خواب میں مچھلی دیکھنا

khwab mein machli fish dekhna

خواب میں مچھلیاں دیکھنا اچھا ہے۔ اس کی تعبیر یہ ہے کہ ان شاء اللہ مال ملے گا۔ (دار الافتاء دار العلوم دیوبند)

خواب میں زیادہ مچھلیاں دیکھنا، اور یہ دیکھنا کہ وہ قبضے میں آ گئی ہیں تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ زیادہ مقدار میں دولت ملے گی۔ اسی طرح تھوڑی مقدار میں مچھلیاں دیکھنے سے مراد تھوڑی مچھلیاں ملنا ہے۔ (مفتی شبیر احمد قاسمی)

سمندر میں چھوٹی مچھلیاں دیکھنا کاروبار کے نقصان کی دلیل ہے۔ (ایسے لوگ صدقہ دیا کریں، اور مشورہ سے کاروبار کریں۔) (دار الافتاء، بنوری ٹاؤن)


حضرت عبدالغنی نابلسیؒ کے مطابق

(1) اگر کسی نے خواب میں مچھلیوں کو دیکھا اور ان کی تعداد معلوم ہو تو اس سے مراد عورتیں ہوتی ہیں اور اگر ان کی تعداد معلوم نہ ہو اور وہ بہت بڑھ جائیں تو اس سے مراد غنیمت کا مال ہوتا ہے۔

(2) جس نے سمندر یا نہر کی تہہ میں بڑی تازہ مچھلیوں کو دیکھا کہ وہ اکٹھی ہیں اور وہ جیسے چاہے ان کو نکال رہا ہے یا کھا رہا ہے یا تقسیم کر رہا ہے تو اسے اتنی زیادہ مالِ غنیمت ملے گا جتنی اس نے مچھلیاں نکالیں اور اس مال کو کھانے میں یا تقسیم کرنے میں یا ذخیرہ کرنے میں وہ زیادہ ہی خرچ کرے گا جیسا کہ اس نے خواب میں مچھلیوں کو خرچ کیا تھا اور مچھلی سے مراد بادشاہ کا وزیر بھی ہوتا ہے اس لئے کہ سمندر بادشاہ ہے اور مچھلیاں اس بادشاہ کے لشکر ہیں۔

(3) اگر وہ مچھلی زندہ اور تازہ ہو تو اسے باکرہ باندی حاصل ہو گی۔

(4) بہت زیادہ مچھلی سے مراد ناپسندیدہ غنیمت ہوتی ہے یا بادشاہ کی طرف سے اسے بہت زیادہ مال ملنے کی دلیل ہے جو اس کے احتساب سے ڈرتا ہو اور اسے لے لے گا۔

(5) اگر کسی نے دیکھا کہ اس نے کنویں سے مچھلی شکار کی تو وہ لوطی ہو گا یا اس کا خادم کسی آدمی کے پیچھے چلے گا۔

(6) جس نے دیکھا کہ وہ مچھلی شکار کر رہا ہے کسی گدلے برتن میں سے تو جس حالت میں بھی دیکھے اس میں بھلائی نہیں ہے۔

(7) اگر اس نے دیکھا کہ وہ پانی میں سے مچھلی شکار کر رہا ہے تو وہ کوئی ایسی بات سنے گا جس سے خوش ہو گا۔

(8) جس نے دیکھا کہ وہ بڑی مچھلیاں شکار کر رہا ہے تو یہ لذت اور نفع ختم ہونے پر دلالت کرتا ہے۔

(9) نرم مچھلی جس کا چھلکا ہوتا ہے خیر کی دلیل ہے اس کے لئے جو دھوکہ کا ارادہ کرے پس اس کا کام چھپا رہے گا اور وہ لوگوں کا مال مکر وفریب کے ذریعے لے گا اور تمام لوگوں کے لئے یہ کاموں کے رکنے اور ان کے مست ہونے پر دلیل ہے بنیا نامی مچھلی دیکھنا سست ہونے کی علامت ہے اس شخص کے لئے جو شادی کا ارادہ کرے یا جو دوسرے کے ساتھ شراکت وغیرہ کرنا چاہتا ہو۔

(1) وہ مچھلی جس کا چھلکا نہیں ہوتا اور وہ لمبی چیز جو اس کی جنس سے ہو تو وہ باطل کاموں اور تھکاوٹ پر دلالت کرتا ہے اور اس چیز کی امید پر دلالت کرتا ہے جو کبھی پورے نہیں ہوتے اس لئے کہ یہ ہاتھوں سے پھسل جاتی ہے اور وہ مچھلی جوندیوں میں ہوتی ہے بھلائی کی دلیل ہے۔

(11) اگر آدمی نے سمندر میں مری ہوئی مچھلی دیکھی تو یہ کسی دردی چیز پر دلالت کرتی ہے اور خاص طور پر اس چیز پر دلالت کرتی ہے جو پورا نہیں ہوتا۔

(12) جس نے زندہ مچھلی دیکھی اور اس نے دیکھا اس کو پانی سے یا کسی اور چیز سے پکڑ رہا ہے تو یہ نفع کی دلیل ہے۔

(13) جس نے اپنے بستر میں مچھلی دیکھی تو سمندر میں سفر کرنے والوں کے لئے کوئی اچھی نہیں ہے اور اس کے لئے بھی اس کی تعبیر درست نہیں ہے جو بیمار ہو اور سمندر پر چلنے والے کے لئے اس کی تعبیر کوئی سختی ہے جو اسے پہنچے گی اس لئے کہ بیمار کی تکلیف بڑھ جاتی ہے تر چیزوں سے۔

(14) جس نے گدلے پانی سے مچھلی کا شکار کیا تو اسے سخت غم پہنچے گا۔

(15) جس نے دیکھا گویا وہ زندہ مچھلی کھا رہا ہے تو وہ بادشاہ تک پہنچے گا اور اگر اس نے دیکھا کہ وہ صاف پانی سے مچھلی شکار کر رہا ہے تو اسے رزق عطا ہو گا اور اگر اس کا کوئی بیٹا ہو تو وہ فرمانبردار ہو گا۔

(16) اگر اس نے دیکھا کہ وہ نمکین پانی سے شکار کر رہا ہے تو اسے بادشاہ کی طرف سے نقصان وغم پہنچے گا۔

(17) جس نے دیکھا کہ وہ نمکین مچھلی کھا رہا ہے تو وہ تھکاوٹ اور سختی میں مبتلا ہو گا۔

(18) کہا گیا کہ مچھلی جب چار تک پہنچ جائے تو اس سے مراد عورتیں ہوتی ہیں۔

(19) اگر اس سے زیادہ ہوں تو اس سے مراد مالِ غنیمت ہوتا ہے اور اگر اس نے اپنے بستر میں مچھلی دیکھی اور وہ سمندر میں سفر کر رہا ہو تو یہ سختی پر دلالت کرتی ہے اور اس پر ڈوبنے کا خوف ہو گا اس لئے کہ وہ اس کے ساتھ لیٹا ہے اور نمکین مچھلی خیر اور باقی رہنے والے مال پر دلالت کرتی ہے اس لئے کہ نمک مچھلی کو ضائع ہونے سے بچاتا ہے اور اس سے مراد یہ ہے کہ اسے بادشاہ کی طرف سے غم پہنچے گا اور جس نے دیکھا کہ مچھلی اس کی شرمگاہ سے نکلی اور اس کے ہاں بیوی حاملہ تھی تو اس کی بیٹی ہو گی۔

(2) تلی ہوئی مچھلی دعا کی قبولیت پر دلالت کرتی ہے۔

(21) کہا گیا کہ بھنی ہوئی مچھلی علم کے طلب میں سفر پر دلالت کرتی ہے۔

(22) بڑی مچھلی مالِ غنیمت پر دلالت کرتی ہے اور چھوٹی مچھلی غموں پر اس لئے کہ اس کے کانٹے اس کے گوشت سے زیادہ ہوتے ہیں اور اس کا کھانا مشکل ہوتا ہے جس نے مچھلیاں دیکھیں کہ ان میں بڑی بھی تھیں اور چھوٹی بھی تو اس میں کوئی حرج نہیں اور رزق پر دلالت کرتا ہے۔

(24) جس نے مچھلی میں سے کچھ لیا تو وہ بادشاہ کے لشکر سے کچھ حاصل کرے گا۔

(25) بڑی مچھلی اگر پکڑی جائے تو باغی اور خون کے پیاسے ہلاک ہو جائیں گے۔

(26) جس نے دیکھا کہ وہ مچھلی والے سے مچھلی لے رہا ہے تو وہ کوئی باندی خریدے گا یا کسی عورت سے شادی کرے گا۔

(27) جس نے دیکھا کہ وہ خراب مچھلی کھا رہا ہے اور اچھا کھانا چھوڑ رہا ہے تو وہ حرام نکاح کرے گا اور حلال عورتوں کو چھوڑے گا اور جس نے دیکھا کہ وہ حوض سے مچھلی نکالنا چاہ رہا ہے اور وہ اس سے نکل رہی ہے تو یہ کوئی قرض ہو گا یا وہ اپنا مال اکٹھا کرنا چاہے گا لیکن اس کو بغیر سخت جھگڑے کے نہ پا سکے گا۔

(28) کسی نے خواب میں حوض یا گڑھے میں مچھلی دیکھی جس نے اپنا منہ کھولا ہوا ہے تو یہ اس کے لئے قید کی علامت ہے۔

(29) جس نے دیکھا کہ اس نے مچھلی کے پیٹ میں ایک یا دو ہیرے یا اس سے زیادہ پائے تو وہ کسی عورت سے مال پائے گا یا کوئی غلام لڑکا پائے گا یا دولڑکے یا اس سے زیادہ موتیوں کے اعتبار سے پائے گا۔

(3) اگر اس کے پیٹ میں انگوٹھی پائی تو خواب دیکھنے والے کو دولت اور عزت ملے گی۔

(31) جس نے دیکھا کہ اس کے ذکر سے مچھلی نکلی تو اس کی بیٹی ہو گی۔

(32) اگر اس کے منہ سے نکلی تو وہ بیوی کے بارے میں کوئی مشکل بات کرے گا اور جس نے کوئی مچھلی پکڑی اور اس کے پیٹ میں چربی پائی تو وہ بیوی پائے گا  اور اس سے مال اور بھلائی پائے گا۔

(33) خشکی میں مچھلی کا شکار کرنا کسی برائی کے ارتکاب کی دلیل ہے اور کہا گیا کہ یہ دلیل ہے کوئی بھلائی چلی گئی ہے اور جس نے کوئی ایسی مچھلی شکار کی جس کے کانٹے اور چھلکا ہو تو یہ کسی محفوظ چاندی یا سونے پر دلالت کرتا ہے جس میں اللہ تعالیٰ کا حق واجب ہو اس لئے کہ اس کا کھانا درست نہیں ہے جب تک کہ اس میں سے سب کچھ نہ نکال لے تو یہ بھی مال کی زکوۃ کی طرح ہو گی کہ زکوۃ نکالے بغیر مال کا استعمال آدمی کے لئے صحیح نہیں ہے اور اگر مچھلی کے پیٹ میں کوئی ہتھیار تھے تو یہ دشمن پر غالب آنے کی دلیل ہے ا ور بعض دفعہ اس کی تعبیر یہ ہوتی ہے کہ وہ اہلِ شر سے دوستی کرے گا اور اگر وہ اس کی قدرت نہ رکھتا ہو تو یہ مال والوں کے لئے مال ہے۔

(34) اگر اس نے دیکھا کہ مچھلیاں میٹھے سمندر سے نمکین سمندر میں اور نمکین سمندر سے میٹھے سمندر میں منتقل ہو رہی ہیں تو یہ لشکر میں منافقت اور عام لوگوں میں کسی عام بات پر یا کسی ظلم یا بدعت کے ظہور پر اختلاف کی دلیل ہے۔

(35) اگر کسی نے دیکھا کہ مچھلی پانی کی سطح پر تیر رہی ہے تو یہ کاموں کی آسانی، دور والے کے قریب آنے، رازوں کے ظاہر ہونے اور چھپی ہوئی چیزوں کے ظاہر ہونے کی دلیل ہے یا اس چیز کے نکلنے کی علامت ہے جس کا میراث میں کچھ دخل ہو اور اگر کسی نے دیکھا گویا اس کے پاس چھوٹی اور بڑی مچھلیاں ہیں تو یہ دلالت کرتا ہے کہ وہ خوشی اور غم کا اہتمام کرے گا یا ہر اچھی اور بری چیز کا اہتمام کرے گا جس میں لوگ جمع ہوں گے۔

(36) اور اگر اس نے دیکھا کہ اس کے پاس مچھلیاں ہیں جو تخلیق میں انسان یا پرندوں کے ساتھ مشابہ ہیں تو یہ خشکی اور سمندر کے تاجروں اور مترودین کے ساتھ تعارف پر دلالت کرتا ہے یا اس کا تعارف مترجمین سے ہو گا جو کہ زبانوں کو جاننے والے ہوں گے یا ان لوگوں کے ساتھ جو اچھے اخلاق سے متصف ہوں گے اور اس میں اعتبار مشابہت کا ہوتا ہے پس اگر مشابہت اچھی ہوئی تو اخلاق اچھے ہوں گے اور اگر مشابہت بری ہوئی تو اخلاق برے ہوں گے اور اگر اس نے دیکھا کہ اس کے پاس کوئی ایسی چیز ہے جس سے انسان مانوس ہوتا ہے تو یہ یتیموں اور غریبوں پر احسان اور ان کے ساتھ ہمدردی کرنے کی دلیل ہے۔

(37) اگر دیکھا کہ اس نے سمندر کی تہہ سے مچھلی پکڑی تو کبھی وہ وسیع تجارت کرے گا اور اسے طویل رزق ملے گا وگرنہ وہ بادشاہ کے مال کے ساتھ تعرض کرے گا یا وہ جاسوس ہو گا اور اگر سمندر کھل گیا اور اس نے اس سے کوئی مچھلی یا کوئی موتی لیا تو وہ اللہ تعالی کے علمِ غیب پر مطلع ہو گا اور دین اس کے لئے واضح ہو گا اور سیدھے راستے کی طرف آئے گا اور اس کام میں اس کا انجام اچھا ہو گا۔

(38) اگر مچھلی اس کے ہاتھ سے نکل کر دوبارہ سمندر میں چلی گئی تو وہ اولیاء کی محبت میں بیٹھے گا اور ان باتوں پر مطلع ہو گا جن پر کوئی بھی مطلع نہیں ہے اور اگر اس نے سفر کا ارادہ کیا تو اسے ساتھی مل جائیں گے جو اس کے ساتھ سفر میں جائیں گے اور وہ بھی ان سے مانوس ہو گا اور اپنے گھر کی طرف سلامتی سے لوٹ آئے گا۔

(39) اگر اس نے خواب میں مچھلی کو دیکھا جو کہ جزیرہ کے مشابہ ہے تو اسے کسی نیک امیر کے ساتھ جہاد کرتے ہوئے مالِ غنیمت ملے گا اور خاص طور پر اگر اس نے اس کی آنکھ سے تیل لیا یا اس کا گوشت کھایا۔

(4) اگر اس نے مچھلی صفائی کے بغیر کھائی تو وہ لوگوں کے مال کے بارے میں گفتگو کرے گا اور لوگوں کا مال غلط طریقوں پر لینے کے لئے فیصلہ کرے گا۔

(41) بعض دفعہ اس کا گوشت بغیر صفائی کے کھانا زنا اور سخت ٹھنڈی بیماریوں پر دلالت کرتی ہے جیسے فالج وغیرہ۔

(42) اگر اس نے مچھلی کو زمین پر پایا تو اس کی کمائی اسے سمندر کے بجائے خشکی منتقل ہو گی۔

(43) اگر یہ نہ ہو تو وہ اپنے مال کی حفاظت کرے گا اور اپنے ظلم کا احاطہ سامان کے ذریعے کرے گا یا اپنے اہلِ خانہ اور رشتہ داروں کے درمیان اتفاق کو بڑھائے گا اور ہر مچھلی جو آدمی پر دلالت کرتی ہو تو اس کا دیکھنا ان لوگوں پر دال ہے کہ جن کا معاش پانی سے ہے جیسے مشکی، ملاح، غوطہ خور، تیراک اور کام ملازم۔

(44) اور خواب دیکھا گویا اس کے لئے آسمان سے تلی ہوئی مچھلی اتری تو یہ اس کی دعا کی قبولیت اور دشمنوں پر غلبہ اور مرتبہ کے بلند ہونے کی دلیل ہے اور بعض دفعہ مچھلی کا دیکھنا غم، پریشانی، بیماری اور بری خبروں اور جس مکان میں خواب دیکھ رہا ہے وہاں موت واقع ہونے پر دلالت کرتا ہے اس لئے کہ اس میں بدبو پیدا ہو گئی اور اس کی روح نکل گئی۔


(1) خواب میں مچھلی قسم کی دلیل ہے، کبھی اس سے مراد صالحین کی جائے عبادت اور مسجد بھی ہوتی ہے، کبھی اس کا دیکھنا غم، سختی، زوالِ منصب اور مشکلات کو دیکھنا ہے۔

(2) حضرت یونس علیہ السلام کی مچھلی کو خواب میں دیکھنا خائف کے لئے امن، فقیر کے لئے دولتمندی، مصیبت میں پھنسے ہوئے کے لئے چھٹکارے کی دلیل ہے۔

(3) جبکہ بادشاہت کے لائق آدمی کے لئے بادشاہت کی دلیل ہے، یہی تعبیر حضرت یوسف علیہ السلام کی قید، اصحابِ کہف کے غار اور نوح علیہ السلام کے تنور کی ہے۔

خواب میں مچھلی دیکھنا

اس کی تعبیر مگر مچھ کی تعبیر کی طرح ہے۔

(1) کبھی اس کو دیکھنا سازش کرنے، چوری کی کوشش کرنے اور لوگوں کی باتوں کو پوشیدہ طور پر سننے پر دلالت کرتا ہے اس لئے یہ مچھلی بھی زیادہ تجس کرتی ہے خصوصاً اگر اس پر سوار ہو یا اس کا مالک بنے، کبھی خواب میں ان کا ظاہر ہونا امر بالمعروف ونہی عن المنکر نیز موحدین کی مدد اور منافقین کی ہلاکت پر دلالت کرتا ہے۔

خواب میں مچھلی فروش کو دیکھنے کی تعبیر

(1) خواب میں مچھلی فروش کو دیکھنا شر اور جھگڑوں پر اور غم پرسختی کے بعد کشادگی پر دلالت کرتا ہے۔

(2) اور اس کو بھون کر بیچنے والے کو دیکھنا بلندیوں اور غلاموں کا دلال بننے پر اور ہیرے جواہرات کے بیچنے والے پر اور رزق اور حلال مال پر اور علم اور محنت پر اور دھوکے بازی اور رازوں کو ظاہر کرنے پر دلالت کرتا ہے۔

(3) اور جس نے مچھلی بیچنے والے سے مچھلی خریدی تو وہ باندی خریدے گا یا کسی باندی اور عورت کی طرف رہنمائی چاہے گا تا کہ اس سے شادی کر سکے۔

حضرت ابن سیرینؒ کے مطابق خواب میں مچھلی دیکھنے کی تعبیر

حضرت دانیال علیہ السلام فرماتے ہیں کہ خواب میں گرم پانی والے دریا میں مچھلی دیکھنا مصیبت، آزمائش اور سختی کی علامت ہے، جبکہ ٹھنڈے پانی والے دریا میں مچھلی دیکھنا خوشی، راحت اور مسرت کی نشانی ہے۔ اگر خواب میں بہت سی تازہ اور بڑی مچھلیاں نظر آئیں تو یہ مالِ غنیمت یا فراوانیِ رزق پر دلالت کرتی ہیں۔ البتہ اگر مچھلیاں چھوٹی ہوں تو یہ غم، پریشانی اور رنج و الم کی علامت سمجھی جاتی ہیں۔

اگر کوئی شخص خواب میں مچھلی کے پیٹ سے موتی نکلتے ہوئے دیکھے تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ اس کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوگی۔

حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ اگر کوئی دیکھے کہ کسی نے اسے خشک یا نمک لگی (شور) مچھلی دی ہے تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ اسے کسی بااثر شخص یا بادشاہ کی طرف سے نقصان پہنچے گا۔

اگر خواب میں شور مچھلی کھائے تو اس سے مراد یہ ہے کہ اسے اپنے غلام یا خادم کی طرف سے تکلیف یا نقصان پہنچے گا۔

بعض معبرین کے نزدیک بھنی ہوئی شور مچھلی سفر کی علامت ہے، اور ایسا سفر عموماً علم حاصل کرنے یا کسی بزرگ و نیک شخص کی صحبت اختیار کرنے کے لیے ہوتا ہے۔

اسی طرح خواب میں چھوٹی مچھلی کھانا جھگڑے، اختلاف اور نزاع کی نشانی سمجھا جاتا ہے۔

اگر کوئی شخص خواب میں مچھلی کے جسم سے کوئی چیز، جیسے خون، ہڈی یا ایسی کوئی چیز دیکھے جو عام طور پر مچھلی کے پیٹ میں ہوتی ہے، تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ اسے اسی قدر مال، خیر و برکت حاصل ہوگی۔ بعض معبرین کے نزدیک یہ خواب غلام یا خادم خریدنے کی بھی علامت ہے۔

اگر کوئی شخص خواب میں دریا سے بڑی مچھلی پکڑتے ہوئے دیکھے تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ وہ کسی معزز اور مالدار خاندان کی عورت سے نکاح کرے گا۔

حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ خواب میں تازہ یا بھنی ہوئی مچھلی دیکھنا مال، رزق اور نعمت کی علامت ہے، کیونکہ تازہ مچھلی جنت کی نعمتوں میں سے ہے، اور یہی وہ کھانا تھا جو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے دسترخوان پر آسمان سے نازل ہوا تھا۔

ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ﴿رَبَّنَا أَنْزِلْ عَلَيْنَا مَائِدَةً مِّنَ السَّمَاءِ﴾، یعنی: “اے ہمارے رب! ہم پر آسمان سے ایک دسترخوان نازل فرما۔”

حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ مزید فرماتے ہیں کہ اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ اس نے مچھلی اپنے منہ سے نکالی ہے تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ وہ کسی معاملے میں جھوٹی بات کہے گا۔

اگر خواب میں مچھلی عضوِ تناسل سے نکلتی ہوئی نظر آئے تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ اس کے ہاں بیٹی پیدا ہوگی۔

اگر کوئی عورت خواب میں اپنے منہ سے مچھلی نکلتے ہوئے دیکھے تو یہ غم، پریشانی اور رنج کی علامت ہے۔

اگر کوئی شخص خواب میں دریا سے مچھلی پکڑتا ہوا دیکھے تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ اسے کسی بااثر یا بڑے آدمی کی طرف سے مال اور نعمت حاصل ہوگی۔

اسی طرح اگر خواب میں تازہ مچھلی کھائے تو یہ رزق، خیر اور نعمت کے حصول کی علامت ہے۔

اگر کوئی شخص خواب میں تازہ مچھلی کھاتا ہوا دیکھے تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ اسے اسی قدر مال حاصل ہوگا۔

حضرت اسماعیل اشعث رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ اگر کوئی خواب میں مچھلیاں بیچتا ہوا دیکھے تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ اسے اور اس کے اہل و عیال کو خیر، منفعت اور فائدہ پہنچے گا۔

اگر کوئی شخص خواب میں حوض یا نہر سے مچھلی پکڑتا ہوا دیکھے تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ وہ عام لوگوں سے مکر یا حیلے کے ذریعے کوئی چیز حاصل کرے گا۔

اگر خواب میں دریا کی مچھلیاں اس سے باتیں کرتی ہوئی نظر آئیں تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ وہ کسی بادشاہ یا صاحبِ اقتدار کا راز ظاہر کرے گا۔

حضرت جعفر صادق علیہ السلام کے نزدیک خواب میں مچھلی دیکھنے کی چھ تعبیریں ہیں:

  1. وزیر
  2. لشکر
  3. کنواری لڑکی
  4. مالِ غنیمت
  5. غم و اندوہ
  6. ہندو کنیز

خلاصہ یہ کہ خواب میں مچھلی دیکھنے کی تعبیر اس کی حالت، تعداد، جسامت اور خواب کے حالات کے مطابق مختلف ہوتی ہے۔ بڑی اور تازہ مچھلی عموماً رزق، مال، خوشحالی اور کامیابی کی علامت سمجھی جاتی ہے، جبکہ چھوٹی، خشک یا نمک لگی مچھلی غم، نقصان یا آزمائش کی نشانی ہو سکتی ہے۔ مختلف معبرین کے مطابق بعض صورتوں میں مچھلی شادی، اولاد، سفر، علم، یا اقتدار و منفعت کی بھی علامت بنتی ہے، اس لیے درست تعبیر خواب کی مکمل کیفیت کو مدنظر رکھ کر کی جاتی ہے۔