khwab me sar ke baal katwane ki tabeer
خواب میں سر کے بال حلق یا قصر کرنے کی تعبیر صاحبِ خواب کی عادت کے مطابق ہوتی ہے۔
(۱) چنانچہ خواب دیکھا کہ اس نے اپنے سر کے بال مونڈھ دیے تو تعبیر یہ ہے کہ وہ اپنا مال اللہ کے راستے میں لٹا دے گا۔
(۲) اگر صاحبِ خواب کی عادت موسم گرما میں سر کے بال مونڈنے کی ہے اور گرمی کے زمانہ میں خواب میں سر مونڈا ہوا دیکھے تو یہ حصولِ فوائد کی دلیل ہے اور کبھی اس خواب کی دلالت راحت وسرور اور آنکھوں کی بیماریوں سے شفاء پر بھی ہوتی ہے۔
(۳) سردی کے زمانے میں خواب دیکھا کہ سر کے بال مونڈے ہوئے ہیں تو اس کی دلالت صدموں اور تکالیف امراض وتاوان وغیرہ پر ہوتی ہے۔
(۴) غیر موضع حلق میں حلق زخموں اور نقصان کی علامت ہے اور سر کے بال کٹوانے کی تعبیر امانت کی ادئیگی اور خوف سے امن بھی ہے۔
(۵) یہی تعبیر بال چھوٹے کرنے کی ہے۔
(۶) حج میں حلق کرنا قرض کی ادائیگی کے ساتھ کامیابی نصیب ہونے کی علامت ہے۔
(۷) بالوں کو کم کرنا خوف سے مامون ہونے کی بھی دلیل ہے۔
(۸) غیر حج میں حلق کرنے کی تعبیر اس سے کم تر ہے، چنانچہ اگر صاحبِ خواب کسی پریشانی میں مبتلا ہو یا قرضوں میں گرفتار ہو تو تعبیر یہ ہے کہ اس سے نجات ملے گی۔
(۹) کسی رئیس اور غنی شخص کا غیر موسمِ حج میں خواب میں سر مونڈنا فقیر ہونے کی علامت ہے۔
(۱۰) مقروض کے لیے یہ خواب ادئیگی قرض کی دلیل ہے، کبھی اس کی دلالت ہتکِ عزت اور سازش یا بسببِ موت حکمرانی سے محروم ہونے پر بھی ہوتی ہے۔
(۱۱) ہمیشہ مسلح رہنے والے شخص کے لیے قوی ہونے ومصیبت کے ختم ہونے کی نشانی ہے۔
(۱۲) کبھی اپنا سر مونڈا ہوا دیکھنا دشمن پر غلبہ وقوت وعزت حاصل کرنے پر دلالت کرتا ہے۔
(۱۳) کسی نے خواب دیکھا کہ وہ سر کے بال کاٹ رہا ہے تو دلیل ہے کہ اس کی عزت واحترام میں کمی آئے گی۔
(۱۴) حالتِ بیداری میں سر مونڈنے والے شخص کا خواب میں سر مونڈنا اس کے نیک وصالح ہونے کی دلیل ہے۔
(۱۵) خواب میں اپنے ہاتھوں سے حلق کرنا ادائیگی قرض کی دلیل ہے۔
(۱۶) کسی نے خواب میں بدن پر چونا لگایا اور اس سے اس کے زیرِ ناف بال صاف ہو گئے اگر صاحبِ خواب غنی ومالدار ہے تو تعبیر ہے کہ اس کا مال اور طاقت چلی جائے گی، بعض کی رائے ہے کہ اس کا مال جائیداد خریدنے میں ختم ہو جائے گا۔
(۱۷) اگر صاحبِ خواب فقیر ہے تو دلیل ہے کہ وہ مالدار ہو گا اور اس کا احتیاج ختم ہوگا اور اگر چونے سے بعض بال صاف ہو گئے اور بعض نہیں ہوئے تو تعبیر ہے کہ اس کی نعمت وقوت میں کمی آئے گی، خواب میں اُسترے سے زیرِ ناف بال صاف کرنا بیوی کی طرف سے کسی قسم کی خیر ملنے کی طرف اشارہ ہے، اگر یہی خواب عورت دیکھے تو شوہر کی جانب سے خیر ملنا متوقع ہے۔
(۱۸) خواب میں اپنے بالوں کا کاٹنا یا بالوں کا کٹ جانا قوت میں کمی کی دلیل ہے۔
(۱۹) حالتِ بیداری میں بالوں کی حفاظت کرنے والے شخص کا خواب میں انہیں مونڈ دینا تعبیر کے لحاظ سے اچھا نہیں ہے، چنانچہ اگر وہ حالتِ جنگ میں ہے تو قید ہوگا اور اس کا سرکٹ جائے گا۔
(۲۰) اگر حالتِ صلح میں ہے تو اس کا مال اس کے ہاتھ سے نکل جائے گا اور ہتکِ عزت ہو گی یا پھر صاحبِ خواب اپنے رئیس سے جدا ہوگا۔
(۲۱) کسی نے حالتِ جہاد میں یا حالتِ حج میں یا اشہرِ حج میں خود کو دیکھا کہ اپنے سر کے بال مونڈ رہا ہے تو تعبیر ہے کہ اس کے گناہوں کا کفارہ ہو گا اور اس کے تمام قرض ادا ہوں گے، نیز صدمات وغم ختم ہو جائیں گے اور مذکورہ ایام کے علاوہ اور ایام ہوں یا موسم سرما ہو خواب میں بالوں کو مونڈنا حکمرانی سے معزول ہونے اور مال کے ہاتھ سے نکل جانے کی دلیل ہے، بعض علماءِ تعبیر کہتے ہیں کہ اس خواب کی تعبیر یہ ہے کہ اس کا والد اگر زندہ ہے تو اس کا انتقال ہو گا اور اس کا مال ختم ہو جائے گا اور بعض کی رائے کے مطابق اس خواب کی تعبیر والدہ اور ولد کے انتقال سے کی جاتی ہے۔
خواب میں ڈاڑھی کاٹنے کی تعبیر
Khwab me darhi beard kaatne ki tabeer
(۱) خواب میں نصف داڑھی کا کٹ جانا عزت کے ختم ہونے اور فقیر ہونے کی علامت ہے۔
(۲) کسی نے خواب دیکھا کہ ایک غیر معروف جوان نے اس کی داڑھی کو مونڈ ڈالا ہے تو تعبیر ہے کہ ایسے دشمن کے ہاتھ میں جائے گا جس کو وہ جانتا ہے یا پھر وہ اس کا ہم نام ہوگا۔
(۳) اگر داڑھی مونڈنے والا آدمی بوڑھا ہو تو دلیل ہے کہ اس کی عزت کسی بے اصل اور مضبوط آدمی کے ہاتھوں ختم ہو جائے گی۔
(۴) کسی نے دیکھا کہ اس کی داڑھی مونڈ دی گئی تو علامت ہے کہ اس کی معیشت اور مال ودولت اس کی بے وقوفی کی وجہ سے ختم ہو جائے گا، بالوں کو اکھاڑنے کی بہ نسبت مونڈنے کی تعبیر کم درجہ کی ہے، کبھی چہرے کے بال اکھاڑ نا بعض امور کی درستگی کی علامت ہوتا ہے اگر اس سے چہرہ بد نما معلوم نہ ہورہا ہو۔
( ۵) خواب میں داڑھی کو مٹھی میں پکڑ کر زائد بال کاٹنا ادائیگی زکوۃ کی دلیل ہے۔
(۶) کسی نے خواب دیکھا کہ وہ اپنی داڑھی کو مٹھی میں پکڑ کر جڑ سے کاٹ رہا ہے تو تعبیر ہے کہ وہ اپنے چچا کی میراث کھائے گا اور اس کے سوا اس کا کوئی اور وارث نہ ہوگا۔
(۷) داڑھی کا کچھ حصہ کاٹنا جوہرات ملنے کی علامت ہے۔
(۸) داڑھی کا مونڈنا مال وجاہ کے ختم ہونے کی علامت ہے، بعض نے کہا ہے کہ داڑھی مونڈنا مندرجہ ذیل پر دلالت کرتا ہے سازش، دھوکہ، فصلوں میں نقصان واقع ہونا، پھلوں کو پکنے سے پہلے اُتارنا اور بیوی یا بچے کی اچانک موت وغیرہ۔
(۹) حالتِ بیداری میں داڑھی مونڈ کر اسے پسند کرنے والا شخص خواب میں خود کو داڑھی مونڈتے دیکھے اس کے مستغنی ہونے اور عیال کا کفیل بننے کی دلیل ہے۔
خواب میں عورت کے بال کاٹنے کی تعبیر
khwab me orat ke baal katne ki tabeer
(۱) کسی عورت نے خواب دیکھا کہ اس کے سر کے بال مونڈ دیے گئے تو دلیل ہے کہ اس کا یا اس کے شوہر کا انتقال ہو گا اور یہ خواب علامتِ رسوائی ہے اور بعض علماء کی رائے کے مطابق یہ خواب اس کے شوہر کی طرف سے اس کو کوئی خیر نصیب ہونے پر دلالت کرتا ہے۔
(۲) خواب میں اپنی مونچھوں کو صاف کرنا یا کم کرنا خیر نصیب ہونے پر دلالت کرتا ہے، کسی نے دیکھا کہ اس کے سر کے بال اور داڑھی دونوں مونڈ دیے گئے اگر صاحبِ خواب مریض ہے تو صحت یاب ہوگا اور اگر مقروض ہے تو قرض سے چھٹکارہ ملے گا، اگر غمزدہ ہے تو غم دور ہو گا، لیکن بعض اصحابِ تعبیر کی رائے کے مطابق اس خواب کی تعبیر اچھی نہیں ہے۔
(۳) کسی نے دیکھا گویا وہ اپنی گدی مونڈ رہا ہے تو اس کا قرض ادا ہو گا اور کسی کو پتہ تک نہ ہوگا۔
(۴) اسی طرح اگر کوئی شخص خواب میں اپنے پیٹ کے بال صاف کرے تو یہ بھی اللہ تعالی کی طرف سے ادئیگئ قرض کے سلسلے میں غیبی مدد اور اس کی بدولت اس کی حالت کی اصلاح کی دلیل ہے۔
(۵) خواب میں کسی عورت کا سر مونڈا ہوا دیکھنا دلیل ہے کہ اس کا شوہر اس کو طلاق دے گا یا مر جائے گا یا اس سے جدا ہو گا۔
(۶) کسی عورت نے خواب دیکھا کہ اس کا شوہر اس کے سر کے بال کاٹ رہا ہے یا مونڈ رہا ہے تو دلیل ہے کہ شوہر اس کو اس کے گھر میں محبوس رکھے گا جیسے کہ پرندے کے پر کاٹ کر اسے گھونسلے میں قید کر دیا جاتا ہے۔
(۷) بعض معبرین کی رائے ہے کہ عورت کا خواب میں اپنے بالوں کا حلق کرنا پردہ کرنے کا اشارہ ہے۔
(۸) عورت کا خواب میں کسی دینی مصلحت یا کسی دلیل کی بنا پر بالوں کو مونڈنا یا کم کرنا ادائے قرض اور اداءِ امانت کی دلیل ہے، مذکورہ تعبیریں جب ہیں کہ صاحبِ خواب خود کو حرمِ مکرم میں بال مونڈ تے یا کم کرتے دیکھے۔
( ۹) کسی عورت نے خواب میں دیکھا کہ ایک آدمی اس کو بال کاٹنے کی دعوت دے رہا ہے تو دلیل ہے کہ اس کے شوہر کو کسی دوسری عورت کی طرف بلائے گا اور خواب دیکھنے والی عورت اور اس شخص کے درمیان عشق کا معاملہ ہوگا۔
(۱۰) کسی شخص نے خواب دیکھا کہ اس کی بیوی کے گیسو کئے ہوئے ہیں تو تعبیر ہے کہ وہ بے اولاد ہوگا۔
خواب میں سر مونڈنے والا یا گنجا کرنے والے کو دیکھنے کی تعبیر
khwab me sr mondne wala dekhne ki tabeer
خواب میں سر مونڈنے والا یا گنجا کرنے والے کو دیکھنا ایسے مرد کو دیکھنا ہے جو سلطان کے پاس لوگوں کے اموال سے فساد کو زائل کر دے۔