خواب میں کعبہ دیکھنا
Khwab mein kaaba dekhna
(1) خواب میں کعبہ دیکھنے کی تعبیر خلیفہ اور وزیر اور رئیس ہے یا دلیلِ تزویج ہے۔
(2) کبھی خواب میں کعبہ میں داخل ہونا بیداری میں اس میں داخل ہونے پر دلالت کرتا ہے، خواب میں کعبہ دیکھنا پیش ہونے والی خیر یا آنے والے شر کے دفع ہونے کی دلیل ہے۔
(3) اگر کسی نے خواب میں کعبہ میں نماز پڑھی تو اس کو رئیس یا شریف امام کا قرب حاصل ہو گا اور دشمن سے مامون رہے گا اور خیر نصیب ہو گی۔
(4) اگر وہ بیت اللہ میں داخل بھی ہوا تو دلیل ہے خلیفہ کے پاس جائے گا۔
(5) اگر اس سے کوئی چیز لی تو وہ خلیفہ سے کچھ حاصل کرے گا۔
(6) خواب میں کعبہ کی دیواروں میں سے کسی دیوار کا گرنا خلیفہ کی موت پر دلالت کرتا ہے۔
(7) اگر کسی نے کعبہ میں جا کر کچھ بھی مناسک ادا نہیں کیا تو تعبیر ہے وہ اللہ تعالی کے مقرر کردہ فرائض قائم کرنے کی حالت میں مرے گا یا تعبیر ہے کہ اپنی قسم کا کفارہ ادا کرے گا۔
(8) خواب میں کعبہ کی طرف نظر کرنا ڈر سے مامون ہونے کی دلیل ہے، اگر اس کو خواب میں مکہ کا حاکم بنایا گیا تو بیداری میں اس کو امام کے معاملہ کا آمر بنایا جائے گا۔
(9) اگر کسی نے خواب میں کعبہ سے انار چرایا تو وہ اپنی کسی ذی محرم کے ساتھ بد نام ہو گا۔
(1) اگر کسی نے دیکھا کہ وہ کعبہ کی طرف جا رہا ہے یا اس کے سامنے آ گیا تو وہ اپنی اصلاح کرے گا۔
(11) اگر صاحبِ خواب مکہ میں مردوں کے ساتھ ہے اور وہ اس سے سوال کر رہے ہیں تو دلیل ہے وہ شہادت کی موت مر جائے گا۔
(12) اگر کوئی خواب میں کعبہ کو اپنے گھر کے اندر دیکھے تو وہ مرتے دم تک لوگوں میں قوت وشہرت اور خداموں والا رہے گا۔
(13) لیکن اگر کعبہ کو بری شکل میں دیکھنے تو یہ صاحبِ منزل کے لیے اچھا شگون نہیں ہے۔
(14) اگر کسی نے اپنے گھر کو کعبہ پایا تو وہ امام کے ساتھ رہے گا کیونکہ کعبہ مسلمانوں کا امام ہے۔
(15) اگر کوئی خواب میں کعبہ کے اوپر نماز پڑھتا ہوا خود کو دیکھے تو اشارہ ہے وہ اسلام سے مرتد ہو گا۔
(16) اگر کسی نے حرم میں داخل ہو کر کعبہ کی چھت پر نماز پڑھی تو وہ خیر پائے گا اور ولایت پائے گا اور ہر جگہ سے ٹیکس حاصل کرے گا مگر بد مذہبی کے ساتھ۔
(17) اگر کسی نے خواب دیکھا کہ وہ کعبہ کے اوپر سے چھلانگ لگا رہا ہے تو دلیل ہے وہ سنت کی مخالفت کرے گا اور اہلِ ہوا کے مذہب میں داخل ہو گا۔
(18) اگر کسی نے دیکھا کہ فرشتے نے آسمان سے اتر کر کعبہ سے ستون کو اٹھا کر دوسرے شہر میں رکھ د یا تو اگر شہر میں فتنہ واقع ہو تو حاکمِ وقت بھی اس میں موجود ہو گا۔
(19) اگر کسی نے خواب میں کعبہ کو ویران دیکھا تو دلیل ہے وہ بے نمازی ہے۔
(2) اگر کسی نے کعبہ میں کمی زیادتی یا اس کو اپنی جگہ سے ہٹا ہوا یا اس کو اپنے حال سے متغیر دیکھا تو اس کی تعبیر امام کے اندر ان حادثات کے وقوع پذیر ہونے سے کی جاتی ہے۔
(21) اگر کسی نے اپنے آپ کو کعبہ کا طواف کرتے یا کوئی بھی منسک کو ادا کرتے دیکھا تو بقدرِ مناسک اس کے دین کی اصلاح ہو گی۔
(22) اگر کسی نے خود کو کعبہ کی طرف متوجہ دیکھا تو دلیل ہے کہ وہ اپنے دین اور دنیا کی اصلاح کے لئے کوشاں ہے یا دلیل ہے کہ بادشاہ کی حکومت میں شمولیت کے لئے کوشاں ہے۔
(23) اگر کسی نے دیکھا کہ اس نے حج کے مناسک میں سے کچھ کمی کی اور سنت کے خلاف کیا تو یہ اس کے دین کی تحریف کی علامت ہے، جیسا کہ نماز میں قبلہ سے ہٹ جانے کی تعبیر بھی دینی تحریف ہے۔
(24) اگر کسی نے اپنے گھر کے اندر کعبہ کو دیکھا اور وہ بادشاہ کا خادم بھی نہیں ہے تو دلیل ہے کہ وہ ایک شریف اور اہلِ خیر عورت سے شادی کرے گا اور کعبہ نماز پر بھی دلالت کرتا ہے اس لئے کہ وہ نمازیوں کا قبلہ ہے اور کعبہ مسجد یا جامع مسجد پر دلالت کرتا ہے اس لئے کہ وہ اللہ کا گھر ہے اور ان چیزوں پر بھی دلالت کرتا ہے جس کی اقتداء کی جائے، ان کے ذریعہ ہدایت ملے، جیسا کہ اسلام اور قرآن پاک اور سنن، مصحف اور عالم، والد، سردار، شوہر والدہ وغیرہ، او رکعبہ جنت پر بھی دلالت کرتا ہے اس لئے کہ وہ بیت اللہ ہے اور اس کو جنت میں لے جایا جائے گا، کبھی اس کی دلالت حج کے موسم اور جماعت پر اور استقبال کرنے پر بھی ہوتی ہے۔
(25) کسی نے خواب دیکھا کعبہ اس کا گھر بن گیا تو تعبیر ہے کہ بادشاہت یا علم وعمل کی وجہ سے لوگ اس کے دورازے کی طرف دوڑیں گے اور اس میں لوگوں کا ازدحام ہو گا، یہی خواب اگر غلام دیکھے تو اس کی آزادی کی دلیل ہو گا۔
خواب میں حطیم پر بیٹھنے کی تعبیر
خواب میں خود کو حطیم پر دیکھنا ایسا بیٹا نصیب ہونے کی دلیل ہے جو اس کی کفالت کرے گا اور دنیاوی معاملات میں اس کا معین ہوگا۔
خواب میں مکہ مکرمہ دیکھنا
(1) خواب میں مکہ مکرمہ کی تعبیر امامِ وقت سے کی جاتی ہے، لہذا مکہ مکرمہ میں کوئی کمی زیادتی دیکھے تو اسے امامِ وقت کی طرف منسوب کیا جائے گا یا صاحبِ خواب کے دین کی طرف۔
(2) جو شخص مکہ مکرمہ کو اپنی منزل دیکھے اور وہ غلام تھا تو آزادی ملے گی اگر (غلامی سے) آزاد تھا تو سلطان سے عزت ملے گی اور لوگ علم سیکھنے کے لئے اس کے پاس چلے آئیں گے، خواب میں جو شخص مکہ کو اپنی پشت کے پیچھے کرے تو رئیس یا سلطان سے علیحدگی ہو گی، جو دیکھے کہ مکہ مکرمہ منہدم ہوا ہے تو اشارہ ہے وہ نماز بہت کم پڑھنے والا ہے، مکہ میں داخل ہونا ایسی خوبصورت دلہن کی دلیل ہے جس کا پیغامِ نکاح دینے والے بہت ہوں، گنہگار کے لئے مکہ میں داخل ہونا توبہ کی دلیل ہے، کافر کے لئے اسلام قبول کرنے کی بشارت ہے، کنوارے کے لئے شادی کی علامت ہے، اگر صاحبِ خواب کسی مقدمہ میں پھنسا ہوا ہو تو مدِ مقابل پر غلبہ حاصل کرے گا، مکہ میں داخل ہونا خوف سے مامون ہونے کی بھی دلیل ہے۔
(2) جو شخص دیکھے کہ وہ مکہ کی طرف روانہ ہوا ہے تاکہ حج کرے ان شاء اللہ تعالی اسے حج نصیب ہو گا۔
(3) اگر وہ مریض ہو تو مرض طویل ہو گا، ہو سکتا ہے کہ موت آجائے۔
(4) جو دیکھے کہ وہ مکہ کا مجاور ہے تو وہ ناقص عمر پائے گا۔
(5) اگر دیکھے کہ وہ مردوں کے ساتھ مکہ مکرمہ میں ہے تو اسے موت شہادت نصیب ہو گی اور جو خواب میں صرف تجارت کی غرض سے مکہ کا رخ کرے تو دلیل ہے وہ دنیا کا حریص ہے۔
(6) مکہ مکرمہ کو سر سبز دیکھنا خیر کی دلیل ہے۔
خواب میں مقامِ ابراہیم دیکھنا
(1) جو شخص خواب میں دیکھے کہ وہ مقامِ ابراہیم پر آیا ہے اور نماز پڑھی ہے تو دلیل ہے مردِ مؤمن ہے اور شریعت کی پابندی کرتا ہے اور اسے حجِ بیت اللہ کی سعادت نصیب ہو گی کیونکہ اللہ تعالی کا ارشاد ہے: (فیہ آیات بینات مقام ابراہیم) (آلِ عمران) یعنی اس میں کھلی نشانیاں ہیں اور جو شخص مقامِ ابراہیم کے پاس آئے اور وہ خوفزدہ ہے تو امن حاصل ہو گا، مقامِ ابراہیم پر آنا منصبِ جلیل پر فائز ہونے یا علمی افادہ پر توجہ دینے کی یا والد یا والدہ کی طرف سے حاصل ہونے والی وراثت پر دلالت کرتا ہے، مقامِ ابراہیم کے پاس بیٹھنا حد کے پاس ٹھہرنے کی دلیل ہے تا آنکہ وہ وہاں سے منتقل ہوا ہے۔