خواب میں کیل دیکھنے کی تعبیر
khwab me keel peg dekhne ki tabeer
(1) اس کی تعبیر بادشاہ یا با دشاہ جیسا شخص ہے، چنانچہ کسی نے خواب دیکھا کہ کسی استاذ یا شیخ نے کیل یا میخ یا لوہے کے سکے کو اس کے پیٹ پر دے مارا تو تعبیر ہے اس کے صلب سے ایسا بیٹا پیدا ہو گا جو بادشاہ یا بادشاہ جیسا یا بڑا عالم بنے گا۔
(2) کسی نے خواب دیکھا کہ کسی جوان نے لکڑی کی کھونٹی سے اس کی پیٹھ کو مارا تو دلیل ہے اس کے صلب سے ایسا بیٹا پیدا ہو گا جو منافق ہو گا اور اس کا دشمن ہو گا۔
(3) خواب میں کھونٹی کو اکھاڑنا قریب الموت ہونے کی علامت ہے۔
(4) دیوار میں کھونٹی ٹھوکنا کسی بلند مرتبہ والے آدمی سے محبت کرنے کی دلیل ہے۔
(5) کمرے میں کیل گاڑ دینا کسی عورت سے محبت کرنے کی علامت ہے اور لکڑی میں کیل ٹھونکنا کسی منافق قسم کے لڑکے سے محبت کرنے پر دلالت کرتا ہے۔
(6) لوہے کا کیل مال وقوت کی علامت ہے اور کبھی کیل اپنی حدت کی بنا پر تکالیف پر اور اپنی صلابت کی وجہ سے غم وحزن پر دلالت کرتا ہے۔
(7) کسی نے خواب دیکھا کہ وہ جامع مسجد کے محراب میں کھڑا ہے اور اس کے ذکر سے بارہ کیلیں نکلی ہیں تو اس کے ہاں بارہ بیٹے پیدا ہوں گے، وہ سب کے سب ائمہ میں سے ہوں گے اور کبھی اس کی دلالت مردوں کی طرف سے پہنچنے والی تکلیف پر بھی ہوتی ہے اور کبھی اس کی دلالت منصبِ امور میں ثابت قدمی، حکمرانی پر مجبور کرنے، معزول ہونے اور سفر کرنے پر بھی ہوتی ہے۔
(8) اس کی دلالت اولاد پر ہو تو یہ ان کے طولِ عمر کی بھی علامت ہوتا ہے۔
(9) خواب میں خود کو کسی کیل پر دیکھنا کسی عالم پر قدرت پانے کی علامت ہے اور بعض کے نزدیک کسی پہاڑ پر چڑھنے کی دلیل ہے اور بعض حضرات کہتے ہیں وتد کی تعبیر مال ہے اور بعض نے کہا یہ عشق ومحبت، غم وحزن کی علامت ہے۔
(10) اگر غیر شادی شدہ شخص خود کو کسی دیوار یا زمین پر کیل ٹھوکتا دیکھے تو یہ اس کی شادی ہونے کی دلیل ہے اور اگر شادی شدہ ہے تو اس سے اس کی بیوی کے حاملہ ہونے کی علامت ہے۔
امام عبد الغنی نابلسی کی کتاب تعطیر الانام فی تعبیر المنام سے ماخوذ۔
یاد رکھیں کہ یہ روایتی تعبیرات ہیں، حتمی پیشگوئی نہیں؛ اچھا خواب اللہ کی طرف سے بشارت ہے اور اصل علم اللہ کے پاس ہے۔
