Khwab me dawood AS ko dekhne ki tabeer
(۱) خواب میں حضرت داؤد علیہ السلام کی زیارت قوت وسلطنت ملنے، غلطی کرنے کے بعد نادم ہو کر زہد اختیار کرنے اور کسی ظالم بادشاہ کے ظلم کا شکار ہو کر اس سے نجات حاصل کر کے ان کے مقابلے میں کامیابی ونصرت اور ملک وشرف نصیب ہونے کی دلیل ہے۔
(۲) بعض علماءِ تعبیر کی رائے ہے کہ خواب میں حضرت داؤد علیہ السلام کی زیارت کرنے والا اپنے شہر کا حاکمِ عادل، رئیسِ فاضل یا انصاف کرنے والا قاضی بنے گا۔
(۳) اگر اس کے علاقے کا رئیس ظالم ہو تو اللہ تعالی اس کی جگہ ایک عادل رئیس اور ظالم قاضی کی جگہ عادل قاضی عطا فرمائیں گے اور اگر صاحبِ خواب خود قاضی بننے کی اہلیت رکھتا ہو تو وہ اس منصب پر فائز ہوگا۔
(۴) حضرت داؤد علیہ السلام کی رؤیت خلافت پر بھی دلالت کرتی ہے۔
(۵) کبھی ان کی رؤیت عورتوں کے معاملے میں آزمائش میں مبتلا ہونے اور ان کی طرف سے تکلیف پہنچنے کی بھی علامت ہوتی ہے۔
(۶) کبھی ان کی رؤیت تلاوتِ قرآن، اللہ تعالی کی پاکی بیان کرنے اور خوش الحانی سے قرآن پڑھنے پر دلالت کرتی ہے اور کبھی ان کی زیارت کی تعبیر گناہوں کو چھوڑ کر اللہ تعالی کی طرف رجوع کرنے اور توبہ کی قبولیت سے بھی کی جاتی ہے، بسا اوقات رؤیتِ داؤد علیہ السلام اسلحہ سازی اور لوہے کا کام کرنے پر دلالت کرتی ہے، نیز کبھی اس کی دلالت اس پر بھی ہوتی ہے جو لوہے کا کام کرتا ہو اور کبھی اس سے مشکلات کے آسان ہونے کی طرف بھی اشارہ ہوتا ہے اور کبھی یہ خواب حسنِ انجام پر بھی دلالت کرتا ہے۔
(۷) اگر حاکم وقاضی بننے کی صلاحیت رکھنے والا شخص خواب دیکھے کہ اس کی صورت حضرت داؤد علیہ السلام کی صورت میں تبدیل ہو گئی۔
(۸) یا حضرت داؤد علیہ السلام کا لباس زیب تن کیا تو دلیل ہے کہ وہ قضا کے منصب پر فائز ہوگا۔
(۹) اگر حکومت کی اہلیت نہیں رکھتا مگر لوہے کا کاروبار کرتا ہے تو اس کے لئے یہ خواب مالی فوائد کی علامت ہے۔
(۱۰) اگر عام نیک شخص یہی خواب دیکھے تو یہ ازدیادِ خیر اور اللہ تعالیٰ کے سامنے کثرت سے گڑ گڑانے اور خشوع خضوع کی بشارت ہے۔
(۱۱) اگر ظالم شخص مذکورہ خواب دیکھے یا عام آدمی دیکھے کہ حضرت داؤد ان کو دھمکا رہے ہیں اور ناراض ہیں اور ترش چہرے کے ساتھ اس سے مخاطب ہیں تو چاہئے کہ صاحبِ خواب اللہ سے ڈرے اور اپنی حالت درست کرنے کی کوشش کرے۔