khwab me butt idol dekhna
(۱) اس کی دلالت ایسے غدار شخص پر ہوتی ہے جو صورت کے لحاظ سے خوبصورت اور سیرت کے لحاظ سے بد خلق ہو۔
(۲) کسی نے خواب دیکھا کہ وہ بت پرستی کر رہا ہے تو تعبیر ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے بارے میں اپنی طرف سے گھڑ کر غلط باتیں بکے گا۔
(۳) اگر معبود بت لکڑی کا ہے تو وہ اپنے دین کے ذریعے منافق قسم کے ایک ظالم بادشاہ کا تقرب حاصل کرنے کی دلیل ہے۔
(۴) اگر بت جلائے جانے والی لکڑی کا ہو تو تعبیر ہے کہ وہ اپنے دین کے ذریعے جدال طلب کرے گا۔
(۵) اگر بت چاندی کا ہو تو دلیل ہے کہ وہ اپنے دین میں ایسا عمل کرے گا جس کے ذریعے وہ کسی ایسی عورت یا لڑکی کا تقرب حاصل کرے گا جو اترانے والی خیانت کار ہو گی۔
(۶) اگر سونے سے بنے ہوئے بت کی پرستش کرے تو تعبیر ہے کہ اپنے دین میں کسی منکر کا ارتکاب کرے گا اور ایسے شخص کے قریب ہو گا جو اللہ تعالی کے نزدیک مبغوض ہے اور اس سے ناپسندیدہ شی حاصل کرے گا اور اندیشہ ہے وہ شخص اس کے مال کو ہڑپ کر جائے۔
(۷) اگر پیتل یا لوہے یا سیسہ سے بنے ہوئے بت کی عبادت کرے تو دلیل ہے وہ اپنے دین کے ذریعے دنیا کمائے گا اور اپنے رب کو بھول جائے گا اور بعض دفعہ خواب میں کسی بت کو دیکھنا کسی بعید جگہ کے لئے سفر کرنے کی طرف بھی اشارہ ہوتا ہے۔
(۸) سونے چاندی کی کوئی صورت دیکھنا دنیا ملنے کی دلیل ہے۔
(۹) کسی انسان کے مشابہ چھوٹی مورتیوں کو متحرک دیکھنا خوشحالی اور حالت کے بہتر ہونے اور سفر کرنے پر دلالت کرتا ہے۔
(۱۰) اگر وہ حرکت کرنے والی مورتیاں بڑی بڑی ہوں تو یہ شدت وخوف کی علامت ہے اور کبھی مورتیاں انسان کی ان اولاد پر دلالت کرتی ہیں جو اس کے خواہش کے مطابق ہو۔
(۱۱) کسی نے خواب دیکھا کہ وہ کسی بت کی پرستش کر رہا ہے تو دلیل ہے وہ اللہ تعالی کے مرضی کے خلاف اپنی نفسانی خواہش کی وجہ سے کسی باطل عمل میں مشغول ہے۔
(۱۲) اگر وہ بت جس کی وہ عبادت کرتا ہے سونے کا بنا ہوا ہے تو دلیل ہے کہ وہ ایک ایسے شخص کا قرب حاصل کرے گا جو اللہ تعالی کی عبادت کرتا ہے اور اس کی طرف سے اس کو ناپسندیدہ امر پیش ہو گا اور اس کا یہ خواب اس کے دین کی کمزوری کے ساتھ ساتھ مال کے ہاتھ سے چلے جانے پر دلالت کرتا ہے۔
(۱۳) بت کی دلالت کسی عورت سے عشق کرنے پر بھی ہوتی ہے اور کبھی بتوں کی دلالت عجمی لوگوں پر اور کبھی گونگوں پر اور کبھی احمقوں پر بھی ہوتی ہے اور کبھی بت دیکھنا دلالت کرتا ہے اس چیز پر جو انسان کو اللہ تعالی کی عبادت کرنے نہیں دیتی مثلاً جاہ، مال، بیوی، اولاد اور اسی طرح دوسری چیزیں۔ (۱۴) خواب میں اپنے پاس بت دیکھنا احمق یا گونگی عورت سے شادی کرنے پر دلالت کرتا ہے اور اس خواب کی تعبیر بیٹے ملنے سے بھی کی جاتی ہے، اسی طرح بت میں کوئی حادثہ، کمی یا زیادتی کی صورت میں ہو جائے تو ان لوگوں میں کمی زیادتی ہونے کی دلیل ہے جن لوگوں پر بت از روئے تعبیر دلالت کرتا ہے اور کبھی بت زمانے پر بھی دلالت کرتا ہے چنانچہ بت کے اعضاء میں کوئی نقص وزیادتی زمانے کے لوگوں میں کمی زیادتی کی علامت ہوتی ہے اور خواب میں بت کو توڑنا بلند مرتبہ حاصل کرنے، اپنے دشمنوں پر غالب آنے اور ان کی سازشوں سے محفوظ رہنے کی بشارت ہے۔