خواب میں عید الاضحیٰ دیکھنا
Khwab me eid ul azha dekhna
حضرت امام محمد بن سیرین رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق
خواب میں عید دیکھنا
حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے اگر خواب میں دیکھے کہ عید کی قربانی ہے۔ دلیل ہے کہ اس کا کسی عقلمند سے کام پڑے گا۔ اور اگر عید رمضان شریف دیکھے۔ دلیل ہے کہ اس کی صحبت کسی عابد اور زاہد سے ہو گی اور اس سے اس کے دین کا نفع حاصل کرے گا۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے اگر کوئی دیکھے کہ عید ہے اور لوگ بن سنور کر نکلے ہیں۔ دلیل ہے کہ اگر قیدی ہے تو خلاصی پائے گا اور اگر اہل شرف اور عزت سے ہے تو مرتبہ اور زیادہ ہو گا۔
امام ابن سیرین
حضرت امام عبد الغنی نابلسی رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق
(1) خواب میں عید الاضحیٰ گذشتہ خوشی کے لوٹنے اور ہلاکت سے نجات پانے کی نوید ہے، کیونکہ اس دن حضرت اسماعیل علیہ السلام کو ذبح ہونے سے خلاصی ہوئی تھی۔
(2) خود کو عید الفطر میں دیکھنا غموں سے نجات، آسانی، مسرت کا حصول اور توبہ کی قبولیت ہے، اگر صاحبِ خواب کے مال میں خسارہ ہوا ہو تو اللہ تعالی اسے اس کا عوض عطاء فرما دیں گے، خواب میں عید الاضحیٰ میں دیکھنا غلام کے لئے آزادی، قیدی کے لئے چھٹکارا اور مقروض کے لئے اداءِ قرض ہے، خواب میں عید دیکھنا فرحت ومسرت ہے، روزِ عید میں اپنی گم شدہ چیز دیکھنا اس چیز کے ملنے کا اشارہ ہے، عید معیشت میں وسعت اور نفقہ کی کثرت کی علامت ہے۔
خواب میں عید گاہ دیکھنا
(1) خواب میں عید گاہ دیکھنا فرحتوں اور مسرتوں کی دلیل ہے، نیز زوالِ غم وفکر، آسودہ حالی، شفاءِ مریض اور قیدی کے لئے جیل سے رہائی کی بھی دلیل ہے۔
(2) عید گاہ کی تجدید فاسق کی توبہ، کافر کے اسلام لانے، بارش کے نزول، دشمنوں پر فتحیابی، ایفائے عہد اور غیر شادی شدہ کی شادی کی دلیل ہے۔
(3) بسا اوقات عید گاہ دیکھنا کساد بازاری، منہ، اونٹ، گائے اور بکریوں میں کسی آفت کے آنے پر دلالت کرتا ہے۔
امام عبد الغنی نابلسی
یاد رکھیں کہ یہ روایتی تعبیرات ہیں، حتمی پیشگوئی نہیں؛ اچھا خواب اللہ کی طرف سے بشارت ہے اور اصل علم اللہ کے پاس ہے۔
