خواب میں نہانا یا غسل کرنا

Khwab me nahana ya ghusal karna

(۱) خواب میں پاک پانی کے ساتھ صرف جنابت کو یا پورے جسم کو دھونا گنا ہوں سے توبہ کرنے کی دلیل ہے اور والدین اور دوستوں کے ساتھ بھلائی کرنے کی علامت ہے لیکن مذکورہ صورت اس وقت ہے جبکہ ٹھنڈے پانی سے سردی کے زمانے میں غسل کیا ہو، بسا اوقات سردیوں میں ٹھنڈے پانی سے غسل کرنا پریشانیوں، کینہ اور بیماریوں پر دلالت کرتا ہے۔

(۲) سردی میں گرم پانی سے غسل کرنا منافع، فوائد اور بیماریوں سے شفا پر دلیل ہے۔

(۳) جو شخص عیدین میں سے کسی عید کے لئے غسل کرے اگر وہ کنوارہ ہے تو شادی کرے گا۔

(۴) سورج گرہن یا چاند گرہن میں سے کسی ایک کے لئے غسل کرنا دلیل ہے کہ غسل کرنے والے کو مہمل کام یا کینہ میں سے کسی کا سامنا ہو سکتا ہے۔

(۵) استسقاء کے لئے غسل بھی کسی مہمل کام یا کینہ میں مبتلا ہونے کی دلیل ہوتا ہے۔

(۶) خواب میں میت کو غسل دینے پر غسل کرنا معاشرہ سے اربابِ غفلت کو ختم کرنے کی علامت ہوتا ہے۔

(۷) خواب میں غسل کرنے والا کافر ہو تو یہ اس کے مسلمان ہونے کی خوشخبری ہے۔

(۸) اگر غسل کرنے والا جنون کی بیماری میں مبتلا تھا تو یہ اس کے بیماری سے صحیح ہو جانے کی دلیل ہے۔

(۹) خواب میں احرام یا دخولِ مکہ کے لئے غسل کرنا فرحت وسرور اور غائبین کے واپس آ جانے اور قرضہ کی ادائیگی پر دلالت کرتا ہے۔

(۱۰) خواب میں رمیِ جمار اور طواف کے لئے غسل کرنا بھی مذکورہ بالا چیزوں پر دلالت کرتا ہے، بسا اوقات رمی کے لئے غسل کرنا دشمنوں کے خلاف مدد حاصل کرنے پر بھی دلالت کرتا ہے۔

(۱۱) خواب میں طواف کے لئے غسل کرنا حصولِ رزق کی کوشش یا بادشاہوں اور ان کے علاوہ اکابر کی خدمت کی دلیل ہے، طواف کے لئے غسل کرنا بیوی یا والدین کے پاس بار بار آنے کی علامت ہوتا ہے۔

(۱۲) اگر خواب میں دیکھے کہ اس نے غسل بھی کیا اور نئے کپڑے بھی پہنے اگر وہ مریض ہے تو اللہ تعالیٰ اسے شفا دے گا اور اگر وہ مقروض ہے تو اللہ تعالیٰ اس کا قرضہ ادا کر دیں گے اور اگر وہ قیدی ہے تو اسے قید سے نجات ہو گی اور اگر وہ پریشان ہے تو اللہ پاک اس کی پریشانی کو دور فرما دیں گے اور اگر ابھی تک حج نہیں کیا تو اللہ تعالیٰ حج کی توفیق عطا فرمائیں گے اور اگر وہ فقیر ہے تو اللہ پاک اسے غنی کر دیں گے اور اگر وہ ایسا تاجر یا پھیری لگانے والا ہے کہ جس کی تجارت اور کمائی میں کافی خسارہ ہے تو اللہ پاک اس کی تجارت اور کمائی کو بڑھا دیں گے اور پریشانیوں کو اس سے دور کرتے ہوئے دولت اس کی طرف لوٹا دیں گے اور اگر اسے کسی عہدہ سے معزول کر دیا گیا تھا تو اللہ پاک اسے ولایت دوبارہ عطا فرمائیں گے، فرمانِ باری تعالی ہے: (ہذا مغتسل بارد وشراب) الآیۃ، ”یہ چشمہ نکلا نہانے کو ٹھنڈا اور پینے کو“  چنانچہ حضرت ایوب علیہ السلام نے جس وقت غسل کر کے نئے کپڑے پہنے تو اللہ پاک نے اس کے اہل، اولاد اور ان کی ہلاک ہونے والی ہر چیز کو دوبارہ لوٹا دیا ۔

(۱۳) خواب میں دیکھا کہ صرف غسل کیا ہے نئے کپڑے نہیں پہنے تو اس کی پریشانی ختم ہو جائے گی اور اس کا جسم بھی صحیح ہو جائے گا۔

(۱۴) اور اگر خواب میں غسل کر کے پرانے کپڑے پہنے تو یہ پریشانی کے ختم ہونے کے ساتھ غربت کا سامنا کرنے کی دلیل ہے۔

(۱۵) خواب میں غسل کا مکمل ہونا اس کام کے مکمل ہونے کی علامت ہے جس کا اس نے ارادہ کیا ہوا ہے۔

(۱۶) اور غسل کا مکمل نہ ہونا اس کام کے ادھورا رہ جانے کی دلیل ہے جس کا قصد کیا ہوا ہے ۔

(۱۷) خواب میں اگر کسی نے دیکھا گویا وہ غسل کے لئے حوض یا بڑے مٹکے یا اس جیسی کسی چیز کے پاس آیا ہے اگر غسل کرنے والا کنوارا ہے تو دلیل ہے اس بات پر کہ وہ شادی کرے گا۔

(۱۸) خواب میں اگر کوئی دیکھے کہ وہ جاری پانی میں غسل یا وضو کر رہا ہے تو یہ دلیل ہے اس بات پر کہ اس کی چوری شدہ چیز اس کو مل جائے گی۔

(۱۹) اگر کوئی خواب میں گرم پانی سے غسل کرے تو اسے پانی کی حرارت کے بقد رغم حاصل ہو گا۔

(۲۰) خواب میں گرم پانی پینا تعبیری نقطہ نظر سے اچھا نہیں ہے، فرمانِ خداوندی ہے: (وسقوا ماء حمیما فقطع أمعاءہم) (محمد) ”اور پلایا گیا ان کوکھولا ہوا پانی جوان کی انتڑیوں کو کاٹ ڈالے گا“۔

(۲۱) یہ بھی کہا گیا ہے کہ غسل شادی بیاہ پر دال ہے۔

(۲۳) خواب میں نامعلوم عورت کا غسل آسمان سے نازل ہونے والی بارش پر دلالت کرتا ہے۔

(۲۴) خواب میں اگر کوئی دیکھے کہ اس نے اپنے دونوں ہاتھوں کو اشنان سے دھویا ہے اور اس کی کسی سے دشمنی بھی ہے دونوں میں محبت اور دشمنی ختم ہو جائے گی اور خوف سے نجات حاصل ہو جائے گی۔

(۲۵) اور اگر کسی انسان کو امید دلائی ہوئی ہے تو وہ اس سے مایوس ہو جائے گا۔

(۲۶) اور اگر اس سے گناہ سرزد ہو گیا تو توبہ کی توفیق ہو گی، یہ بھی کہا گیا ہے کہ اشنان صابون وغیرہ سے غسل کرنا قرض کی ادائیگی، پریشانی اور کینہ کے زائل ہونے کی دلیل ہے، خواب میں کسی چیز سے ہاتھ دھونا اس چیز سے مایوس ہو جانے کی علامت ہے۔

(۲۷) خواب میں کپڑوں کا دھونا بیداری میں دین کی درستگی کی دلیل ہے۔

(۲۸) خواب میں اگر کوئی دیکھے کہ زرد رنگ کے کپڑے کو دھو رہا ہے یہاں تک کہ اس کی زردی ختم کر دی تو یہ بیماری سے شفایاب ہو جانے پر دلیل ہے، یہ بھی کہا گیا ہے کہ کپڑوں کا دھونا قرض کی ادائیگی کی نوید ہے، بقولِ بعض کپڑوں کا دھونا چھپی ہوئی چیزوں کے ظاہر ہونے کی علامت ہے۔

(۲۹) خواب میں میت کو غسل دینا قرض کی ادائیگی کی دلیل ہے۔

(۳۰) خواب میں میت کا اپنے آپ کو غسل دینا ادائیگئ دین کی بشارت ہے، پریشانیوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کی بھی علامت ہے اور ہر خیر کی طرف جانے اور مال اور اولاد میں زیادتی کی بھی دلیل ہے۔

(۳۱) خواب میں اگر کوئی دیکھے کہ کسی انسان نے اسے غسل دیا تو اس کے دین میں فساد پیدا کرنے والا کوئی آدمی ظاہر ہو گا اور خواب دیکھنے والے آدمی کے ہاتھ پر توبہ کرے گا۔

(۳۲) اگر کوئی خواب میں یہ دیکھے کہ میت کسی انسان سے یہ مطالبہ کر رہی ہے کہ وہ اس کے کپڑوں کو دھوئے تو یہ دلیل ہے کہ میت کو خواب دیکھنے والے کی طرف سے دعاؤں کی ضرورت ہے یا قرض کی ادائیگی یا وصیت پورا کرنے یا تاریکی دور کرنے کی یا ایسی چیز کی ضرورت ہے جس کا میت سے سوال کیا گیا ہے۔

خواب میں نہلانے والا دیکھنا

Khwab me nehlane wala dekhna

خواب میں غاسل اربابِ جہل اور ان لوگوں کے لئے جو نصیحت کو قبول نہیں کرتے ادب سکھانے والے پر دلالت کرتا ہے، خواب میں غاسل کو دیکھنا پریشانی اور کینہ کے ختم ہونے پر دلالت کرتا ہے ، ایسے ہی سفر کی تیاری پر بھی دال ہوتا ہے۔

error: Content is protected !!
Scroll to Top