خواب میں جنازه دیکھنے کی تعبیر

Khwab me janazah ya mayyat dekhne ki tabeer

(۱) کسی نے دیکھا کہ وہ کسی کی نمازِ جنازہ پڑھ رہا ہے تو دلیل ہے وہ اللہ کے لیے کسی قوم کے ساتھ مواخات کا معاملہ کرے گا۔

(۲) کسی نے خواب دیکھا کہ میت کی چار پائی پر اس کو رکھا گیا مگر اس کو کوئی اٹھا نہیں رہا تو دلیل ہے کہ وہ کسی صاحبِ سلطنت کی تابعداری کرے گا۔ اور اس سے مال پائے گا اور اس کو کچھ فائدہ بھی حاصل ہو گا۔

(۳) خواب میں جنازے کے پیچھے پیچھے چلنا کسی بے دین بادشاہ کی پیروی کی دلیل ہے۔

(۴) اپنے آپ کو میت کے اوپر پڑا ہوا د یکھنا مال کی کثرت کی دلیل ہے۔

(۵) کسی نے خواب میں دیکھا کہ لوگوں نے اس کو اٹھا کر میت کی چار پائی پر رکھ دیا اور اپنے کندھوں پر اس کو اٹھا کر لے گئے تو دلیل ہے کہ وہ رفعت وقوت پائے گا لوگوں پر غالب ہو گا، گویا ان کی گردنوں پر سوار ہو گا اس کے اتباع اس کے زیرِ دست رہیں گے۔

(۶) کسی نے خواب دیکھا کہ وہ مرا ہے اور لوگ اس پر رو رہے ہیں تو اس کے حسنِ انجام کی یہ دلیل ہے۔

(۷) اور اگر دیکھے کہ لوگ صاحبِ خواب کے مرنے پر نہیں روئے بلکہ ہر ایک اس کی برائی بیان کر رہا ہے تو برے انجام کی اور عاقبت  کے خراب ہونے کی دلیل ہے۔

(۸) کوئی والی یا تاجر کوئی رئیس یا صانع خواب دیکھے کہ اس کا انتقال ہو گیا اور لوگ اس کے لیے دعائیں کر رہے ہیں اور اس کی اچھی تعریف کر رہے ہیں تو تعبیر ہے کہ اس کی عاقبت اچھی ہوگی۔

(۹) کسی نے دیکھا کہ وہ چارپائی پر لیٹا ہے اور چار پائی زمین پر چل رہی ہے تو دلیل ہے کہ صاحبِ خواب کشتی پر سوار ہوگا۔

(۱۰) کسی نے دیکھا کہ جنازہ ہوا میں چل رہا ہے تو دلیل ہے کہ اس علاقے کے رئیس یا عالم کا انتقال ہو گا جس کی وجہ سے ان کے امور کی رہنمائی کرنے والا کوئی نہ رہے گا یا اس کی تعبیر ہے کوئی بلند مرتبہ والا شخص مسافرت کی حالت میں یا حج کے راستے یا جہاد میں انتقال کر جائے گا۔

(۱۱) جنازوں کا جانے پہچانے قبرستان میں پہنچ جانا اہلِ حق کو حق پہنچنے کی دلیل ہے۔

(۱۲) کسی علاقے میں بہت سے جنازے رکھے دیکھنا اس علاقے میں فسق وزنا کی کثرت کی علامت ہے۔

(۱۳) خواب میں جنازہ اٹھا نا حرام مال حاصل کرنے کی نشانی ہے۔

(۱۴) عورت کا خواب میں مر جانا اور چارپائی پر رکھ کر اٹھایا جانا شادی شدہ ہونے کی دلیل ہے اور شادی شدہ عورت کے لیے یہ خواب اس کے دینی بگاڑ کی علامت ہے۔

(۱۴) کسی بازار میں جنازہ رکھا دیکھنا اس بازار کے سامان خرچ ہونے کی طرف اشارہ ہوتا ہے۔

(۱۵) جنازہ تابوت کے اوپر رکھ کر اٹھانا منصب اور سفر کی دلیل ہے۔ (۱۶) خواب میں جنازہ کے ساتھ چلنا مسافر کو رخصت کرنے کے لیے ساتھ چلنے پر دلالت کرتا ہے یا تعبیر یہ ہے کہ وہ انسان اس شخص کے ذریعے راحت حاصل کرنا چاہتا ہے جس پر میت کی دلالت ہوتی ہے اس لیے کہ جنازے کے ساتھ جانے والے کے لیے ایک قیراط کے برابر اجر ہے اور تدفین تک حاضر رہنے والے کے لیے دو قیراط کے برابر اجر ملے گا مگر اس قیراط کی مقدار اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی نہیں جانتا۔

error: Content is protected !!
Scroll to Top