خواب میں خزانہ دیکھنا

Khwab mein khazanah dekhna

خواب میں خزانہ دیکھنا علم ہے۔ (۱) اگر کسی نے خواب میں خزانہ پایا تو اگر وہ طالب علم ہے تو علم حاصل کرے گا، اگر تاجر ہے تو اس کی تجارت میں ترقی ہو گی اور اگر خواب میں خرچ کیا تو سخاوت کرے گا، اگر مملکت والا ہے تو اس کو ولایت اور انصاف حاصل ہو گا، اس طرح ہرفن والا اپنے فن میں ترقی کرے گا۔

(۲) بہت خزانے دیکھنا مختلف ملکوں میں کام کرنے کی علامت ہے۔

(۳) اگر خواب میں خزانہ پایا لیکن اس میں تھوڑا مال ہے تو اس کو سخت مشقت حاصل ہو گی ۔

(۴) اگر اس میں مال زیادہ ہو تو یہ غم اور بلاء پر دلالت کرتا ہے۔

(۵) اگر بار بار زیادہ دیکھا تو اس کی موت پر دلالت کرتا ہے۔

(۶) اگر کسی نے خواب میں خزانہ دیکھا تو وہ بے پرواہ ہو جائے گا اور حاکم اس کے خلاف فیصلہ کرے گا۔

(۷) اگر کسی نے دیکھا کہ اس نے بہت بڑا مال حاصل کیا تو دلیل ہے دنیاسے شہادت کی حالت میں جائے گا۔

(۸) اگر بادشاہ نے خواب میں بہت سا خزانہ دیکھا اور بہت ہی خوش حالت میں ہے تو یہ اس کی مملکت کے زوال کی دلیل ہے اور خزانہ معاملات کی آسانی پر دلالت کرتا ہے اس لیے کہ جو کچھ اس خزانہ میں ہوتا ہے اس کی وجہ سے عام طور پر مشقت وکلفت نہیں ہوتی، کبھی خزانہ میراث اور غم اور تنگ دستی پر بھی دلالت کرتا ہے، شادی کے خواہشمند پر خزانہ کی دلالت باکرہ عورت اور اور کان کی دلالت ثیبہ عورت پر ہوتی ہے، کبھی خزانہ اس مال پر دلالت کرتا ہے جو انسان دفن کرے اور اس کی زکوۃ ادا نہ کرے اور خزانہ منافع بخش سرمایہ ہے اور کبھی خزانہ صراف یا جو ہری پر بھی دلالت کرتا ہے اور کبھی کنز ضائع چیز کے موجود ہونے اور بھولنے کے بعد یاد آنے پر بھی دلالت کرتا ہے۔

(۹) اگر خواب میں خزانہ پایا اور اس خزانہ تک پہنچنے میں کوئی رکاوٹ موجود ہو تو یہ ایسے شخص پر دلالت کرتا ہے جو بخیل مالدار ہو اور زکوۃ کو روکتا ہو۔

(۱۰) اگر عالم ہے تو اپنے علم میں بخل کر رہا ہے، اگر وہ ذمہ دار ہے تو وہ اپنی رعایا کے ساتھ انصاف نہیں کر رہا ہے، اگر صاحبِ خواب عورت ہے تو اس کی صیانت اور بخیلی پر دلالت کرتا ہے۔

(١١) اگر اس خزانہ پر کوئی رکاوٹ نہیں ہے تو اپنے مال کو بے جا استعمال کرنے اور اپنی عزت کو بے محل استعمال کرنے پر دلالت کرتا ہے اور یہ خواب عورت کے علاوہ دوسروں کے لئے اچھا ہے۔

(۱۲) اگر بادشاہ نے خواب میں خزانہ پایا اور اس میں دنانیر تھے اور لوگ اس خزانہ سے لے رہے تھے تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ اس کی فوج اس کو دھوکہ دے گی، دوسرا بادشاہ اس پر حکم چلائے گا اور اس کو اپنی طرف مائل کرے گا، خاص طور پر اگر ان دنا نیر میں اجنبی نام ہو۔

(۱۳) خزانہ شریف لڑکے پر بھی دلالت کرتا ہے اور مال پر بھی دلالت کرتا ہے۔