خواب میں حوض کوثر دیکھنا
حضرت امام محمد بن سیرین رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق
حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ قیامت قائم ہے اور لوگوں کو حوض کوثر پر بلاتے ہیں تو دلیل ہے کہ ایسا بادشاہ ظاہر ہوگا جو لوگوں میں عدل و انصاف کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ حوض کوثر سے ایک پیالہ پیا ہے تو دلیل ہے کہ اس کی موت اسلام پر ہوگی اور اگر دیکھے کہ حوض کوثر کے آس پاس پھر کر پانی مانگا ہے اور اس کو نہیں ملتا ہے تو دلیل ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم واصحابہ اور دوستوں کے دشمن کا دشمن ہوگا اور اگر دیکھے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو حوض کوثر کا پانی دیا اور اس نے اسے پیا ہے تو دلیل ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت کی شفاعت پائے گا۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر خواب میں دیکھے کہ اس کا نام حوض پر لکھا ہوا ہے اور اس نے اس سے پیالہ اٹھا کر پانی پیا ہے تو دلیل ہے کہ کسی عالم سے صحبت ہوگی اور دونوں جہان کی مرادیں پائے گا۔ حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص دیکھے کہ اس نے حوض کوثر سے پانی پیا ہے اور پانی گدلا ہے تو دلیل ہے کہ خواب دیکھنے والا منافق ہے اور اس کو قرآن و حدیث سے علم نصیب نہ ہوا ہے اور اگر خواب میں حوض کوثر دیکھے کہ اس نے اس سے آب پیا ہے جس طرح حدیث شریف میں آیا ہے تو دلیل ہے کہ اس شخص کا حق تعالیٰ کے نزدیک بڑا مقام اور مرتبہ ہے اور وہ بزرگانِ دین میں سے ہوگا۔
امام ابن سیرین
یاد رکھیں کہ یہ روایتی تعبیرات ہیں، حتمی پیشگوئی نہیں؛ اچھا خواب اللہ کی طرف سے بشارت ہے اور اصل علم اللہ کے پاس ہے۔
