خواب میں انگیٹھی دیکھنا
(۱) خواب میں انگیٹھی دیکھنے کی تعبیر باندی یا ادیبہ ہے یا مہذب لڑکا ہے اور اچھی تعریف کے حصول کی بھی دلیل ہے۔
(۲) جو اپنی انگیٹھی دیکھے کہ اس کی آگ بجھ گئی ہے یا اس میں کوئی عیب ونقص پیدا ہوا ہے تو یہ خادم یا اس کی زوجہ کے اندر نقص پیدا ہونے کی دلیل ہے۔
خواب میں لوہے کی انگیٹھی دیکھنا
(۱) خواب میں انگیٹھی دیکھنے کی تعبیر قوت اور سخت قوت والے گھرانے کی عورت سے کی جاتی ہے۔
(۲) اگر وہ انگیٹھی پیتل کی ہو تو عورت دنیاوی ساز وسامان اور زینت والے گھرانے کی ہو گی۔
(۳) اگر وہ لکڑی کی انگیٹھی ہے تو سامان والے ہوں گے مگر ان میں نفاق ہو گا، اگر چونہ کی انگیٹھی ہو تو وہ ایسے گھرانے کی ہو گی جو مصر کے فرعون کے ساتھ مشابہت رکھتے ہوں گے۔
(۴) اگر وہ مٹی سے بنی ہوئی ہے تو دلیل ہے کہ وہ ایسے گھرانے کی ہے جو مقروض ہے، انگیٹھی مملکت کی بھی دلیل ہے اور بیکاری اور منہ پھیر نے پر بھی دلالت کرتی ہے۔
(۵) اگر کسی نے خواب دیکھا کہ انگیٹھی یا تنور میں آگ شعلہ مار رہی ہے تو یہ صاحبِ خواب کے صاحبِ اولاد ہونے کی دلیل ہے اور انگیٹھی دیکھنا گھر کے سرپرست پر بھی دلالت کرتا ہے۔
(۶) کوئی شخص خواب میں انگیٹھی میں بغیر کھانا پکائے آگ سلگا رہا ہے تو وہ گھر کے افراد میں سے کسی کی غیبت یا چغل خوری کی وجہ سے آگ بھڑکائے گا، آگ کی دلالت عورت پر ہو تو انگیٹھی اس کا شوہر ہے جو گناہوں کا ارتکاب کر رہا ہے اور کمائی کے لئے مشکل مقامات پر گھس جاتا ہے اور کبھی انگیٹھی کی دلالت بیوی پر اور ہانڈی کی شوہر پر ہوتی ہے گو یا وہ عورت اپنے شوہر کو اپنی بد کلامی سے ہمیشہ چلاتی رہے گی اور اس سے ہمیشہ اپنے نفقہ کا مطالبہ کرتی رہے گی اور شوہر اسی پریشانی میں مبتلا رہے گا۔
(۷) آگ سے خالی انگیٹھی غم وتکلیف کی علامت ہے اور آگ والی انگیٹھی ضروریات کے پورے ہونے کی نشانی ہے اور کبھی انگیٹھی کی دلالت اس چیز پر ہوتی ہے جس پر انسان حاوی ہوتا ہے ، مثلاً بیوی، سواری، مجلس، منصب وغیرہ اور کبھی اس کی دلالت شمع پر اور کبھی منبر پر اور نفاس والی عورتوں کے نشت گاہ پر ہوتی ہے اور کبھی کاموں کو سر انجام دینے اور مشکلات کے آسان ہونے پر بھی اس کی دلالت ہوتی ہے، بسا اوقات اس کی دلالت والد یا والدہ پر ہوتی ہے اور حاملہ کے لئے اس کے ولد پر اور کبھی اس دکان پر دلالت کرتی ہے جس میں اس کے پسند کی چیزیں بنتی ہیں اور کبھی انگیٹھی کی دلالت ماہِ جنوری پر بھی ہوتی ہے۔
(۸) کسی غیر شادی شدہ کا خواب میں بھٹی یا انگیٹھی کا مالک ہونا شادی کرنے کی دلیل ہے اور اگر اس میں ہانڈی بھی دیکھے تو حمل ہونے پر دلالت کرتا ہے، یہی خواب کافر کے لئے مشرف باسلام ہونے اور فاسق کے لئے گناہوں سے تائب ہونے کی بشارت ہے، اس لئے کہ انگیٹھی آگ کی جگہ ہے اور آگ تنبیہ اور ہدایت پر دلالت کرتی ہے۔
(صاحبِ کتاب فرماتے ہیں) مجھ سے ایک شخص نے خواب بیان کیا کہ میں نے ایک بھٹی دیکھی جس میں آگ اور بہت ساری لکڑیاں دیکھی تو میں نے تعبیر بیان کرتے ہوئے کہا کہ بھٹی کی تعبیر تیرا پیٹ اور لکڑیاں گذشتہ رات کھائی ہوئی ثقیل غذا ہے تو اس نے کہا بالکل ایسا ہی ہے۔