خواب میں کانٹا دیکھنا
حضرت امام محمد بن سیرین رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق
کانٹا خواب میں بدکردار اور دکھ دینے والا مرد ہے اور فارسی میں چنگالہ کہتے ہیں۔ اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ اس کے پاس کانٹا ہے یا اس کو کسی نے دیا ہے تو دلیل ہے کہ اسی صفت کے آدمی سے اس کی دوستی اور صحبت ہوگی اور اگر دیکھے کہ کانٹے نے اس کے جسم کو زخمی کیا ہے تو دلیل ہے کہ اس کو کسی بدکردار آدمی سے عذر اور نقصان پہنچے گا اور اگر دیکھے کہ کانٹا اس سے ضائع ہوا یا اس نے کسی کو بخشا ہے تو دلیل ہے کہ بدکردار آدمی کی صحبت سے جدا ہوگا۔
حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ کانٹا اس کے جسم میں ہے کہ اس کو کسی نے یا چھبویا ہے تو دلیل ہے کہ کسی سے قرض لے گا اور خار کے قدر کے رنج کے مطابق اس سے تلخ بات سنے گا اور اگر دیکھے کہ کسی نے اس کے جسم میں کانٹا مارا ہے تو دلیل ہے کہ وہ کسی کو قرض دے گا اور اس سے ناگوار باتیں سنے گا۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر دیکھے کہ بہت سے کانٹے ہیں اور ان سے اس کے پاؤں کو تکلیف پہنچی ہے تو دلیل ہے کہ قرض دار ہوگا اور آخرکار رہائی پائے گا۔ حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ کانٹا خواب میں تین وجہ پر ہے: اول قرض، دوم گالی، سوم کاموں میں مشکل۔
امام ابن سیرین
یاد رکھیں کہ یہ روایتی تعبیرات ہیں، حتمی پیشگوئی نہیں؛ اچھا خواب اللہ کی طرف سے بشارت ہے اور اصل علم اللہ کے پاس ہے۔
