھے خواب میں دیکھا تحقیق اس نے مجھ ہی کو دیکھا ہے کیونکہ میں ہر صورت میں دیکھا جاتا ہوں کیونکہ یہ حدیث ضعیف ہے۔
علماء کی دوسری جماعت کہتی ہے کہ یہ بات نہیں ہے، ان میں سے ابن العربی بھی ہیں، حاصلِ کلام یہ ہے کہ آنحضرت ﷺ کو ان کی اصلی صورت میں دیکھنا حقیقت کا ادراک ہے اور اس کے علاوہ دیکھنا صورتِ مثالیہ کا ادراک ہے کیونکہ یہ بات ہے کہ انبیاء کرام علیہم السلام کے اجسام کو زمین متغیر نہیں کرتی ہے، ابن العربی کہتے ہیں کہ حضور ﷺ کو خوبصورت شکل وصورت میں دیکھنا صاحبِ خواب کے حسن کی دلیل ہے کیونکہ آنحضرت ﷺ کی ذاتِ مبارکہ صاف شفاف آئینہ کی طرح ہے جو بھی چیز اس کے مقابل آتی ہے اس میں ڈھل جاتی ہے، رسول کریم ﷺ کی زیارت کا یہ بہت بڑا فائدہ ہے کیونکہ اس سے صاحبِ خواب کا حال معلوم ہوتا ہے، یہ بات ابن حجر ہیثمی نے شمائلِ ترندی کی شرح میں ذکر کی ہے، یہی حال اور تمام انبیاء علیہم السلام کا ہے کیونکہ شیطان نہ اللہ تعالی کی صورت وشکل اختیار کر سکتا ہے نہ اس کی آیات کی اور نہ انبیاء کی اور نہ ہی فرشتوں کی۔
(1) جو خواب میں محمد ﷺ کی زیارت کرے تو اس کی پریشانی دور ہو گی، اگر قید ہو تو قید خانہ سے رہائی ہو گی، قیمتوں میں ارزانی ہو گی، مظلوم ہو تو مدد ہو گی، خائف ہو تو امن ملے گا، آنحضرت ﷺ کی زیارت صاحبِ خواب کے لئے دین ودنیا میں حسنِ عاقبت کی بشارت ہے۔
(2) اگر حضور ﷺ کو اپنے پاس تشریف لاتے دیکھے یا نماز میں ان کی اقتداء کرتے دیکھے تو حضور اس کو کوئی اچھی چیز کھلائیں گے یا بہترین لباس پہنائیں گے، اگر صاحبِ خواب عالم ہو تو اپنے علم پر عمل کرے گا، عابد وصوفی ہو تو اہلِ کرامات کے درجات ومراتب کو پہنچے گا، اگر خواب دیکھنے والا عاصی وگنہگار ہو تو تائب ہو گا، اگر کافر ہوتو ہدایت ملے گی اس لیے کہ اللہ تعالی کا ارشاد ہے: (فآمنوا باللہ ورسولہ النبی الامی) (الاعراف)۔
یعنی سو ایسے اللہ اور اس کے نبی امی ﷺ پر ایمان لاؤ، رسول اکرم ﷺ کی زیارت اظہارِ حجت ودلیل، راست گوئی اور وعدہ کے مطابق عمل کرنے کی علامت ہے، ہو سکتا ہے کہ عزیز واقارب اور اہل کی طرف سے حسد، بغض اور عداوت پیش آئے یا پھر اپنے اہل واولاد سے جدا ہو گا، کسی دوسرے وطن منتقل ہو گا یا یتیم ہو گا، حضور اکرم ﷺ کی زیارت کرامات کے ظہور کی بھی دلیل ہے اس لئے کہ (ایک مرتبہ) ہرن نے حضور ﷺ کو سلام کیا تھا، اونٹ نے آپ ﷺ کے قدم چومے تھے، اگر صاحبِ خواب آنکھوں کا معالج ہو تو اس کے کام وپیشہ میں ترقی ہو گی اس لئے کہ آنحضرت ﷺ نے حضرت قتادہ کی آنکھ (جو کہ باہر نکل آئی تھی) اپنی جگہ واپس رکھ دی تھی، اگر لوگ پیاسے ہوں تو بارش کا نزول ہو گا اس لئے کہ حضور ﷺ کی انگلیوں سے پانی کا چشمہ پھوٹ پڑا تھا، اگر یہ خواب عورت دیکھے تو اسے عظیم مرتبہ ملے گا اور نیک شہرت اور عفت و امانت بھی، یا پھر وہ عورت سوکنوں والی ہو گی اور وہ نیک اولاد سے نوازی جائیں گی، اگر وہ عورت مال دار ہے تو وہ مال اللہ تعالی کی اطاعت میں خرچ کرے گی، حضور ﷺ کی خواب میں زیارت کرنا تکلیفوں پر صبر کرنے کی بھی دلیل ہے یا پھر مسلمانوں کی نصرت ومدد اور کافروں کی ہلاکت وتباہی کی علامت ہے۔
(2) اگر حضور ﷺ کو خواب میں مقروض دیکھے تو اس کا قرض ادا ہو گا۔
(3) مریض دیکھے تو شفاء ہو گی، اگر دشمنوں سے لڑنے کی حالت میں دیکھے تو اللہ تعالی اس کی مدد فرمائیں گے۔
(4) اگر زیارتِ حضور ﷺ کسی بنجر زمین میں ہو تو وہ زمین سرسبز ہو جائے گی۔
(5) جو خواب میں رسول اللہ ﷺ کا جنازہ دیکھے تو اس جگہ پر خوفناک مصیبت پیش آئے گی۔
(6) اگر آپ ﷺ کے جنازہ کے ہمراہ چلے تو دلیل ہے وہ بدعت کی طرف مائل ہے۔
(7) اگر خواب میں روضہ اقدس کی زیارت کرے تو عظیم مال حاصل ہو گا۔
(8) اگر دیکھے وہ رسول اللہ ﷺ کا بیٹاہے تو یہ اس کے خلوصِ ایمان ویقین کی دلیل ہے۔
(9) جو حضور ﷺ کی صورت وشکل میں متشکل ہوا ہو اور وہ بادشاہت کا طالب بھی ہو تو بادشاہت حاصل ہو گی اور زمین اس کی فرمانبردار ہو گی، اگر ذلت کا شکار ہے تو اللہ تعالی عزت عطا فرمائیں گے، اگر علم کا طالب ہے تو علم حاصل ہو گا، فقیر ہے تو مستغنی ہو گا، غیر شادی شدہ ہو تو شادی ہو گی، اگر منہدم مکان میں ہو تو حضور ﷺ کی برکت سے تعمیر ہو گی۔
(10) حضور ﷺ کو کسی ایک جگہ پر اذان دیتے ہوئے دیکھے تو دلیل ہے خوشحال ہو گا اور کام کرنے والے زیادہ ہوں گے، اگر حاملہ یا اس کا شوہر یہ خواب دیکھے تو دلیل ہے حمل میں لڑکا ہے۔
(11) جو حضور ﷺ کو خوبصورت دیکھے تو یہ صاحبِ خواب کے دین میں زیادتی واضافہ ہے، جو حضور ﷺ کی داڑھی مبارک سیاہ دیکھے اسے خوشی اور آسودہ حالی حاصل ہو گی۔
(12) اگر آپ ﷺ کی گردن مبارک موٹی دیکھے تو تعبیر ہے وقت کا امام مسلمانوں کی امانت کا محافظ ہے۔
(13) جو آنحضرت ﷺ کو کسی لشکر میں مسلح دیکھے اور وہ لوگ ہنس رہے ہیں تو مسلمانوں کے لشکر کو شکست ہو گی۔
(14) اگر دیکھے کہ حضور ﷺ اپنے سر مبارک اور داڑھی مبارک میں کنگھی فرما رے ہیں تو یہ زوالِ فکر وغم کی دلیل ہے۔
(15) جو دیکھے کہ حضورﷺ صحابہ کرام کے درمیان سلسلۂ مواخات قائم فرما رہے ہیں تو اشارہ ہے اسے علم وفقہ نصیب ہو گا۔
(16) تاجر اگر آپ ﷺ کی قبر مبارک دیکھے تو اسے تجارت میں نفع ہو گا، اگر دیکھے کہ وہ نبی ﷺ کے والد ہیں تو یہ اس کے دین کی خرابی اور یقین وایمان کی کمزوری کی دلیل ہے۔
(17) اگر دیکھے کہ نبی ﷺ کی ازواج مطہرات میں سے کوئی زوجہ مطہرہ اس کی والدہ ہے تو تعبیر ہے اس کے ایمان میں اضافہ ہو گا۔
(18) اگر دیکھے کہ وہ نبی ﷺ کے پیچھے چلتا ہے تو بشارت ہے وہ آپ ﷺ کی سنت کا پیروکار ہے۔
(19) جو دیکھے کہ آپ ﷺ اکیلے کھاتے ہیں تو صاحبِ خواب سائل کو منع کرتا ہے اور صدقہ خیرات نہیں دیتا۔
(20) اگر دیکھے کہ حضور ﷺ جوتے کے بغیر ہیں تو دلیل ہے صاحبِ خواب جماعت کے ساتھ نماز کا تارک ہے۔
(21) جو حضور ﷺ کو موزے پہنے ہوئے دیکھے تو اشارہ ہے آپ ﷺ اس کو جہاد فی سبیل اللہ کا حکم دے رہے ہیں۔
(22) جو دیکھے کہ اس کا خون نبی ﷺ کے خون کے ساتھ مخلوط ہے تو شریف لوگوں سے رشتہ دامادی قائم ہو گا۔
(23) اگر حضور ﷺ نے اس کو کوئی پسندیدہ چیز جیسے کھجوریں، شہد وغیرہ عطا کیا ہے تو وہ قرآن حفظ کرے گا اور جس قدر وہ چیز وصول کی ہے اس قدر علم حاصل ہو گا۔
(24) جو آنحضرت کو جوان اور دراز قد صورت میں دیکھے تو دلیل ہے لوگوں کے درمیان فتنہ وقتل برپا ہو گا۔
(25) اگر آپ ﷺ کو بہت بوڑھا دیکھے تو تعبیر ہے لوگ عافیت میں ہوں گے۔
(26) اگر حضور ﷺ کو سفید رنگ میں دیکھے تو وہ اللہ تعالی سے تو بہ کرے گا اور اپنے عمل اچھے کرے گا۔
(27) اور جو آنحضرت ﷺ کو دیکھے کہ اس کی سرزنش فرمارہے ہیں اور اس سے جھگڑتے ہیں تو اشارہ ہے اس نے دین میں کوئی بدعت ایجاد کی ہے۔
خواب میں سدرۃ المنتہی دیکھنے کی تعبیر
Khwab me sidratul muntaha dekhna
خواب میں اس کا دیکھنا دلالت کرتا ہے اپنے اس مقصد کو پا لینے پر جس کا اس سے وعدہ کیا گیا ہے۔