خواب میں لوہار دیکھنا

Khwab me lohaar black smith dekhne ki tabeer

(1) خواب میں لوہار کو دیکھنا ہیبت والے عظیم اور قوی بادشاہ کو دیکھنا ہے جو اپنے کام باریک بینی سے انجام دیتا ہو۔

(2) کبھی لوہار سے مراد ملک الموت اور لوہے سے مراد اس کی قوت ہوتی ہے، اللہ تعالی فرماتے ہیں ”اور ہم نے لوہا اتارا اس میں سخت قوت اور لوگوں کے لئے نفع ہے“ اس آیت میں نفع سے مراد برتن اور وہ چیزیں ہیں جو انسان لو ہے سے بناتا ہے جیسے کلہاڑا، تلوار اور چھری وغیرہ۔

(3) اگر لوہار خود کو اپنی مرضی کی چیزیں بناتے ہوئے دیکھے تو اس کی ملاقات عظیم بادشاہ سے ہوگی۔

(4) اگر کوئی شخص خود کو خواب میں دیکھے کہ وہ لوہار ہے اور لوہے کو نرم کر کے اس سے آلات بنا رہا ہے، اگر وہ شخص بادشاہ کے خاندان سے ہے یا اس کے آباء واجداد میں کوئی بادشاہ گذرا ہے تو اسے بادشاہت ملے گی، اس کے ضعف پر نظر نہ ڈالی جائے بلکہ اس کے اعداد کی وجہ سے اس کے خواب کی یہی تعبیر ہو گی۔

(5) اگر خواب میں نا معلوم لو ہار دیکھے تو اس کی لوہے پر قدرت کے بقدر عظمت والے بادشاہ کو دیکھے گا، لوہے کو دیکھنا شرور، تنگی اور کام نہ کر سکنے پر دلالت کرتا ہے اور کبھی اس کا دیکھنا مشکل کام کی آسانی پر بھی دلیل ہوتا ہے، کبھی اس سے مراد جہنمیوں جیسے برے عمل کرنے والا شخص بھی ہوتا ہے۔

(6) اگر خواب میں کہا جائے کہ فلاں یا فلاں کا کام لوہار کی طرف لے جایا گیا ہے تو دلیل ہے وہ کسی مصیبت میں گرفتار ہو گا اور بادشاہ یا اس کے حواریوں کی پناہ حاصل کرے گا، ورنہ اسے کسی ایسے آدمی کی صحبت حاصل ہوگی جس سے اس کو کچھ نفع حاصل نہ ہو گا، بالخصوص اگر دھواں یا چنگاریاں اس کی آنکھ، کپڑوں یا چادر تک پہنچی ہوں۔

( 7) اگر کوئی شخص خواب میں لوہار کے پاس جاتا ہے تو اس کے مناسب حال اسے کچھ حاصل ہوگا۔

(8) خواب میں لوہار سے مراد ہر وہ آدمی ہو سکتا ہے جس کی زندگی آگ کے کاموں میں گزرتی ہو جیسے باورچی، نان بائی اور تانبے کا کام کرنے والا۔

(9) کوئی شخص خواب میں لوہار کے قریب جا کر بیٹھا اگر بیمار یا مردہ ہے تو آگ میں داخل ہو گا، خصوصاً جبکہ اس کا چہرہ یا کپڑے کالے ہو گئے ہوں،  ور نہ قید میں داخل ہوگا کیونکہ عرب جیل کے داروغہ کو بھی حداد (لوہار) کہتے ہیں۔

خواب میں لوہار کی دھونکنی دیکھنا

(۱) اگر کسی نے خواب میں لکڑی کی دھونکنی پائی تو دلیل ہے اس کا مرتبہ کم ہو گا اور اس کا ملک ہاتھ سے نکل جائے گا۔

(۲) اگر وہ خواب میں دھونکنی کا مالک ہوا تو اس کو بادشاہت اور ولایت ملے گی بشرطیکہ وہ اس کا اہل ہو، ا گر نہ ہو تو اس کو منفعت اور بھلائی حاصل ہو گی۔

(۳) اگر اس بھٹی میں آگ بھی موجود ہو تو حاجتوں کو پورا کرنے اور رزق حاصل کرنے پر دلالت کرتا ہے۔

(۴) اگر اس میں آگ نہیں ہے تو غم اور تنگ دستی کی دلیل ہے۔

(۵) خواب میں سونے اور چاندی کی بھٹی دیکھنا توحید میں اخلاص اور تجرد للعبادات کی دلیل ہے۔

(۶) شیشہ کی بھٹی مکر اور دھوکہ پر دلالت کرتی ہے اور کبھی بھٹی زیادہ حمل والی اور جلدی اسقاط کرنے والی عورت پر بھی دلالت کرتی ہے اور ایسے مرد پر بھی دلالت کرتی ہے جو زیادہ کام کرنے والا اور جلدی نفرت کرنے والا ہو اور کبھی بھٹی دیکھا قید خانہ پر اورپولیس اسٹیشن، عقوبت خانہ پر بھی دلالت کرتا ہے، اگر لوہے کی ہو تو وہ معاملات کے آسان ہونے کی علامت ہے۔