khwab me qazi judge dekhna
(۱) کسی نے خواب دیکھا کہ عہدہ قضاء پر فائز ہوا اور اس میں عدل کیا اگر وہ تاجر ہے تو منصف ہو گا اور اگر دوکاندار ہے تو ناپ وتول میں برابری کرے گا۔
(۲) اگر کسی نے خواب میں اپنے آپ کو لوگوں کے درمیان فیصلہ کرتے دیکھا اور وہ فیصلہ کرنے کو اچھا نہیں سمجھتا تو وہ اپنے فیصلہ میں صلح کرے گا اور عدل نہیں کرے گا، اگر وہ حکمران ہے تو معزول ہو گا، اگر مسافر ہے تو لوٹ لیا جائے گا، اگر مسافر نہیں تو نعمت کے متغیر ہونے اور مصیبت میں مبتلا ہونے کی دلیل ہے۔
(۳) معروف قاضی کو اپنے فیصلہ میں ظلم کرتے ہوئے دیکھا تو دلیل ہے کہ اس علاقے کے لوگ اپنے ناپ وتول میں کمی کرتے ہیں۔
(۴) اگر کسی نے خواب دیکھا کہ قاضی کے پاس مقدمہ پیش کیا اور قاضی نے اس کے ساتھ انصاف کیا تو تعبیر ہے کہ صاحبِ خواب اپنے خصم سے انصاف کرے گا، اگر وہ غمگین ہے تو اس سے غم دور ہو گا، اگر قاضی نے اپنے فیصلہ میں ظلم کیا تو صاحبِ خواب اپنے خصم سے خلاصی نہیں پائے گا۔
(۵) اگر کسی نے خواب میں قاضی کو دیکھا کہ اس نے ترازو قائم کیا ہے اور ترازو بوجھل ہے تو صاحبِ خواب کے لئے اللہ تعالی کے ہاں بڑا اجر اور ثواب ملے گا اور اگر ترازو ہلکا ہے تو صاحبِ خواب کے لئے گنا ہوں سے ڈرانا ہے۔
(۶) اگر کسی نے دیکھا کہ قاضی کھوٹے سکوں کا وزن کر رہا ہے تو دلیل ہے کہ وہ جھوٹی گواہی سنے گا اور اس کے ذریعہ فیصلہ ہو گا۔
(۷) اجنبی قاضی کو دیکھنا اللہ تعالی کو دیکھنے کی دلیل ہے، اگر کسی نے خواب دیکھا کہ وہ قاضی یا حکیم یا عالم بن گیا ہے تو اس کو رفعت، زہد اور علم نصیب ہو گا، اگر صاحبِ خواب اس کا اہل نہیں ہے تو وہ کسی باطل امر میں مبتلا ہو گا، اگر مسافر ہے تو لوٹا جائے گا۔
(۸) قاضی کے چہرے کو خوش دیکھنا خوش خبری اور سرور نصیب ہونے کی بشارت ہے، اگر کسی نے قاضی کے بیٹھنے کی جگہ کو خواب میں دیکھا تو اس کوغم اور جھگڑے در پیش ہوں گے، بعض نے کہا کہ حکام اور قضاۃ اور احکامات میں گفتگو کرنے والے اور سنن اور فرائض اور شرائع کے اساتذہ کی جگہ کو خواب میں دیکھنا اضطراب اور غم اور لوگوں کے مالِ کثیر کے تلف ہونے اور حقیقی چیزوں کے ظہور پذیر ہونے پر دلالت کرتا ہے۔
(۹) یہ خواب حالتِ مرض میں دیکھنا غم اور بحران کی دلیل ہے۔
(۱۰) اگر کسی مریض نے دیکھا کہ فیصلہ اس کے حق میں ہوا ہے تو اس کا رجحان خیر کی طرف ہو گا اور وہ بیماری سے صحت یاب ہو گا۔
(۱۱) اگر مریض نے دیکھا کہ فیصلہ اس کے خلاف ہوا ہے تو وہ مر جائے گا، اگر کسی جھگڑنے والے آدمی نے خواب دیکھا کہ وہ قاضی کی جگہ بیٹھا ہوا ہے یا وہ حاکم ہے تو اس کی مدد ہو گی اور اس کی مدد اور مغلوب نہیں ہوگا، کیوں کہ قاضی اپنے خلاف فیصلہ نہیں کرتا، خواب میں جان پہچان والے قاضی کو دیکھنا طبیب کی دلیل ہے اور کبھی بعینہ اسی قاضی کو دیکھنے کی علامت ہے۔