Khwab me baraf ice dekhne ki tabeer
(۱) خواب میں برف دیکھنا مندرجہ ذیل چیزوں پر دلالت کرتا ہے رزق، فوائد، سردی کی بیماریوں سے شفاء، خصوصاً برف کے کاروبار کرنے والے کے لیے یہی تعبیر ہے۔
(۲) خواب میں برف اور آگ دیکھنا محبت والفت پر دلالت کرتا ہے اس لیے کہ آگ برف کو نہیں پگھلاتی اور برف آگ کو نہیں بجھاتی۔
(۳) برف کے موسم میں برف دیکھنا ہموم وغموم کے چلے جانے اور حاسدوں اور دشمنوں کے ذلیل ہونے پر دلالت کرتا ہے۔
(۴) کبھی برف دیکھنا تعطیل اسفار اور خط وغیرہ پہنچانے والوں اور کرایہ پر کام کرنے والوں کے کاروبار کے خراب ہونے پر دلالت کرتا ہے۔
(۵) کثیر برف بادشاہ کے اپنے رعایا کو عذاب دینے اور ان کے اموال چھیننے اور ان پر ظلم کرنے اور ان کے ساتھ بد کلامی پر دلالت کرتی ہے کیونکہ قولہ تعالى: فَأَنْزَلْنَا عَلَيْهِمْ رِجْزًا مِنَ السَّمَاءِ میں رجز ا سے مراد ثلج ہے۔
(۶) اگر خواب میں قلیل برف دیکھے اور اس علاقہ میں برف سے منفعت حاصل کی جاتی ہے تو یہ دلیل خوشحالی ہے۔
(۷) کسی نے دیکھا کہ اس پر برف پڑ رہی ہے تو دلیل ہے کہ وہ دور کا سفر کرے گا لیکن اس سفر میں نقصان بھی ہو سکتا ہے۔
(۸) کسی نے دیکھا کہ وہ برف پر لیٹا ہوا ہے اور برف بہت زیادہ ہے تو دلیل ہے حملہ کرنے والے دشمن کی طرف سے عذاب وغم میں مبتلا ہوگا اور اگر برف قلیل ہے اور اپنے وقت اور جگہ کے لحاظ سے کم ہے اور ایسی جگہ ہے جہاں برف اجنبی نہیں ہے تو یہ اس علاقے کے لوگوں کے لیے خوشحالی کی علامت ہے۔
(۹) خواب میں برف کی ٹھنڈک محسوس کرنا گرمی ہو یا سردی دلیلِ فقر ہے۔
(۱۰) کسی نے دیکھا اس نے موسم گرما میں بہت برف خریدی تو دلیل ہے اس کو مال ملے گا اور اس سے اس کو استراحت ملے گی اور بسببِ دُعا غم سے نجات ملے گی اگر دیکھا کہ وہ برف تکلیف پہنچائے بغیر جلدی پگھل گئی دلیل ہے کہ اس سے غم وہم جلد ختم ہو جائے گا۔
(۱۱) کسی نے خواب دیکھا کہ مزروع زمین خشک ہوگئی اور پانی کی ضرورت میں آگئی اور لوگ بارش یا پانی کی بجائے برف سے اس کی سیرابی کر رہے ہیں تو یہ ان کو پہنچنے والی رحمت، خوشحالی اور برکت ہے۔
(۱۲) کسی نے دیکھا کہ برف باری ہو رہی ہے چادر اوڑھنے یا کسی اور بچاؤ کی وجہ سے اسے کوئی دشواری نہیں ہو رہی ہے تو دلیل ہے کہ صاحبِ خواب عقلمند آدمی ہے جو کسی مصیبت سے نہیں گھبراتا۔
(۱۳) بعض علماءِ تعبیر کا کہنا ہے کسی علاقے میں بے موسم برفباری بکثرت ہونا اشارہ ہے اس علاقے پر حکومتِ وقت کی طرف سے عذاب یا اللہ تعالی کی طرف سے نزولِ عقوبت یا آپس میں فتنہ واقع ہونے کی طرف۔
(۱۴) بعض کی رائے ہے خواب میں برف دیکھنا قحط سالی کی علامت ہے۔
(۱۵) خواب میں برف گرنا دشمن کی طرف مشیر ہے۔
(۱۶) کبھی کثرتِ برف امراض عامہ کی بھی علامت ہوتی ہے جیسے چیچک اور وباء۔
(۱۷) کبھی اس کی تعبیر حرب وزخمی وغیرہ ہونے سے کی جاتی ہے۔
(۱۸) کبھی اس کی تعبیر خوشحالی اور غنا سے بھی کی جاتی ہے۔
(۱۹) کسی نے دیکھا کہ آسمان سے برف اتری اور زمین پر پھیل گئی اگر یہ برف زرعی زمین پر اتری ہے اور زمانہ بھی برف باری سے فصلوں کو فائدہ پہنچنے کا ہے تو دلیل ہے نزولِ کثرتِ نور کی اور علامت ہے برکت کی اور عمومِ خوشحالی کی جو تمام زمین کو طعام سے بھر دے گا۔
(۲۰) اور اگر اس برف باری کو ایسے وقت میں دیکھا گیا جس میں برف باری فصلوں کے لیے فائدہ مند نہیں ہے تو زمین کے بادشاہ کی طرف سے ظلم وجور اور سوسائٹی والوں کی کوشش کی دلیل ہے۔
(۲۱) اسی طرح گھروں اور درختوں اور لوگوں پر بکثرت ہونا کسی طرف سے ان پر ظلم ہونے ان پر بلا نازل ہونے یا ان کے مالوں پر کسی قسم کی آفت نازل ہونے پر دلالت کرتا ہے۔
(۲۲) اگر غیر مقام مثلاً گھر، محل وغیرہ کے اندر برف دیکھی گئی تو عذاب، مصیبت، بلاء وبیماری کی دلیل ہے۔
(۲۳) گرمی کے موسم میں برف بیچنے والے کو دیکھنے کی تعبیر خوشی ہے۔
(۲۴) اور سردی کے موسم میں اس کو خواب میں دیکھنا غموم اور پریشانیوں کی علامت ہے۔