خواب میں کنکری دیکھنے کی تعبیر

khwab me kankari dekhne ki tabeer

(۱) اس کی دلالت مردوں، عورتوں اور چھوٹے بچوں پر ہوتی ہے اور کبھی اس کی دلالت سفید رنگ کے گنے ہوئے دراہم پر بھی ہوتی ہے اس لیے کہ یہ زمین سے لیے جاتے ہیں اور اس کی دلالت علم اور شعر کی حفاظت اور ان کے احصاء پر بھی ہوتی ہے اور کنکری حج، رمی الجمار، سختی، شدت، اسباب اور عصمت وغیرہ کی بھی علامت ہے۔

(۲) کسی نے خواب دیکھا کہ آسمان سے ایک پرندہ اترا اور مسجد سے ایک کنکری اٹھا کر چلا گیا تو دلیل ہے کہ اس مسجد میں نماز پڑھنے والوں میں سے یا عام لوگوں میں کسی صالح شخص کا انتقال ہوگا۔

(۳) کسی نیک مریض شخص یا مسجد میں نماز پڑھنے والے شخص نے خواب دیکھا کہ ایک پرندے نے آسمان سے اتر کر مسجد سے کنکری اُٹھائی تو یہ بھی صاحبِ خواب کے مرنے کی دلیل ہے۔

(۴) پرندے کو کلیسا سے کنکری اٹھاتے دیکھنا دیکھنے والے میں فساد کی علامت ہے۔

(۵) اپنے گھر یا کسی غیر معروف مکان سے کنکری اٹھاتے ہوئے پرندے کو دیکھنا صاحبِ خواب کے بچے یا کسی اور شخص کے ہلاک ہونے کی طرف اشارہ ہے۔

(۶) خواب میں حلقہ ذکر یا کسی عالم کے مکان یا مسجد سے چند کنکریاں اٹھا کر ان کو اپنے کپڑے میں رکھ لینا علم اور قرآن سے کچھ حاصل کرنے اور کنکریوں کی مقدار کے مطابق ذکر اللہ سے منتفع ہونے کی دلیل ہے۔

(۷) بازار یا کسی درخت یا کسی اور جگہ سے کنکریاں اٹھانا دنیاوی فوائد اور دراہم جو تجارت سے حاصل ہوں یا پھلوں یا صدقہ اور سوال کے ذریعے کچھ حاصل ہونے کی دلیل ہے۔

(۸) بادشاہ کی خدمت کرنے والا کسی درخت کے پیچھے سے کنکری اٹھائے تو بادشاہ کی طرف سے عطایا ملنے کی علامت ہے۔

(۹) سمندر میں تجارت کرنے والے کے لیے یہ خواب سمندر سے فائدہ حاصل ہونے پر دلالت کرتا ہے۔

(۱۰) کسی طالب علم کے لیے یہ خواب کسی عالم سے اکتسابِ فیض کی دلیل ہے۔

(۱۱) صاحبِ اولاد کے لیے یہ خواب بیوی کی طرف سے ہبہ اور کوئی چیز ملنے کی اور بے اولاد کے لیے اولاد کی خوشخبری ہے۔

(۱۲) خواب میں دریا میں کنکری مارنا مال کے غرق ہونے کی طرف مشیر ہے۔

(۱۳) کنویں میں کنکری مارنا نکاح یا خادم خریدنے کی علامت ہے۔

(۱۴) اور شہد کے یا کھانے کے یا کسی اور برتن میں یا پانی کی ٹینکی میں کنکریاں مارنا اپنے پاس جو کچھ مال ہے اس کے ذریعے بمقدار کنکریاں ایسے سامانِ تجارت خریدنے کی علامت ہے جس پر وہ جگہ اور اس میں جو کچھ ہے دلالت کرتا ہے۔

(۱۵) خواب میں کسی جانور مثلا شیر، چیتا، بندر، ٹیڈی اور ان جیسے دوسرے جانوروں کو موسمِ حج میں کنکریاں مارنا عنقریب حج میں جا کر شیطان کو کنکریاں مارنے کی دلیل ہے۔

(۱۶) ایامِ حج کے علاوہ دوسرے ایام میں مذکورہ خواب دشمنوں اور فاسقوں پر بد دعا کرنے یا ان کو برا بھلا کہنے یا ان کے خلاف گواہی دینے پر دلالت کرتا ہے۔

(۱۷) مذکورہ جانوروں میں سے کسی اور جاندار چیز مثلاً کبوتر یا کسی انسان کو کنکری مارنا صالح اور نیک لوگوں اور پاکدامن عورتوں کی غیبت اور گالی دینے اور ان  کے خلاف باتیں کرنے کی دلیل ہے۔

(۱۸) بعض دفعہ کنکریوں کی دلالت دانشمندوں پر ہوتی ہے۔

(۱۹) کبھی اس کی دلالت گناہگاروں کے لیے تو بہ اور کافروں کے لیے ہدایت پر ہوتی ہے، کبھی اس کی دلالت گواہی دینے پر بھی ہوتی ہے اس لیے کہ نبی کریم ﷺ کے دستِ مبارک میں کنکریوں نے تسبیح پڑھی تھی۔

(۲۰) ریت کی طرح کنکریاں اٹھانا بھی مرض پر دلالت کرتا ہے۔

(۲۱) کنکریوں پر چلنا شر اور خصومت پر دلالت کرتا ہے، کبھی کنکریوں کی دلالت موت پر ہوتی ہے اس لیے کہ کنکریاں قبروں کے اوپر ڈالی جاتی ہیں۔

(۲۲) کبھی اس کی دلالت اصحابِ معیشت پر بھی ہوتی ہے اس لیے کہ یہ حضرات وزنِ اشیاء میں کنکریوں سے بھی کام لیتے ہیں اور کبھی اس کی دلالت سخت کلام پر بھی ہوتی ہے۔

(۲۳) کثیر کنکریاں مشغولیت کی علامت ہیں۔

(۲۴) کسی نے دیکھا کہ اس کے کان میں کنکری ہے اس کے کان نے اس کو باہر پھینک دیا تو سخت بات سننے اور اس کو قبول نہ کرنے کی دلیل ہے۔

error: Content is protected !!
Scroll to Top