خواب میں نماز پڑھنا

khwab me namaz prayer parhna

(۱) فرض نماز کی تعبیر مصلی کے حق میں ریاست، امارت، ادائے امانت یا اللہ کے فرائض میں سے کسی فرض کی ادائیگی کی دلیل ہے۔

(۲) امن کی علامت ہے، جس شخص نے دیکھا کہ اس نے فرض نماز اس کے معلوم وقت میں باوضو ہو کر ٹھیک ٹھیک قیام، سجدہ، رکوع کے ساتھ قبلہ رخ ہو کر ادا کی تو دلیل ہے کہ وہ اللہ کے فرائض میں سے کسی فریضے کی ادائیگی کرے گا مثلا حج یا پھر قرضہ، فواحش اور منکرات سے اجتناب کرے گا، خواب میں فرض نماز دلالت کرتی ہے وفائے عہد، پہلوانوں کی خدمت کرنے، ناراض آدمیوں کے ساتھ صلح پر، اگر امام ہے تو ضامن ہو گا یا قرضہ لے گا، اگر مقتدی ہے تو دوسروں پر بوجھ ہو گا، جس شخص نے دیکھا کہ وہ ظہر کی نماز ادا کر رہے ہیں تو اپنی حاجت پوری کرے گا، تمام امورِ دنیا وآخرت پر غالب ہو گا بشر طیکہ نماز پوری کر لی ہو، چونکہ نماز مکمل کرنا دلیل ہے کہ آدمی کی مراد پوری ہو گی، اگر کسی قرضہ کی عدمِ ادائیگی کے باعث قید میں تھا تو رہائی ہو گی اور رزق میں کشادگی ہوگی۔

(۳) جس شخص نے دیکھا کہ وہ بے غبار دن میں نمازِ ظہر ادا کر رہا ہے اور نماز پر بہت خوشی محسوس کر رہا ہے تو علامت ہے کہ کوئی اہم کام کرے گا اور اس میں اعتدال سے کام لے گا۔

(۴) اگر وہ ابر آلود دن تھا تو دلیل ہے کہ کوئی پریشانی والا کام کرے گا۔

(۵) عصر کی نما کی تعبیر یہ ہے کہ وہ حلف برداری کرے گا یا کسی دوسرے کی خاطر حلف اٹھائے گا۔

(۶) اگر دیکھا کہ وہ عصر  کی نماز ادا کر رہا ہے تو علامت ہے کہ اس کا مطلوبہ کام تنگی اور مشقت کے بعد پورا ہو گا۔

( ۷) اگر وہ نمازِ عصر مکمل نہیں کر پایا تو کام میں دقت وتنگی ہو گی۔

(۸) جس شخص نے دیکھا کہ وہ  نمازِ مغرب ادا کر رہا ہے اور سورج بھی غروب ہو چکا ہے تو علامت ہے کہ اس کا وہ کام کہ جس میں وہ لگا ہوا ہے یا اس کا جو مطلوبہ کام ہے وہ مکمل ہو جائے گا۔

(۹) اگر نماز مکمل ہو گئی تو اس کا مطلوبہ کام بھی مکمل ہو جائے گا، حالتِ جنگ میں ہو تو اسے مدد ونور حاصل ہو گا، اگر دیکھا کہ وہ فرض نماز دو رکعت ادا کر رہا ہے تو دلیل ہے کہ اسے سفر پیش آئے گا۔

(۱۰) بعض مرتبہ عشاء کی نماز دلالت کرتی ہے بوجھ کے تمام ہونے اور عمر پوری ہو جانے پر، چونکہ نمازِ عشاء آدمی کے دن کی آخری مصروفیت ہوتی ہے۔

(۱۱) جس شخص نے دیکھا کہ وہ صبح کی نماز پڑھ رہا ہے اور صبح بھی ہو چکی ہے تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ کوئی خیر کا یا شر کا وعدہ جلد پورا ہو گا۔

(۱۲) جس شخص نے دیکھا کہ وہ عشاء کی نماز ادا کر رہا ہے تو وہ گھر والوں کی دیکھ بھال کرے گا اور ان کے سامانِ راحت کا انتظام کرے گا۔

(۱۳) اگر اس نے دیکھا کہ وہ عشاء کی نماز پڑھ رہا ہے تو یہ علامت ہے کہ وہ اپنی دنیا کی معیشت میں سے لازمی چیز کے ساتھ ابتدا کرے گا مثلاً طعام، لباس یا گھر بار کے لئے کوشش کرے گا۔

(۱۴) اگر دیکھا کہ عصر کی نماز ادا کر رہا ہے تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ وہ جس کام میں لگا ہوا ہے اس کا تھوڑا سا کام کر رہا ہے۔

(۱۵) اگر اس نے دیکھا کہ وہ عصر کے وقت ظہر کی نماز ادا کر رہا ہے تو دلیل ہے کہ وہ اپنے قرض کو ادا کرے گا۔

(۱۶) اگر ظہر یا عصر کی نماز درمیان میں منقطع ہو گئی تو دلالت ہے کہ وہ اپنے لازم چیز میں سے آدھا ادا کرے گا، نمازِ مغرب دلالت کرتی ہے کاموں سے فراغت پر، تھکے ہاروں کے لئے راحت پر، عشاء کی نماز دلالت کرتی ہے پوشیدہ امور پر، نمازِ ظہر دلالت کرتی ہے توبہ یا عہدے سے معزولی پر، چونکہ کعبہ کی طرف رخ بیت المقدس سے ہٹا کر نمازِ ظہر میں کیا گیا تھا اور بعض مرتبہ دلالت کرتی ہے شیطان اور دشمنوں سے لڑائی پر۔

(۱۷) اگر خواب میں عصر کی نماز پڑھی تو ظفر ونصرت پر دلالت کرتی ہے اور بعض مرتبہ ہدایت، خیر اور محافظت پر بھی دلالت کرتی ہے، نمازِ مغرب والدین میں سے کسی ایک کی جدائی یا اس شخص سے جدائی ہے جو اپنے فضل وجاہ کے سبب اس کے ساتھ پردہ پوشی کا معاملہ کرتا ہے یا پھر ان لوگوں سے جدا ہو گا جو سورج سے معبّر ہیں۔

(۱۸) جس شخص نے دیکھا کہ وہ نمازِ عشاء ادا کر رہا ہے تو یہ بعض مرتبہ علامت ہوتی ہے سفر کے لئے تیاری یا شادی یا ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونے، ضعف نظر، موت کی تاخیر کی

(چونکہ عشاء سے نمازِ فجر تک کافی وقت ہوتا ہے)۔

(۱۹) جس شخص نے صبح کی نماز پڑھی تو یہ وہ حلف ہے جو وہ اٹھائے گا۔

(۲۰) جس نے نمازِ عصر پڑھی تو تنگی کے بعد راحت پائے گا۔

(۲۱) جس نے مغرب پڑھی تو علامت ہے کہ اس کا کام پورا ہو گیا ہے اور فوری طور پر مقصود حاصل کرے گا۔

(۲۲) جس نے دیکھا کہ وہ عشاء کی نماز پڑھ رہا ہے تو یہ مکر وفریب ہے۔

(۲۳) جس نے دیکھا کہ وہ نمازِ جمعہ ادا کر رہا ہے تو علامت ہے کہ اس کی مراد وتمنا پوری ہو گی۔

(۲۴) جس نے دیکھا کہ وہ باغ میں نماز پڑھ رہا ہے تو وہ اللہ سے مغفرت طلب کرے گا۔

(۲۵) اگر دیکھا کہ عذر کی وجہ سے بیٹھ کر نماز پڑھ رہا ہے تو علامت ہے کہ اس کا عمل مقبول نہیں۔

(۲۶) اگر دیکھا کہ پہلو پر لیٹ کر نماز پڑھ رہا ہے تو بیمار ہو گا۔

(۲۷) اگر نماز پڑھ کر مسجد سے نکلا تو فضل وخیر حاصل ہو گی۔

(۲۸) جس نے دیکھا کہ سوار ہو کر نماز ادا کر رہا ہے تو اسے شدید خوف لاحق ہو گا اور صاحبِ خواب قتال میں شریک ہو گا۔

(۲۹) اگر امام نے نماز سوار ہو کر پڑھائی اور لوگ رکوع کی حالت میں سوار ہیں اور بعض لوگ سواری کی حالت میں سجدے میں ہیں اور کچھ سواری کی حالت میں کھڑے ہیں اگر یہ لوگ میدانِ جنگ میں ہیں تو ان کی مدد کی جائے گی اور دشمنوں پر غالب آئیں گے۔

(۳۰) جس شخص نے دیکھا کہ وہ نماز کی حالت میں شہد کھا رہا ہے تو دلیل ہے کہ یہ شخص روزے کی حالت میں اپنی بیوی سے جماع کرے گا۔

(۳۱) اگر عورت نے دیکھا کہ وہ فرض نماز دو رکعتیں ادا کر رہی ہے تو دلیل ہے کہ اسے اسی روز حیض آئے گا، اگر کسی شخص نے دیکھا کہ اس کی فرض نماز کا وقت ختم ہو چکا ہے اور نماز پڑھنے کے لئے اسے کوئی جگہ میسر نہیں تو علامت ہے کہ وہ اپنے کسی دینی یا دنیاوی معاملے میں تنگی کا شکار ہو گا۔

(۳۲) اگر کسی شخص نے نماز کا عمداً انکار کیا یا ارادہ ترکِ صلوۃ کیا اور یہ نیت بھی ہے کہ وہ اس کی قضا کرے گا تو دلیل ہے کہ یہ شخص شریعتِ مطہرہ کو ہلکا سمجھ رہا ہے اور امید ہے کہ وہ اس بات کی اصلاح کر لے گا اور جمعہ کی نماز خواب میں دیکھنا دلیل ہے فرحتِ سرور، عید، حج، دین کی محض چند باتوں پر عمل پیرا ہونے کی۔

(۳۳) صلوۃِ عید الفطر خواب میں دیکھنا ادائے قرض، شفاءِ مریض، تنگی کے بعد راحت اور غموں کے زائل ہونے پر دلالت کرتا ہے۔

(۳۴) عید الاضحیٰ کی نماز دلیل ہے بڑے بڑے کام سپرد ہونے، نذر کو پورا کرنے کی اور بعض مرتبہ یہ دونوں نمازیں دلالت کرتی ہیں دشمنوں اور ان سے مڈ بھیڑ پر،  عید الاضحیٰ کی نماز دلالت کرتی ہے شرک سے بری ہونے، قسم پورا کرنے پر اور بعض مرتبہ دلالت کرتی ہے سرور یا وعدہ خلافی پر۔

(۳۵) اگر دیکھے کہ صحت مند ہونے کے باوجود مریضوں والی نماز پڑھ رہا ہے تو بخت کی کمی اور قول وعمل میں تردد کی دلیل ہے۔

(۳۶) جمع بین الصلوٰتین کی تعبیر نمازِ قصر کی تعبیر کی طرح ہے، بعض مرتبہ دشمن کی طرف سے کسی آزمائش میں مبتلا ہونے پر دلالت کرتی ہے، زمین پر نماز پڑھنا بغیر کسی حائل کے اغلام بازی کرنے اور حالتِ حیض میں بیوی کے ساتھ جماع کرنے پر دلالت کرتا ہے خصوصاً اگر زمین ناپاک تھی تو دلیل ہے ایام حیض میں عورتوں سے وطی کی اور بعض مرتبہ یہ دلالت کرتا ہے فقر واحتیاج پر۔

(۳۷) اگر دیکھا کہ برہنہ نماز پڑھ رہا ہے تو دلیل ہے کہ روزہ کی حالت میں کسی فحش کام کا مرتکب ہو گا یا حرام مال کا صدقہ کرے گا یا کسی بدعت وفواحشِ نفسانی میں مبتلا ہو گا اور اپنے آپ کو حق پر سمجھا ہو گا۔

(۳۸) اگر صلوۃ الخوف پڑھتے ہوئے دیکھے تو نماز میں کلام کرنے کسی سے کاروبار کے سلسلے میں شراکت کے معاملے میں معاہدہ کرنے، جدا ہونے اور کسی کے ساتھ جھگڑا کرنے پر ہے، نیز رجوع فی الہبۃ پر یا سکوت عنہ یا متصدقہ چیز سے رجوع کرنے پر بھی دلالت کرتا ہے۔

(۳۹) اگر دیکھا کہ جہر کی جگہ سراً قرأت کرتا ہے یا برعکس تو صاحبِ خواب اگر حاکم ہے تو ظالمانہ فیصلہ کرے گا اور بدعت ونام نمود کی طرف مائل ہو گا یا حق بات یا مال کو چھپائے گا۔

(۴۰) اگر کسی نے دیکھا کہ وہ ارکان کی ادائیگی میں اپنے امام سے رکوع یا سجدے میں آگے بڑھ گیا ہے تو دلیل ہے کہ وہ والدین کی مخالفت کرے گا یا ایسے آدمی کی نافرمانی کرے گا کہ جس کی اطاعت اس پر واجب تھی اور بعض مرتبہ اس کی تعبیر سہو، نسیان، عدمِ ذکاء اور حافظہ کی کمزوری پر ہوتی ہے۔

(۴۱) خواب میں صلوۃ التراویح پڑھنا دلالت کرتا ہے مشقت، ادائے قرض، ہدایت یافتہ ہونے پر اور صلوٰۃ الاستسقاء، خوف، معاشِ قلیل، قیمتوں میں زیادتی، کھیتوں اور زمینوں کے باعث کساد بازاری اور کم داد ودہش پر دلالت کرتی ہے۔

(۴۲) صلوةِ كسوف ان لوگوں کو راحت پہنچانے کی کوشش پر دلالت کرتی ہے جو سورج اور چاند سے معبّر ہیں اور بعض مرتبہ اس کی تعبیر فاسق آدمی کے لئے توبہ کرنے، کافر کے لئے اسلام قبول کرنے سے کی جاتی ہے اور بعض مرتبہ یہ علامت ہوتی ہے کہ بادشاہ یا وزیر کی طرف سے خوف اور سختی کا سامنا ہو گا اور دلالت ہے کسی عام نشانی کے ظہور کی، صلوۃ الخوف پڑھنا دلالت کرتا ہے الفت، اتفاق، خوف سے مامون ہونے پر۔

(۴۳) صلوٰۃ الجنازة دلالت کرتی ہے ان لوگوں کی سفارش پر جو میت سے معبّر ہیں اگر میت غیر معروف ہے تو پہلوانوں کی خدمت پر یا پھر صاحبِ خواب کو شرکت کے نتیجے میں مال عطا ہو گا اور بعض مرتبہ نمازِ جنازہ دلالت کرتا ہے فرض نمازوں میں کمی پر یعنی سہو وغیرہ پر۔

(۴۴) اگر کسی نے دیکھا کہ وہ نماز جنازہ ادا کر رہا ہے تو دلیل ہے کہ وہ اس کے لئے کثرت سے دعا واستغفار کرے گا۔

(۴۵) اگر دیکھا کہ نمازِ جنازہ مکمل کر لی ہے تو اس کی دعا بھی مکمل ہو جائے گی۔

(۴۶) اگر صاحبِ خواب نمازِ جنازہ کا امام تھا تو دلیل ہے کہ اسے کسی منافق بادشاہ کی طرف سے سلطنت حاصل ہو گی۔

(۴۷) اگر دیکھا کہ خواب میں وہ یوں کہہ رہا ہے صلی اللہ علی فلان تو دلیل ہے کہ اس کی مغفرت ہو گی۔

(۴۸) اگر دیکھا کہ وہ مقتدی کی حیثیت سے نمازِ جنازہ ادا کر رہا ہے تو دلیل ہے کہ صاحبِ خواب کسی ایسی مجلس میں پہنچے گا جہاں مردوں کے لئے دُعا ہو گی۔

(۴۹) اگر کسی شخص نے دیکھا کہ میت کی نماز پڑھ رہا ہے تو دلیل ہے کہ وہ کسی فاسق آدمی کی شفاعت کرے گا۔

(۵۰) جس شخص نے دیکھا کہ جمعہ کا دن ہے یا جمعہ کی نماز ادا کر رہا ہے تو علامت ہے کہ اسے جلد وسعت حاصل ہو گی، دوست اکٹھے ہوں گے اور اس کی حاجت پوری ہو گی۔

(۵۱) جس شخص کی کوئی چیز گمشدہ تھی اور دیکھا کہ عید کے دن وہ چیز واپس آ گئی ہے اگر وہ عید عید الفطر ہے تو دلیل ہے کہ اسے کشائش حاصل ہو گی اور اگر عید الاضحیٰ ہے اور صاحبِ خواب غلام ہے تو اسے آزادی حاصل ہو گی، اگر قیدی ہے تو رہائی پائے گا، اگر صاحبِ خواب پر قرضہ ہے تو ادا ئیگی ہو جائے گی، غم دور ہوں گے اور حالات سنور جائیں گے۔

(۵۲) جس شخص نے دیکھا کہ وہ صلاة الخسوف پڑھ رہا ہے تو یہ دلیل ہے کہ حکام اور مقتدی لوگوں پر مصیبت نازل ہو گی یا کسی عالم کی وفات ہو گی اور سب لوگ اس کی نمازِ جناہ ادا کریں گے۔

(۵۳) جس شخص نے دیکھا کہ وہ صلوٰۃ الاستسقاء ادا کر رہا ہے تو دلیل ہے اس جگہ کوئی واقعہ پیش آئے گا حاکم یا بادشاہ کی طرف سے اور لوگ  بادشاہ کے سامنے اس حادثہ کو دور کرنے کے سلسلے میں جمع ہوں اور ان کے سامنے زاری کریں گے۔

(۵۴) اگر لوگوں نے نمازِ استسقاء مکمل ادا کی اور اپنے اپنے گھروں کو واپس لوٹ گئے تو دلیل ہے کہ ان کی پریشانی دور ہو گی۔

(۵۵) اگر کسی شخص نے دیکھا کہ صلوۃ نافلہ یا تطوع ادا کر رہا ہے تو دین میں ترقی کی اور اتباعِ سنت کی دلیل ہے۔

(۵۶) اگر کسی عورت نے دیکھا کہ وہ مردوں کی امامت کر رہی ہے تو دلیل ہے کہ وہ عورت مر جائے گی، چونکہ عورت امامت کی اہل نہیں، لہذا اس کے علاوہ کوئی تعبیر ممکن نہیں کہ عورت کی موت واقع ہو اور اسے آگے رکھ کر اس کی نماز جنازہ ادا کی جائے۔

(۵۷) نیز یہی تعبیر اس صورت میں ہے کہ کوئی غیر فصیح آدمی جو نماز اور قرأت کو اچھی طرح نہیں جانتا امامت کرائے۔

(۵۸) جس شخص نے دیکھا کہ وہ سنت ادا کر رہا ہے تو دلیل ہے کہ وہ شخص نبی کریم ﷺ کی سنت کو تھامنے والا ہے، نجاستوں سے پاک ہے اور اس شخص میں اچھی عادت ہے۔

(۵۹) جس شخص نے دیکھا کہ وہ نوافل ادا کر رہا ہے تو دلیل ہے کہ وہ آخرت کی تیاری میں مشغول ہو گا اور اس کے بقد ر اپنے اہلِ خانہ کی ضروری دیکھ بھال کرے گا۔

(۶۰) جس شخص نے دیکھا کہ وہ لوگوں کے ہمراہ نمازِ تراویح ادا کر رہا ہے تو دلیل ہے کہ ان لوگوں کی وحشت دور ہو گی اور دل صاف ہو جائیں گے۔

(۶۱) جس شخص نے دیکھا کہ جماعت کی نماز میں شریک ہے اور ان کی صف بالکل سیدھی ہے تو دلیل ہے کہ یہ لوگ کثرت کے ساتھ تسبیح کریں گے۔

(۶۲) خواب میں نفل نماز ادا کرنا دلیل ہے کہ لوگوں کے دلوں میں مال اور خدمت کے ذریعے اپنے لئے محبت اور الفت پیدا کرے گا، اگر صاحبِ خواب کنوارہ ہے تو اسے رشتہ دستیاب ہو گا، اگر شادی شدہ ہے تو بچے عطا ہوں گے چونکہ اللہ تعالیٰ نے آیت مذکورہ میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کو بیٹوں کی خوشخبری دی ہے

(ووہبنا لہ اسحاق ویعقوب نافلۃ) ”اور عطا کیا ہم نے ان کو اسحاق اور یعقوب بھی“۔

(۶۳) اگر خواب میں خلوصِ دل کے ساتھ نوافل ادا کئے تو اگر صاحبِ خواب فقیر ہے تو غنی ہو جائے گا اور خیر پائے گا، اگر دیکھا کہ تہجد پڑھ رہا ہے تو دلیل ہے کہ اعلیٰ منصب حاصل کرے گا۔

(۶۴) خواب میں نفل پڑھنا دلیل ہے وعدہ پورا ہونے کی۔

(۶۵) خواب میں قضاء نماز کی ادائیگی، ادائے قرض یا فاسق آدمی کے تائب ہونے کی دلیل ہے۔

(۶۶) بعض مرتبہ یہ دلالت کرتا ہے کافر کے اسلام قبول کرنے پر اور نذر پوری ہونے پر، بیٹھ کر نماز ادا کرنا دلالت کرتا ہے عاجز ہونے، بزدلی، حاصل شدہ رزق پر قناعت کرنے پر اور بعض مرتبہ دلالت کرتا ہے صاحبِ خواب کے باپ یا استاذ یا جس کے ساتھ حسن سلوک کرنا، اس پر واجب تھا اس کے بیمار ہونے پر۔

(۶۷) صلوٰۃ التوبہ پڑھنا گناہوں کی بخشش کی دلیل ہے۔

(۶۸) اگر دیکھا کہ سب لوگ صلوۃ التوبہ پڑھ رہے ہیں تو علامت ہے کہ بارش ہو گی۔

(۶۹) اگر صاحبِ خواب فقیر ہے تو مالدار ہو جائے گا، اگر بانجھ ہے تو اولادِ نرینہ حاصل ہو گی اور بعض مرتبہ اس کی تعبیر یہ ہوتی ہے کہ کھیتی یا زمین سے رزق عطا ہو گا۔

(۷۰) صلوۃ التسبیح دلالت کرتی ہے تحفہ اور ہدیہ خیر پر۔

(۷۱) صلوٰۃ الاستخارہ دلیل ہے اپنے مقصود کو حاصل کرنے میں حیرت میں واقع ہونے اور اپنوں سے جدا ہونے کی اور دلالت کرتی ہے اپنے مطلوبہ کام کے اچھے انجام پر، اگر صلوۃ الاستخارہ ادا کرنے والا اہلِ طریقت میں سے ہے تو طریقت میں نقص واقع ہو گا۔

(۷۲) قبر پر نماز پڑھنا غیر اہل کو ہدیہ دینے پر دلالت کرتا ہے اور بعض مرتبہ اس کی تعبیر یہ ہوتی ہے کہ وہ مستحقین اور قیدیوں اور تنگدستوں پر خرچ کرے گا۔

(۷۳) نماز تحیۃ المسجد دلالت کرتی ہے قرابت داروں اور مساکین پر خرچ کرنے پر۔

(۷۴) جس شخص نے دیکھا کہ وہ دن یا رات میں نفل پڑھ رہا ہے تو دلیل ہے کہ وہ کوئی ایسا نیک عمل کرے گا کہ جس کے نتیجے میں اسے اللہ تعالی کا قرب حاصل ہو گا اور بعض مرتبہ اس کی دلالت متفرق خواہش رکھنے والی قوم کے درمیان محبت پیدا کرنے پر ہوتی ہے۔

(۷۵) جس شخص نے دیکھا کہ وہ نماز میں ہنس رہا ہے تو یہ دلیل ہے کہ وہ شخص نماز میں اکثر لا پرواہی کرتا ہے۔

(۷۶) جس شخص نے دیکھا کہ وہ نشے کی حالت میں نماز پڑھ رہا ہے تو وہ جھوٹی گواہی دے گا۔

(۷۷) جس شخص نے دیکھا کہ وہ جنابت کی حالت میں نماز ادا کر رہا تو دلیل ہے کہ اس آدمی کے دین میں فساد ہے۔

(۷۸) جس شخص نے دیکھا کہ وہ مشرق یا مغرب کی طرف منہ کر کے نماز پڑھ رہا ہے تو دلیل ہے کہ اس شخص نے اسلام کو پسِ پشت ڈال دیا ہے اور بعض مرتبہ یہ دلیل ہوتا ہے کہ وہ اپنی بیوی سے وطی فی الد بر کا خواہاں ہو گا یا پھر اسے حج کی سعادت حاصل ہو گی۔

(۷۹) کہا گیا ہے کہ جس شخص نے دیکھا کہ اہلِ مسجد غیر قبلہ کی طرف رخ کئے نماز پڑھ رہے ہیں تو دلیل ہے کہ حاکمِ شہر یا قاضئ شہر معزول ہو جائے گا۔

(۸۰) اگر کسی شخص نے دیکھا کہ عالم غیر قبلہ کی طرف رُخ کئے نماز پڑھ رہا ہے یا اہلِ سنت کے طریقہ سے ہٹ کر کوئی کام کر رہا ہے تو دلیل ہے شریعت کی مخالفت کی اور خواہشاتِ نفسانی کے اتباع کی۔

(۸۱) غیر جہت قبلہ رخ کر کے نماز ادا کرنا دلیل ہے کہ یہ شخص عند اللہ یا عند الناس تقرب حاصل کرنے کی کوشش کرے گا ایسے عمل کے ذریعے جو جائز نہیں یا دلیل ہے کہ اسی سمت میں سفر کرے گا۔

(۸۲) جس شخص نے دیکھا کہ وہ مشرق کی سمت رخ کئے نماز ادا کر رہا تو دلیل ہے کہ یہ آدمی دین کے معاملہ میں نہایت گھٹیا ہے لوگوں پر بہت زیادہ بہتان تراشی کرتا ہے اور گناہوں پر جرأت کرتا ہے۔

(۷۹) جس شخص نے خواب میں دیکھا کہ اسے قبلہ کا پتہ نہیں یا اس کو تلاش کر رہا ہے تو دلیل ہے کہ یہ آدمی اپنے دین میں متحیر ہے اور جس شخص نے دیکھا کہ وہ کعبہ کی طرف منہ کر کے نماز پڑھ رہا ہے تو دلیل ہے اس شخص کے مستقیم ہونے کی اور جس شخص نے دیکھا کہ وہ غیر قبلہ کی طرف رخ کر کے نماز پڑھ رہا ہے اور سفید کپڑے پہنے ہوئے قرآن کی ٹھیک ٹھیک تلاوت کر رہا ہے تو دلیل ہے کہ یہ شخص حج کرے گا۔

error: Content is protected !!
Scroll to Top