خواب میں ستارہ دیکھنا

اس کی تعبیر معزز شخص ہے۔ (۱) جس نے ستاروں کو اپنے گھر میں مجتمع دیکھا تو اس کے گھر میں قوم کے سرداروں کا اجتماع ہو گا۔

(۲) اگر ستاروں کا جمع ہونا روشنی کے بغیر ہو تو سردرانِ قوم کسی مصیبت کے سلسلے میں اس کے گھر جمع ہوں گے۔

(۳) اپنے ہاتھ میں ستارہ دیکھنا شریف بیٹا نصیب ہونے کی نوید ہے۔

(۴) ستارہ چوری کرنا قیمتی چیز چوری کرنے کی دلیل ہے اور کبھی ڈھال چوری کرنے پر بھی دلالت کرتا ہے۔

(۵) آسمان سے کسی جگہ میں ستارہ گرنا اس جگہ میں کسی شریف آدمی پر کوئی مصیبت آنے کی دلیل ہے۔

(۶) اپنے گھر میں بہت سارے ستارے دیکھنا کثرتِ اوالاد کی علامت ہے۔

(۷) سات مشہور سیاروں کو دیکھنا صنائع، تجارت اور علم وسلطنت کے حصول کی دلیل ہے، ہر ایک کی مقدار کے مطابق اس کو حصہ ملے گا۔

(۸) چمکتا ہوا شہابِ ثاقب دیکھنا خوشی وفرحت سے سرفراز ہونے اور لوگوں کے اپنی ضروریات کے سلسلے میں اس کی طرف متوجہ ہونے کی بشارت ہے۔

(۹) جس نے دیکھا کہ آسمان سے سارے ستارے غائب ہو گئے تو اگر غنی ہے تو اس کا سارا مال ختم ہو گا، اگر فقیر ہے تو اس کا انتقال ہو گا۔

(۱۰) اگر بڑے بڑے ستاروں کو چمکتے دیکھے تو اس کو بھلائی، نیکی، معرفت نصیب ہو گی۔

(١١) کسی بڑے ستارے کا اپنی جگہ سے گرنا اس علاقے کے کسی بڑے رئیس کے مرنے کی دلیل ہے۔

(۱۲) اگر اپنے ہاتھ میں چھوٹے چھوٹے ستارے دیکھے تو شہرت وقوت پائے گا۔

(۱۳) ستاروں کو اپنے سر کے قریب دیکھنا اپنے ہمعصروں سے کسی بڑے کی خدمت کی بنا پر فوقیت لے جانے کی دلیل ہے۔

(١۴) اگر دیکھے کہ بہت ستارے ساتھ یک جا ہو کر چمک رہے ہیں تو اگر مسافر نہیں ہے تو سفر کر کے اس سے خیر پائے گا اور اگر مسافر ہے تو اپنے وطن کی طرف مسرور ہو کر لوٹے گا۔

(۱۵) اگر دیکھے کہ وہ ستارے پر سوار ہوا تو بادشاہت، حکمرانی وقوت وخیر پائے گا۔

(۱۶) ستاروں کو گھر کے اندر چھتوں کے نیچے دیکھنا گھر کے برباد ہونے یا صاحبِ گھر کے مرنے کی دلیل ہے۔

(۱۷) اگر دیکھے کہ وہ ستاروں کو کھا رہا ہے تو وہ لوگوں کے مالوں کو کھائے گا اور لوگوں کو ہلاک کرے گا۔

(۱۸) اگر بغیر چبائے ستاروں کو نگلے تو معزز لوگ اس کے معاملے اور اس کے رازوں میں دخیل ہوں گے اور کبھی ایسا خواب دیکھنے والا صحابہ کو گالیاں دے گا (نعوذ باللہ من ذالک )۔

(۱۹) ستاروں کو چوسنا علماء سے علم حاصل کرنے کی دلیل ہے۔

(۲۰) کاہن یا فلکیات پر نظر رکھنے والا شخص اگر خواب میں خود کو ستارے کھاتے دیکھے تو یہ اس کے عظیم کام سر انجام دینے اور حالت کی بہتری کی علامت ہے اور ان کے علاوہ باقی لوگوں کے لئے یہ خواب دلیلِ موت ہے۔

(۲۱) ستاروں کو بکھرتے دیکھنا بادشاہوں کی موت کی علامت ہے اور ایسی جنگ پر دلالت کرتا ہے جس میں فوج کی ایک بڑی جماعت ہلاک ہو گی۔

(۲۲) اگر دیکھے کہ ستارے یکے بعد دیگرے گر رہے ہیں اور گر کر ختم ہو رہے ہیں تو یہ ایک کثیر قوم کی ہلاکت کی دلیل ہے، بڑے بڑے ستارے رؤساء کے مرنے پر دلالت کرتے ہیں اور چھوٹے ستارے کمزوروں کے مرنے پر دلالت کرتے ہیں، کبھی تمام ستاروں کا گرنا صاحبِ خواب کے تمام بال گرنے اور گنجا ہونے کی طرف اشارہ ہوتا ہے۔

(۲۳) خواب میں دن کو ستارے دیکھنا شرمندگی، شہرت، بڑے بڑے حادثات رونما ہونے، مصائب وآلام کا شکار ہونے کی دلیل ہے۔

(۲۴) صبح کے ستارے شبِ زفاف پر دلالت کرتے ہیں۔

(۲۵) کسی نے اپنے محل میں خواب دیکھا کہ سخت اندھیری رات میں صبح کا ستارہ طلوع ہوا تو اس جگہ میں دلہن سے زفاف کرے گا۔

(۲۶) کم روشنی والے چھوٹے چھوٹے ستارے غلاموں، باندیوں اور عوام الناس ہوتے ہیں۔

(۲۷) خواب میں خود کو ستارہ بنتا دیکھنا مالدار ہونے کی بشارت ہے۔

(۲۸) سردیوں پر دلالت کرنے والے ستارے غم وتکلیف پر اور گرمیوں پر دلالت کرنے والے کو اکب معیشت اور بھلائی پر دلالت کرتے ہیں۔