khwab me hijama lagane wale ki tabeer
(۱) حجامہ کرنے والے کی دلالت لوگوں کے خلاف دستاویزات تحریر کرنے والے پر ہوتی ہے، بعض حضرات کہتے ہیں کہ حجامہ لگانے والے شخص سے مراد سے امانت دار، معتمد علیہ اور کام کرنے والا ہے، حجام کی دلالت ایسے آدمی پر بھی ہوتی ہے جو لوگوں کی جان، مال اور عقل وسمجھ پر حاوی ہو جیسے بادشاہ، عالم، حاکم، طبیب، قتل کا حکم دینے والا جج وغیرہ۔
(۲) اگر دیکھے کہ حجامہ والا شخص اسے پچھنے لگا رہا ہے اگر اس کے خلاف قتل کا کیس ہو یا وہ جہاد میں ہو تو وہ قتل ہو گا اور اس کی گردن سے لوہے کے ذریعے خون نکلے گا۔
(۳) اگر خواب دیکھنے والا مریض ہے تو اسے مرض سے شفا نصیب ہوگی۔
(۴) اگر کسی مال میں مطلوب ہے تو حاکم کو مال دے گا۔
(۵) اگر نکاح میں رغبت رکھتا ہے تو اس کی ایسی عورت سے شادی ہو گی جس کے نفقہ کے لئے کوئی معاہدہ تحریر کرنا ہوگا اور خون نکلنے اور زخم کی بقدر نفقہ دینا ہو گا ورنہ وہ گھر کا سامان بیچے گا یا قرض کا معاملہ کرے گا اور اس کے خلاف کوئی معاہدہ لکھا جائے گا۔
(۲) حجامہ لگانے والے کو دیکھنا غم وتنگی اور امراض وغیرہ کے ختم ہونے پر دلالت کرتا ہے۔
(۷) کبھی اسے دیکھنا چٹی اور نفع کے بقدر نقصان پر بھی دلالت کرتا ہے، اگر دیکھے کہ والدہ یا گھر میں کسی اور کو پچھنے لگا رہا ہے تو اسباب کی مشکلات کی طرف اشارہ ہے یا وہ پچھنے لگوانے والا بھی گناہ میں مبتلا ہو گا۔
خواب میں پچھنے لگوانے یا حجامہ کروانے کی تعبیر
Khwab me hijama lagwane ki tabeer
(۱) جو شخص دیکھے کہ وہ پچھنے لگوا یا لگا رہا ہے تو اس کے ذمے کوئی کام یا امانت سپرد کی جائے گی یا اس کے ذمے کوئی چیز لاگو کی جائے گی یا پھر اس کی شادی ہو گی اس لئے کہ گردن امانت کی جگہ ہے، اگر خواب میں نشتر لگوایا تو کسی ایسی لونڈی سے شادی کرے گا جو اس کے اپنے نفقہ اور مال کی طالب ہوگی جو وہ ادا کر سکے گی، اگر نشتر نہیں لگوایا تو وہ نفقہ طلب نہیں کرے گی۔
(۲) اگر حجام غیر معروف بوڑھا ہے تو خواب دیکھنے والے کے کام کی طرف اشارہ ہے، اگر معروف بوڑھا ہے تو دوست کی طرف اور اگر جوان ہے تو ایسے دشمن کی طرف ہے جو اس کے ذمہ کوئی چیز یا قرض لاگو کرے گا۔
(۳) اگر دیکھے کہ بادشاہ یا کسی عام شخص کو پچھنے لگا رہا ہے تو بلند کام کے ساتھ کامیابی حاصل ہو گی۔
(۴) اور اگر کسی جوان کو پچھنے لگا رہا ہے تو دشمن پر کامیابی حاصل کرے گا، کہتے ہیں کہ خواب میں پچھنے لگوانا مرض کے خاتمہ یامال کی کمی کی دلیل ہے۔
(۵) اگر خواب میں پچھنے لگواتا ہے اور خون نہیں نکلتا تو وہ مال کسی ایسی جگہ دفن کرے گا جہاں سے اسے دوبارہ مال نہیں ملے گا۔
(۶) اگر کوئی شخص خواب میں کسی حجام کو دیکھے کہ اسے پچھنے لگا رہا ہے تو منافع میں مال لگنے پر دلیل ہے اور اگر پچھنے لگواتا ہے اور خون نہیں نکلتا تو کسی ایسے آدمی کے پاس ودیعت رکھے گا جس سے دوبارہ مال حاصل نہیں ہوگا۔
(۷) اگر دیکھے کہ پچھنے لگوانے سے خون بھی نکلا ہے تو اس سال اس کا جسم تندرست ہو جائے گا۔
(۸) اگر خون کی جگہ پتھر نکلیں تو اس کی بیوی کسی غیر سے بچہ جنے گی۔
(۹) اگر خواب میں دیکھے کہ آلہ حجامت ٹوٹ گیا ہے تو اس کی عورت کو طلاق ہو گی، بعض لوگ کہتے ہیں کہ خواب میں پچھنے لگوانا منافع حاصل کرنے کی دلیل ہے۔
(۱۰) اور اگر قیدی ہو تو قید سے چھٹکارے کی دلیل ہے۔
(۱۱) اگر دیکھے کہ اس کی گردن پر پچھنے کا نشان ہے تو وہ اس کے خلاف شہادت ہے، اگر دیکھے کہ وہ کسی کو پچھنے لگا رہا ہے اور حقیقت میں وہ حجام نہیں ہے تو وہ اس شخص یا بادشاہ کے شر اور ڈر سے امن میں رہے گا اور آلہ حجامت چور اور نشتر چور کی چابیوں پر دلالت کرتا ہے۔
(۱۲) اگر غنی آدمی پچھنے لگوائے تو اس کا مال کسی چٹی میں صرف ہوگا، بعض لوگ کہتے ہیں کہ خواب میں پچھنے لگوا نا کسی کڑوی دوائی کے ذریعے صحت یاب ہونے کی دلیل ہے جیسے آلہ حجامت کے ذریعے درد برداشت کرنا پڑتا ہے۔
(۱۳) اگر عورت کسی عورت کو پچھنے لگائے تو ان کی آپس میں دوری ہوگی۔
(۱۴) کبھی پچھنے لگوانے سے کسی ایسے چھوٹے زخم کی طرف اشارہ ہوتا ہے جس سے خون بہتا ہو۔
(۱۵) کسی شخص کو پچھنے لگوانا اس کے شر سے مامون ہونا ہے، کبھی پچھنے لگوانا حجام کے حرام کمانے یا پچھنے لگوانے والے کے حرام مال خرچ کرنے کی طرف اشارہ ہوتا ہے۔
(۱۶) اگر ان دونوں میں سے کوئی ایک روزہ دار ہو تو وہ روزہ توڑے گا یا ایسا کام کرے گا جس سے اس کا روزہ ختم ہو جائے گا، اگر پچھنے سر میں یا آنکھ میں درد کے لئے لگواتا ہے تو دلیل ہے کہ اس کا مرض ختم ہوگا، اگر خواب میں خون آیا تو کسبِ حرام یا غیبت یا جس شخص کا خون پیا ہے اس پر غالب آئے گا، کبھی حجامت منع اور جواب کے وقت سکوت پر بھی دلالت کرتا ہے۔