Khwab me darya river dekhne ki tabeer
(1) خواب میں دریا دیکھنا مضبوط، انصاف پسند اور مہربان بادشاہ کی علامت ہے جس سے لوگ اپنی ضروریات پوری کریں گے۔
(۲) خواب میں دریاد دیکھنا تاجر کے لیے مال اور کرائے پر لینے والے کے لیے استاد کی دلیل ہے۔
(۳) خواب میں دریاد دیکھنا مطلوب چیز کے حاصل ہونے کی دلیل ہے۔
(۴) کسی نے دیکھا کہ وہ دریا میں غوطہ زن ہوا تو کسی دریا صفت بادشاہ کے پاس جانے کی دلیل ہے۔
(۵) کسی نے دیکھا کہ دریا پر بغیر کسی چیز کے بیٹھا ہوا ہے یا کوئی بستر بچھا کر بیٹھا یا لیٹا ہوا ہے تو تعبیر یہ ہے کہ وہ بادشاہ کے معاملات میں دخیل ہو گا مگر خطرے سے خالی نہ ہو گا؛ اس لیے کہ پانی پر بیٹھا ہوا شخص غرق سے مامون نہیں ہوتا اسی طرح صاحبِ خواب بھی بادشاہ کے غضب سے مامون نہیں ہو گا۔
(۶) کسی نے دیکھا کہ وہ سمندر کا سارا پانی پی گیا اور بادشاہ کے علاوہ کسی نے نہیں دیکھا تو دلیل ہے اس بادشاہ کے برابر مالدار ہو گا۔
(۷) کسی نے دیکھا کہ اس نے دریا کا اتنا پانی پیا کہ سیراب ہو گیا تو تعبیر یہ ہے کہ بادشاہ سے مال ملے گا کہ وہ مالدار ہو جائے گا اور اس کی عمر طویل ہو گی اور اس کو قوت حاصل ہوگی۔
(۸) اگر دیکھا کہ وہ دریا کے پانی سے سیراب ہوا تو تعبیر ہے کہ وہ بادشاہ سے کوئی کام چاہتا ہے اور بقدرِ ضرورت سیرابی اس کو ملے گی۔
(۹) کسی نے دیکھا کہ وہ دریا کے پانی سے اپنے برتن بھر رہا ہے تو یہ مالِ کثیر جمع کرنے کی نشانی ہے یا دلیل ہے اللہ تعالی اس کو ایسی دولت عطا فرمائیں گے جس سے بہت مال حاصل ہوگا۔
(۱۰) بعض علماءِ تعبیر کا کہنا ہے کہ دریا کے پانی سے پینا علم ادب حاصل کرنا ہے۔
(۱۱) کسی نے دیکھا کہ اس نے دریا عبور کیا تو دلیل ہے کہ اس کو دشمنوں سے مالِ غنیمت ملے گا جیسا کہ بنی اسرائیل نے دریا عبور کیے تو فرعون کے مال کے مالک بن گئے۔
(۱۲) اگر دیکھا کہ کسی مکان یا محلے میں دریا کا پانی داخل ہوا اور اس سے اہلِ محلہ کو کوئی تکلیف نہیں ہوئی تو یہ تعبیر ہے کہ اس محلے میں بادشاہ کا ورود ہوگا اور اس سے اہل محلہ کو بہت سا مال ملے گا جس سے ان کی معیشت مستحکم ہوگی۔
(۱۳) کسی نے دیکھا کہ وہ دریا کے پانی سے نہا رہا ہے تو یہ گناہوں سے پاک ہونے اور بادشاہ کے ذریعے غم کے ختم ہونے کی علامت ہے۔
(۱۴) کسی نے دیکھا کہ وہ دریا میں پیشاب کر رہا ہے تو تعبیر ہے کہ وہ گناہوں پر برقرار رہے گا۔
(۱۵) کسی نے دور سے دریا کو دیکھا تو دلیل ہے کہ اس کو خوف، فتنہ اور مصیبت لاحق ہو گی۔
(۱۶) کسی نے دیکھا کہ دریا پر کھڑا ہے تو یہ خلافِ توقع بادشاہ کی طرف سے تکلیف پہنچنے کی علامت ہے۔
(۱۷) کسی نے دیکھا کہ دریا کا پانی کم ہو گیا یہاں تک درمیان میں خلیج پیدا ہو گئی تو تعبیر یہ ہے کہ اس علاقے سے بادشاہ چلا جائے گا اور لوگوں کو خیر نصیب ہوگی۔
(۱۸) کسی نے دیکھا کہ وہ بادشاہ یا بادشاہ کے کسی نائب کے ہاں داخل ہوا ہے تو تعبیر ہے کہ اگر صاحبِ خواب مریض ہے تو اس کا مرض بڑھ جائے گا۔
(۱۹) اگر خواب دیکھا کہ وہ دریا میں داخل ہونے کے بعد اس سے نکل گیا تو یہ بادشاہ کی طرف سے جزا ملنے اور غم کے ختم ہونے کی نشانی ہے۔
(۲۰) کسی نے دیکھا کہ خواب میں تیرنے کے بعد اس سے نکل گیا، اگر مرض میں مبتلا ہے تو اس سے شفایاب ہو گا، اگر بادشاہ یا کسی اور کی طرف سے اس کو تکلیف پہنچ رہی ہے تو اس سے نجات ملے گی۔
(۲۱) کسی نے دریا کا رخ دوسری طرف موڑ دیا تو دلیل ہے اس کا غم یا خوف ختم ہو جائے گا۔
(۲۲) اگر دریا نے اس کو گھیر لیا اور دریا کے تہہ میں کیچڑ وغیرہ میں دھنس گیا تو غم اور پریشانی کی علامت ہے۔
(۲۳) خواب میں اپنے آپ کو دریا میں تیرتا دیکھنا مصیبت سے نکل جانے کی تدبیر کرنے کی دلیل ہے؛ اور کام سے نکلنے کا مشکل ہونا تیرنے کے مشکل اور آسان ہونے کے اعتبار سے ہے۔
(۲۴) اگر کسی نے دیکھا کہ وہ تیرتا ہوا دریا میں داخل ہوا اور لوگوں کی نظروں سے اوجھل ہو گیا تو یہ اس کے ہلاک ہو نے کی طرف اشارہ ہے۔
(۲۵) اگر دیکھا کہ پانی نے اس کو گھیر لیا اور وہ اس میں غرق ہو گیا تو تعبیر ہے کہ صاحبِ خواب شہادت کی موت مرے گا۔ اس لیے کہ دریا میں غرق ہو کر مرنے والا شہید ہے۔
(۲۶) خواب دیکھا کہ وہ دریا میں غوطہ زن ہے اور پانی میں اوپر نیچے ہو رہا ہے اور مرا نہیں تو یہ دنیاوی امور میں منہمک ہونے اور مال ملنے کی نشانی ہے۔
(۲۷) کسی نے دیکھا کہ وہ پانی میں غوطہ لگا کر موتی حاصل کر رہا تو یہ ان موتیوں کے برابر مال ملنے کی نشانی ہے۔
(۲۸)خواب دیکھا کہ وہ دریا سے چلو بھر کر کشتی میں ڈال رہا ہے ۔ یہاں تک کہ اس نے کشتی کو بھر دیا تو تعبیر ہے کہ اس کے ہاں ایک طویل العمر بیٹاپیدا ہو گا۔
(۲۹) دیکھا کہ دریا سے پانی پی لیا تو یہ پیے ہوئے پانی کے بقدر بادشاہ کی طرف سے مال ملنےاورعلم حاصل ہونے کی دلیل ہےاور اگر پانی گدلا ہوتو یہ غم لاحق ہونے کی علامت ہے۔
(۳۰) کسی نے دیکھا کہ وہ دریاکے پانی سےنہا رہا ہے یا وضو کر رہا ہے، اگر صاحبِ خواب مریض ہے تو تعبیر ہےکہ اس کو شفا نصیب ہو گی، اگر مقروض ہےتو اللہ تعالیٰ قرض سے اس کو نجات دے گا، اگر غمزدہ ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے غم کو رفع فرمائیں گے، اگر خوف زدہ ہے تو اس کو امن نصیب ہو گا۔
(۳۱) کسی نے اپنے آپ کو دریا کے پانی پر چلتا ہوا دیکھا تو یہ اس کی حسنِ نیت اور قوتِ یقین کی علامت ہے۔
(۳۲) کبھی دریا دیکھنا پریشان کن فتنہ پر بھی دلالت کرتا ہے۔
(۳۳) کسی دوسرے کو دریا میں مردہ دیکھنا اس کے جہنمی ہو نے کی طرف اشارہ ہے۔ اگر وہ شخص مریض ہے تو یہ اس کی بیماری کی شدت کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
(۳۴) بعض علماءِ تعبیر کا کہنا ہے کہ دریا پر چلنا مخفی کام کے ظاہر ہونے کی دلیل ہے۔
(۳۵) کبھی خواب میں دریا دیکھنا صاحبِ خواب کے کثرتِ تحمل پر دلالت کرتا ہے۔
(۳۶) خواب میں بحرِ محیط کو دیکھنا عمر کے مکمل ہونے اور عالمِ غیب میں پہنچنے کی علامت ہے۔
(۳۷) کبھی دریا دیکھنا سفر، لڑائی اور مال ملنے پر بھی دلالت کرتا ہے۔
(۳۸)کھارا دریا کافر پر اور میٹھا دریا مرد مومن پردلالت کرتا ہے۔ اسی طرح مندرجہ ذیل اشیاء پر بھی دال ہوتا ہے: بارانِ رحمت ، تسبیح و تہلیل ، خوف، جزع وفزع، مقاصد میں دیر ہونا، غم اور پریشانیوں کا ختم ہونا ،مال وجان کا ختم ہونا ،پاک ہونا ،کافر کا مسلمان ہونا ،گناہ گار کا تو بہ کرنا، قسم کھانا ۔ اس لیے کہ اللہ تعالی نے ﴿والْبَحْرِ الْمَسْجُورِ﴾ (ترجمہ: قسم ہے ابلتے ہوئے دریا کی) میں دریا کی قسم کھائی ہے۔
اور کبھی دریا کو دیکھنا والد ،والدہ، قید خانہ، بغیر شہر پناہ کے شہر پر ،کبھی جماعت ترک کرنے اور عیدوں میں حاضری پر بھی دلالت کرتا ہے۔
(۳۹) کبھی اس کی دلالت بد اخلاق سازشی مرد و زن پر ہوتی ہے اور کبھی قید پر، غیر محدود صناعت پر اور کھانے سے روکنے والے مرض پر دلالت کرتا ہے۔
(۴۰) خواب میں بارش کی ضرورت کے موقع پر دریا میں زیادتی بارانِ رحمت اور نفع کی بشارت ہے۔
(۴۱) خواب میں دریا کو موجیں مارتے ہوئے دیکھنا سفر میں خوف واقع ہونے کی علامت ہے۔