Khwab me sareed dekhne ki tabeer
خواب میں ثرید دیکھنے کی تعبیر انسان کی زندگی، اس کی کمائی اور اس کا پیشہ ہے۔
(۱) کسی نے برتن میں ثرید یا چربی دیکھی تو یہ دنیا کی کشادگی کی علامت ہے۔
(۲) کسی نے دیکھا وہ کسی برتن سے ثرید کھا رہا ہے تو یہ اس کی عمر پر دال ہے جتنا کھایا ہے وہ ختم شدہ عمر ہے اور جو باقی ہے وہ باقی ماندہ عمر کی دلیل ہے۔
(۳) اگر برتن میں سارہ ثرید ختم کر دیا تو عمر کے فنا ہونے کی دلیل ہے۔
(۴) چکنائی والا ثرید کھانا بقدرِ چکنائی حصولِ ولایت ومنافع کی دلیل ہے۔
(۵) اور ثرید میں چکنائی نہ ہو تو ولایتِ غیر نافعہ کی علامت ہے۔
(۶) کسی نے دیکھا اس کے سامنے برتن میں تیل میں ڈلا ہوا ثرید موجود ہے اور وہ اس کے کھانے کی تیاری میں نہیں ہے تو دلیل ہے کہ صاحبِ خواب مال جمع کرے گا لیکن کھائے گا کوئی اور۔
(۷) کسی نے دیکھا کہ ثرید موجود ہے اور ختم ہونے کے خوف سے نہیں کھا رہا تو دلیل ہے کہ اس کو بہت نعمت اور حیاتِ طیبہ نصیب ہو گی اس کو موت کا خوف ہوگا۔
(۸) کسی نے دیکھے بغیر چکنائی والا ثرید جو اچھا نہ ہو کھا کر ختم کر دیا تاکہ جان چھوٹ جائے تو دلیل ہے کہ صاحبِ خواب فقر وتنگی کے سبب مرنے کی تمنا کرے گا۔
(۹) بغیر گوشت کے سرکہ کا ثرید جو تقوی کے ساتھ ہو پاک رقم کی دلیل ہے۔
(۱۰) بغیر چکنائی کے ثرید گھٹیا پیشے کی نشانی ہے۔
(۱۱) درندے کے گوشت کا ثرید مضبوط اور ظالم قوم پر ڈرتے ہوئے زبردستی حکومت کرنے کی دلیل ہے۔
(۱۲) اور اگر درندے کے گوشت کے ثرید کے ساتھ چربی بھی ہو تو یہ مالِ حرام کی علامت ہے۔
(۱۳) اگر مذکورہ خواب کوئی تاجر دیکھے تو ظالم قوم کے ساتھ اس کے معاملات ہوں گے۔ اور اگر یہ خواب کوئی صنعت کار دیکھے تو مالِ حرام کی دلیل ہے۔
(۱۴) اگر ثرید کتے کے گوشت کا ہو تو گھٹیا حکمرانی اور گھٹیا تجارت اور گھٹیا کمائی اور بے وقوف لوگوں کے ساتھ معاملات کی دلیل ہے۔
(۱۵) اگر کتے کے گوشت کی ثرید چربی کے ساتھ ہو تو یہ بھی مالِ حرام پر دلالت کرتا ہے اور اگر بغیر چربی کے ہو تو یہ فقر وفاقہ کی علامت ہے اور اگر اس سارے ثرید کو ختم کر دے تو فقر وفاقہ کے سبب موت واقع ہونے کی نشانی ہے۔
(۱۶) خواب میں پرندوں کو چیر پھاڑ کر کھانے والے پرندے کے گوشت کا ثرید دلیلِ ولایت ہے اور ایسی تجارت وکسب کی علامت ہے جو متکبر وسخت قسم کے لوگوں کے ساتھ ہو۔
(۱۷) اور کشک کے پانی میں ڈالا ہوا ثرید بے فائدہ اور گھٹیا پیشہ کی علامت ہے۔