Khwab me jahannam dekhne ki tabeer
(۱) خواب میں جہنم میں داخل ہونا کبائر کے مرتکب ہونے کی دلیل ہے اور ناپسندگی میں واقع ہونے کی علامت ہے جبکہ جہنم سے نکلنا دنیاوی غموم میں واقع ہونے کی دلیل ہے۔
(۲) کسی نے دیکھا آگ اس کے قریب ہو گئی ہے تو اشارہ ہے کہ حکومتِ وقت کی طرف سے کسی ایسی شدت ومشقت میں واقع ہو گا جس سے چھٹکارا نہ ہو یا تاوان میں پڑنے اور بہت زیادہ نقصان اٹھانے کی علامت ہے یا پھر جس گناہ میں مبتلا ہے اس سے تو بہ کرنے کی طرف اشارہ ہے۔
(۳) اور اس آگ میں داخل ہونا ایسے گناہ کبیرہ میں مبتلا ہونے پر دلالت کرتا ہے کہ جس کے ارتکاب کی سزا اللہ تعالی نے حد مقرر کی ہے۔
(۴) کسی نے خواب دیکھا کہ وہ تلوار سونت کر جہنم میں داخل ہو رہا ہے تو تعبیر ہے کہ وہ فحش اور منکر بکے گا۔
(۵) جہنم میں بنتے ہوئے داخل ہونا طغیان، فسق وفجور، معصیتِ الہی میں واقع ہونے اور دنیاوی نعمتوں پر اظہار مسرت کی دلیل ہے۔
(۶) کسی نے دیکھا کہ کوئی شخص اس کو جہنم میں ڈال رہا ہے تو تعبیر ہے کہ وہ شخص اس کو قتل اور زنا جیسے گناہِ عظیم پر ابھارے گا۔
(۷) کسی نے دیکھا کہ وہ مسلسل جہنم میں محبوس ہے اور اس کو یہ معلوم نہیں کہ وہ اس میں کب سے ہے تو تعبیر ہے کہ وہ دنیا میں ہمیشہ غمزدہ اور فقیر محروم رہے گا اور نہ روزہ رکھ سکے گا نہ نماز پڑھے گا نہ اللہ کا ذکر کرے گا۔
(۸) کسی نے دیکھا کہ وہ چنگاریوں کے اوپر سے گزر رہا ہے تو تعبیر ہے کہ وہ بیداری میں لوگوں کی گردنوں کو پھلانگے گا۔
(۹) خواب دیکھا کہ اس نے جہنم کے زقوم اس کے کھولتے ہوئے پانی اور پیب کو چکھا ہے یا جہنم کی گرمی وتپش اس کو پہنچی ہے تو ارتکابِ گناہ کی اور خون بہانے کی اور معاملات کے سخت ہونے کی علامت ہے۔
(۱۰) کسی نے خواب دیکھا کہ وہ جہنم میں زرد یا کالے چہرے کے ساتھ موجود ہے تو اشارہ ہے کہ صاحبِ خواب اللہ تعالی کے کسی دشمن کا مصاحب ہوگا اور اس کے برے مکر وفعل پر خوش ہوگا جس کی بنا پر لوگوں کے ہاں اس کا چہرہ سیاہ ہو گا اور اس کے ظلم کی وجہ سے قیامت کے دن اللہ تعالی اس کو سزا دیں گے۔
(۱۱) کسی نے خواب میں جہنم کو اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھا تو اس کو بادشاہ یا اللہ تعالی کی طرف سے سزا سے پناہ مانگنی چاہیے۔
(۱۲) کسی نے دیکھا کہ وہ جہنم میں داخل ہوا تو تعبیر ہے کہ وہ اس گناہ کی وجہ سے شرمندہ ہوگا جس سے تو بہ نہیں کی۔
(۱۳) جہنم سے نکلنے کی تعبیر گناہوں سے توبہ ہے، جہنم کے کھانوں میں سے کھانا اور اس کے مشروبات سے پینا مسلسل گنا ہوں کے مرتکب ہونے یا ایسے علم کے طالب ہو نے کی علامت ہے جو اس کے لیے وبال ہو۔
(۱۴) بعض دفعہ جہنم میں داخل ہونا زوالِ منصب پر بھی دلالت کرتا ہے۔
(۱۵) بعض دفعہ یہ خواب فراخی کے بعد تنگ دستی، اُنس کے بعد وحشت اور مصائب میں مبتلا ہونے، مسلسل قید میں رہنے اور دنیا میں ذلیل ہونے پر بھی دلالت کرتا ہے۔
(۱۶) اور دخولِ جہنم مندرجہ ذیل پر دلالت کرتا ہے:
(۱) تنگ دست یا بے دودھ والی بیوی
(ب) کسبِ حرام
(ج) فساق وفجار کے پڑوس میں رہنا
(د) مریض کے لیے سوءِ خاتمہ
(ر) ظالم بادشاہ کی خدمت
(س) بدعتی عالم
(ش) غیر مقبول عمل
( ص ) ولد الزنا وغیرہ۔
(۱۷) کبھی دخولِ نار مالداری کے بعد دستِ سوال دراز کرنے پر دلالت کرتا ہے۔
(۱۸) جہنم کی دلالت بدعات کے مقامات، عیسائیوں اور یہودیوں کی عبادت گاہوں، حماموں، دباغتِ کھال کی جگہوں اور کسی مصلحت کی بناء پر آگ جلانے کے مقامات پر بھی ہوتی ہے۔
(۱۹) کبھی دخولِ جہنم خواہشاتِ نفسانی کے پورے ہونے پر بھی دلالت کرتا ہے۔
(۲۰) جہنم کی لہروں میں داخل ہونا دلیل ہے کہ صاحبِ خواب مال جمع کر کے اس کی حفاظت کرتا ہے۔
(۲۱) حُطمہ نامی جہنم میں داخل ہونا چغلخوری اور عیب جوئی کی دلیل ہے۔
(۲۲) جہنم منافقوں اور کفار کے لیے ہے اور سقر نامی جہنم میں داخل ہونا جھوٹ بولنے، فضول باتوں اور گالیوں میں انہماک، بخل، یومِ قیامت کے دن کی تکذیب پر دلالت کرتا ہے۔
(۲۳) سعیر نامی جہنم شیاطین اور شیطان صفت آواز پر دلالت کرتا ہے۔
(۲۴) ہادیہ نامی جہنم وزن وپیمانہ میں کمی کرنے اور ان لوگوں پر دلالت کرتا ہے جن کے نیک اعمال کا پلڑا ہلکا ہے اور وہ عملِ صالح سے اس کو وزنی کرنے کی کوشش نہیں کرتے ہیں۔
(۲۵) جحیم نامی جہنم دنیا کو آخرت پر ترجیح دینے والے سرکشوں پر دلالت کرتا ہے اور جہنم کا طبقہ درکِ اسفل جو منافقین کے لیے ہے انہی پر دلالت کرتا ہے۔
(۲۶) جہنم کے زقوم اور غسلین سے کھانا پینا یا جہنم کے بچھوں کا ڈنگ مارنا یا اس کے سانپوں کا ڈسنا یا کھال کا جہنمیوں کی کھال کی طرح ہونا یا منہ کے بل کھینچ کر جہنم میں ڈالا جانا یا جہنم کے اوپر سے نیچے گرایا جانا یا جہنم کے ہتھوڑوں کے ساتھ مارا جانا یا جہنم کے دروغوں کا جھڑ کنا یا اور اس جیسی تمام سزائیں دیکھنا بدعت فی الدین پر ظالموں کے ساتھ مشارکت، کفار کے طریقوں پر چلنے، مشرکین ومستہزئین کی صفات اپنا نے، انبیاء علیہم السلام کی مخالفت، اہل تقوی کو چھوڑ نے، مرتد ہونے اللہ تعالیٰ کے عطا کردہ مالوں کو مستحقین کو دینے سے بخل کرنے اور اللہ کی نافرمانی کرنے اور اللہ تعالی کی ربوبیت اور قدرت کا انکار کرنے، اللہ تعالی کو اس کی مخلوقات کے سا تھ تشبیہ دینے پر دلالت کرتا ہے۔
(۲۷) مالک خازنِ جہنم کو خواب میں دیکھا کہ صاحبِ خواب اس کی صفت میں منتقل ہوا ہے یا مالک نے اس کو کوئی اچھی چیز کھلائی ہے تو اللہ اور اس کے رسول اور مومنین کی محبت کی دلیل ہے اور عزت وقوت کی اور گمراہی کے بعد گناہوں ومعاصی اور خواہشاتِ نفس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی اور غیرتِ دینی کی علامت ہے۔
(۲۸) خازنِ نار علیہ السلام کو اپنی طرف آتا دیکھنا سلامتی اور جہنم کی آگ سے مامون ہونے کی دلیل ہے۔
(۲۹) خواب میں خازنِ جہنم کودیکھنا کہ وہ اس سے منہ موڑ رہے ہیں اور چہرے پر غصہ کے آثار ہیں یا ان کی حقیقت بدلی ہوئی ہے تو ایسے کام میں پڑنے کی دلیل ہے جو موجبِ نار ہو۔
(۳۰) داروغہ جہنم کی دلالت کبھی محافظین، افواج، پولیس اور رشتہ داروں پر بھی ہوتی ہے۔
(۳۱) کسی نے خواب دیکھا مالک خازنِ جہنم نے اس کو پیشانی سے پکڑ کر جہنم میں ڈال دیا تو یہ خواب دلیلِ ذلت ہے۔
(۳۲) کسی نے دیکھا کہ وہ جہنم میں داخل ہو کر اس سے نکل گیا تو تعبیر ہے کہ وہ ان شاء اللہ تعالی جنت میں داخل ہوگا یا دلیل ہے کہ وہ گناہ کرنے کے بعد اس سے تو بہ کرے گا۔
(۳۳) خواب میں اعضاء وجوارح کو ہمکلام ہوتے ہوئے دیکھنا گناہوں پر زجر اور آخرت کے معاملے میں تنبیہ ہے
کہ غفلت سے بیدار ہو کر اللہ تعالی کی طرف رجوع کریں۔