خواب میں بیل یا گائے دیکھنے کی تعبیر

Khwab me bail ya gaye bull or ox dekhne ki tabeer

بیل کی تعبیر سالوں سے کی جاتی ہے چنانچہ

(۱) کالے یا پیلے رنگ کا بیل دیکھنا ایسے سالوں پر دلالت کرتا ہے جس میں خوشی وخوشحالی ہو۔

(۲) سفید پیشانی والا بیل دیکھنا سال کے شروع میں شدت پر دلالت کرتا ہے۔

(۳) اور بیلوں کا سفید ہونا وسطِ سال میں شدت پر اور سرین کی طرف سفید ہونا آخر سال میں شدت واقع ہونے پر دلالت کرتا ہے۔

(۴) موٹا بیل خوشحالی وسرسبز ہونے کی علامت ہے۔

(۵) کمزور لاغر بیل قحط سالی وخشک سالی کی علامت ہے۔

(۶) بیل گائے کا گوشت کھانا اسی سال مال حاصل ہونے کی طرف اشارہ ہے۔

(۷) بعض علماءِ تعبیر نے کہا ہے کہ گائے کا گوشت کھانا بقدرِ گوشت اور بقدرِ اکل مرتبہ پر دلالت کرتا ہے۔

(۸) موٹی گائے متقی وپرہیز گار بیوی پر بھی دلالت کرتی ہے۔

(۹) سینگوں والی گائے نافرمان بیوی کی علامت ہے۔

(۱۰) دودھ والی گائے خیر ومنفعت کی نشانی ہے۔

(۱۱) اگر صاحبِ خواب نے اس کو دوہنا چاہا اور اس نے اپنے سینگوں کی مدد سے اس کو روکا تو یہ علامت ہے کہ اس کی بیوی اس کی نافرمانی کرے گی۔

(۱۲) اگر دیکھے کہ اس کی گائے کو اس کے علاوہ کوئی دوسرا آدمی دوہ رہا ہے اور گائے اس کو نہیں روک رہی ہے تو یہ علامت ہے کہ وہ دوہنے والا آدمی اس کی بیوی کے معاملے میں اس کے ساتھ خیانت کر رہا ہے۔

(۱۳) اگر دیکھا کہ اس کی بیوی نے دودھ دوہنے کے بعد ضائع کر دیا تو یہ صاحبِ خواب کی بیوی کے فاسدہ ہونے کی علامت ہے۔

(۱۴) کسی نے دیکھا کہ گویا وہ خواب میں گائے کے ساتھ جماع کر رہا ہے تو یہ دلیل ہے کہ اس کو خوشحالی و خوش سالی نصیب ہوگی۔

(۱۵) بیل کی انتڑیاں مال ودولت اور خوشحالی کی نشانی ہیں۔

(۱۶) خواب میں اپنی گائے کو حمل کی حالت میں دیکھنا بیوی کے حاملہ ہونے کی طرف مشیر ہے۔

(۱۷) خواب میں اپنے آپ کو گائے خریدتا دیکھنا حصولِ ولایت کی دلیل ہے۔

(۱۸) کسی نے دیکھا کہ غلام اپنے آقا کی گائے کو دوہ رہا ہے تو یہ علامت ہے کہ یہ غلام اپنے آقا کی بیوی سے نکاح کرے گا اور دنیا اس کی طرف منسوب ہوگی۔

(۱۹) خواب میں گائے ملنا غیر شادی شدہ کے لیے مبارک بیوی اور شادی شدہ کے لیے رفعت اور حصولِ صنعت کی علامت ہے۔

(۲۰) کسی نے دیکھا کہ خواب میں اس کو گائے کا دودھ بطور ہدیہ دیا گیا تو یہ ایک شریف نیک سیرت بردبار بیوی ملنے کی دلیل ہے یا اس کی تعبیر حصولِ بادشاہت یا ولایت سے کی جاتی ہے۔

(۲۱) اگر کوئی شخص ایک معروف گائے پر سوار ہے تو یہ غنا کی علامت ہے۔ اور غم سے نجات پانے کی دلیل ہے۔

(۲۲) کسی نے دیکھا کہ گائے نے اس کے گھر میں داخل ہو کر سینگوں سے اس کو مارا تو نقصان اٹھانے اور گھر والوں اور رشتہ داروں سے غیر مامون ہونے کی نشانی ہے۔

(۲۳) گائے اور بیل کے سینگ دیکھنا حصولِ مالِ عظیم کی دلیل ہے اور ایسے امر پر فائز ہونے کی علامت ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں اچھی شہرت ہو جائے ۔

(۲۴) خواب میں لکڑی سے گائے یا بیل کو مارنا بڑے گناہ گار ہونے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔

(۲۵) کسی نے دیکھا کہ گائے بیل نے اس کو زخمی کیا تو یہ بقدرِ زخم بیماری میں مبتلا ہو نے کی علامت ہے۔

(۲۶) دیکھا کہ گائے یا بیل اس پر اچھل کر حملہ کرتا ہے تو یہ سخت تکلیف پہنچنے اور خطرہ قتل کی علامت ہے۔

(۲۷) کسی نے دیکھا کہ اس پر بیل گر گیا تو یہ اسی سال اس کے مرنے کی طرف اشارہ ہے۔

(۲۸) کسی نے دیکھا کہ وہ کالے رنگ کی گائے پر سوار ہے یا دیکھا کہ اس کے گھر میں کالے رنگ کی گائے داخل ہوئی اور اسے باندھ دیا تو سرور وخیر ونیکی کی علامت ہے اور زوالِ غم وحزن ووحشت کی دلیل ہے۔

(۲۹) خواب میں گائے دیکھنا سب کے لیے خیر کی علامت ہے۔

(۳۰) بہت گایوں کو ایک جگہ جمع دیکھنا اضطراب کی علامت ہے۔ کھال اتری ہوئی گائے دیکھنا رشتہ داروں میں مصیبت کی دلیل ہے۔

(۳۱) آدمی کھال اتری ہوئی گائے دیکھنا بیٹی یا بہن کے مصیبت زدہ ہونے کی طرف اشارہ ہے۔

(۳۲) دیکھا کہ گائے شہر میں داخل ہو رہی ہیں اور ایک دوسرے کے پیچھے آرہی ہیں تو یہ آنے والے سالوں کی طرف اشارہ ہے اگر وہ گائیں موٹی ہیں تو آنے والے سالوں میں خوشی اور لاغر ہونے کی صورت میں قحط سالی کی علامت ہے اور اگر کچھ موٹی اور کچھ لاغر ہیں چند سال خوشی اور چند سال قحط سالی ہونے کی علامت ہے البتہ اگر لاغر پہلے آئی ہیں تو قحط سالی پہلے ہو گی۔ ورنہ خوشحالی مقدم ہو گی۔ اور اگر اکٹھی آئی ہیں یا متفرق طور پر اور شہر میں دریا موجود ہو تو اہلِ شہر کو سفر در پیش ہو نے کی دلیل ہے اور دریا نہیں ہے تو یہ دخولِ فتنہ کی علامت ہے۔ اگر گایوں کا رنگ پیلا ہے تو آمدِ امراض پر دلالت ہے۔

(۳۳) اگر دیکھا کہ گائیں شہر میں داخل ہو رہی ہیں اور ان کے منہ سے ہوا اور ناک سے آگ نکل رہی ہے تو یہ دشمن کے نزول اور قابض ہونے کی علامت ہے۔

(۳۴) حاملہ گائے خوشحالی کی علامت ہے۔

(۳۵) کسی نے دیکھا کہ اس نے گائے کا دودھ نکال کر پی لیا اگر صاحبِ خواب فقیر ہے تو دولت پائے گا امیر ہوگا اور عزت پائے گا اگر مالدار ہے تو اس کے مال میں مزید اضافہ ہو گا اور عزت وشرف سے مالا مال ہوگا۔

(۳۶) خواب میں بچھڑاہد یہ میں ملنا پیدائشِ ولد کی علامت ہے۔

(۳۷) کسی نے گایوں کی ایک جماعت بغیر چرواہے یا مالک کے آتی ہوئی یا جاتی ہوئی یا کسی مقام میں داخل یا خارج ہوتی ہوئی دیکھی اور ان سب کے رنگ پیلے یا سرخ ہیں تو یہ اس جگہ میں مرض آجانے کی علامت ہے اور رنگت کے لحاظ سے مختلف ہیں تو بیماری سالوں کے اعتبار سے ہوگی۔

(۳۸) اگر کسی نے دیکھا کہ وہ گائے پر سوار ہے تو یہ صاحبِ خواب کی بیوی کے مرنے اور اس کی میراث کے مالک ہونے کی طرف اشارہ ہے۔

(۳۹) بعض نے کہا یہ خواب نکاح کرنے کی علامت ہے اور فقر سے غنا کی طرف بقدرِ صحتِ گائے منتقل ہونے کی علامت ہے۔

(۴۰) اگر کسی نے دیکھا کہ وہ بادشاہ کو گائے ہدیہ کر رہا ہے تو یہ دلیل ہے کہ صاحبِ خواب لوگوں کو لے کر بادشاہ کے پاس جائے گا۔ اگر بادشاہ نے اس کا ہدیہ قبول کر لیا تو اس کی سفارش لوگوں کے متعلق قبول کرے گا اور اگر ہدیہ قبول نہیں کیا تو بادشاہ سے مامون ہونے کی علامت ہے۔

(۴۱) خواب میں مریض گائے کا گوشت کھائے یا اس کا دودھ پیے تو یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے شفا نصیب ہونے کی علامت ہے اور غیرِ مریض کا یہ خواب دیکھنا مال ودولت وقوت اور دین ملنے کی دلیل ہے۔

(۴۲) دیکھا کہ وہ گائے کی چربی نوش کر رہا ہے تو تعبیر ہے کہ اس کو خیر ومنفعت خوشحالی نصیب ہوگی۔

(۴۳) خواب دیکھا کہ اس کو گائے کی کھالیں مل گئیں تو دلیل ہے کہ صاحبِ خواب بادشاہ یا اس کے کارندوں سے مال حاصل کرے گا۔

(۴۴) اگر کسی نے دیکھا کہ گائے اس سے لی گئی  تو یہ علامت ہے کہ صاحبِ خواب بادشاہ کے مال کا نقصان کرے گا اور زیرِ تاوان آئے گا۔

(۴۵) کبھی پیلے رنگ کی گائے دیکھنا میراث کی وجہ سے شروتکلیف پہنچنے کی علامت ہے۔

(۴۶) کبھی گائے کا اطلاق زرخیز زمین پر بھی ہوتا ہے۔

(۴۷) بنی اسرائیل کی گائے کو دیکھنا قتل کی بنا پر فتنہ میں مبتلا ہونے کی علامت ہے اگر یہ خواب ماں کا نافرمان شخص دیکھ لے تو یہ ماں کی فرماں برداری اختیار کرنے کی طرف اشارہ ہے۔

(۴۸) کسی نے دیکھا کہ گوشت کھانے کے لیے جنگلی گائے ذبح کی ہے تو یہ علامت ہے کہ کسی خوبصورت عورت کی طرف سے اس کو مال ملے گا۔

(۴۸) خواب میں گائے والا دیکھنا زراعت اور پھلوں کی صورت میں رزق کی بارش ہونے پر دلالت کرتی ہے۔

(۴۹) کبھی گائے والا  دیکھنے کی تعبیر رقص اور چکر لگانے پر بھی دلالت کرتی ہے۔

error: Content is protected !!
Scroll to Top