خواب میں گھر وغیرہ میں داخل ہونے کی تعبیر

Khwab me ghar me dakhil hone ki tabeer

(۱) خواب میں کسی کے گھر داخل ہونا دنیاوی معاملات میں اس پر غالب ہونے کی دلیل ہے۔

(۲) خواب میں اگر کسی امامِ وقت کے گھر داخل ہو کر اس میں ٹھہرا اور مطمئن ہو تو بادشاہ اس کو اپنے خاص لوگوں میں داخل کرے گا۔

(۳) کسی مکان کے اندر عادل بادشاہ کا داخل ہونا دلیل ہے کہ اس مکان میں نزولِ برکت ونزولِ عدل ہو گا۔

(۴) ظالم بادشاہ کا کسی گھر میں داخل ہونا فساد اور مصائب کی علامت ہے۔

(۵) لیکن بیداری میں اگر اس کا اس مکان میں آنا جانا ہو تو خواب میں اس میں داخل ہونا کوئی نقصان دہ نہیں ہے۔

(۲) کسی نے خواب دیکھا کہ وہ جنت میں داخل ہوا ہے تو دلیل ہے قیامت کے دن ان شاء اللہ جنت میں داخل ہوگا اور یہ خواب اس کے سابقہ یا بعد میں کئے جانے والے نیک اعمال کی مقبولیت کی بشارت ہے۔

(۷) خواب میں جہنم میں داخل ہو کر اس سے نکلنا گناہ گار کے لئے تنبیہ ہے اس کو چاہیے کہ توبہ کرے اور اللہ تعالی کی طرف رجوع کرے۔

(۸) بعض علماءِ تعبیر کا کہنا ہے کہ خواب میں جہنم میں داخل ہونا  (مومن ہو یاکافر) بیماری اور فقر میں مبتلا ہونے یا قید ہونے کی دلیل ہے، بازاری قسم کے لوگوں کے لئے یہ خواب گناہِ کبیرہ میں مبتلا ہونے یا کفار وفجار قسم کے لوگوں میں داخل ہونے کی طرف اشارہ ہوتا ہے۔

(۹) بعض کی رائے ہے کہ خواب میں جنت میں داخل ہونا حج کو جانے والے کے لئے حج مکمل ہونے اور کعبۃ اللہ پہنچنے کی دلیل ہے۔

(۱۰) کافر کے لئے یہ خواب مسلمان ہونے پر دلالت کرتا ہے۔

(۱۱) مسلمان مریض کے لئے خواب میں جنت میں داخل ہونا اسی مرض میں فوت ہونے کی طرف اشارہ ہے۔

(۱۲) کافر مریض کے لئے یہی خواب بیماری سے شفا پانے کی دلیل ہے۔

(۱۳) غیر شادی شدہ کے لئے شادی کی اور فقیر کے لئے غنی ہونے کی دلیل ہے اور کبھی میراث پانے پر بھی اس کی دلالت ہوتی ہے۔

(۱۴) کسی اجنبی مقام پر غیر معروف طریقے سے بنائے ہوئے گھر میں داخل ہونا جس میں رہنے والے لوگ بھی اجنبی ہوں اور وہ گھر دوسرے گھر سے جدا بھی ہو تو صاحبِ خواب مر جائے گا اور خاص کر اگر اس میں جانے پہچانے مردے دیکھے تو یہی تعبیر ہے۔

(۱۵) اس قسم کے گھر میں داخل ہو کر نکل جانا قریب المرگ ہو کر نجات پانے کی علامت ہے۔

(۱۶) خواب میں اپنے آپ کو دارِ آخرت میں پانا مریض کے لئے دنیا کے فتن وشرور سے بچ کر اس کی طرف منتقل ہونے کی دلیل ہے۔

(۱۷) صحت مند آدمی کا یہی خواب دیکھنا بقدرِ عمل حج یا جہاد، دنیا سے بے رغبتی، عبادت، علم، صدقہ، صلہ رحمی کرنا اور مصائب پر صبر وغیرہ کی بشارت ہے۔

(۱۸) خواب میں اپنے آپ کو دارِ آخرت میں پانا اور اس کے احوال کا مشاہدہ کرنا نیک شخص کے لئے علمی کام کرنے اور اس کی طاقت رکھنے کی علامت ہے اور بیکاری میں مضرت کی بھی علامت ہے  اور خوف زدہ یا مغموم ومحزون کے لیے خوف وغم کے دور ہونے کی دلیل ہے۔

(۱۹) لوگوں کے ساتھ رابطہ رکھنے والے لوگوں کے لئے سفر کرنے اور وطن سے جدا ہونے کی طرف مشیر ہے۔

(۲۰) کسی نے دیکھا کہ وہ دارِ آخرت سے دوبارہ دنیا کی طرف آیا ہے تو دلیل ہے کہ سفر سے اپنے وطن لوٹ آئے گا،  گناہ میں مبتلا شخص کے لئے خواب میں مکہ مکرمہ میں داخل ہونا توبہ کی علامت اور کافر کے لیے اسلام لانے کی دلیل ہے۔

(۲۱) غیر شادی شدہ کے لیے شادی کی بشارت ہے۔

(۲۲) کسی سے جھگڑا کرنے والے شخص کا خواب میں مکہ میں داخل ہونا دشمن کے مدِ مقابل لڑائی میں کامیاب ہونے کی دلیل ہے۔

(۲۳) خواب میں مکہ مکرمہ میں داخل ہونا خوف سے مامون ہونے پر بھی دلالت کرتا ہے، مقامِ ابراہیم میں داخل ہونا خائف کے لئے امن کی علامت ہے۔

(۲۴) کبھی اس کی دلالت بادشاہت جیسے منصبِ جلیل پر فائز ہونے یا لوگوں کو علم سکھانے کے لئے تیار ہونے اپنے والد یا والدہ کی میراث پانے کی دلیل ہے۔

(۲۵) خواب میں بیت اللہ یا مسجدِ حرام میں داخل ہونا کسی عورت کو نکاح کی دعوت دینے والے شخص کے لئے عظیم دلہن کے ساتھ داخل ہونے کی دلیل ہے۔

(۲۶) کبھی دخولِ بیت الحرام لہو ولعب کی طرف متوجہ ہونے اور حلال کمائی پر قدرت حاصل کرنے اور طاقت رکھ سکنے کے باوجو د حرام کی طلب میں رہنے کی دلیل ہے خاص کر مسجدِ حرام میں بغیر نماز یا کشفِ عورت کے ساتھ داخل ہونا ، اسی طرح مسجدِ حرام میں داخل ہونا خوف سے مامون ہونے اور وعدے کے سچا ہونے کی دلیل ہے۔

(۲۷) خواب میں بازار میں داخل ہونا طلبِ رزق میں بہت محنت کرنے کی علامت ہے اور مسجد میں داخل ہونا گنا ہوں کو کم کرنے اور کنیسا میں داخل ہو نا دین میں فساد واقع ہونے کی دلیل ہے۔

error: Content is protected !!
Scroll to Top