خواب میں حضرت عیسی علیہ السلام کو دیکھنا

Khwab me Jesus Christ ko dekhna

(۱) خواب میں حضرت عیسی علیہ السلام کے دیدار سے مشرف ہونے والا شخص کثیر خیر والا مبارک اور اللہ تعالی کے لئے کثرت سے سفر کرنے والا، اللہ تعالیٰ کے احکام کو بجا لانے والا، تھوڑے رزق پر راضی ہونے والا اور طب کو جاننے والا ہو گا۔

(۲) بعض اہلِ تعبیر کے قول کے بموجب خواب میں حضرت عیسی علیہ السلام کا دیدار کرنے والے کو اسی سال کوئی ناپسندیدہ امر پیش نہ ہونے اور اپنے مطلوب کو پانے اور اس میں مہارت حاصل کرنے کی دلیل ہے۔

(۳) کسی نے خواب میں حضرت عیسی علیہ السلام کو دیکھا تو اس کے زاہد ہونے زمین میں سیاحت کرنے اور خوف وہراس سے نجات پانے کی دلیل ہے۔

(۴) خواب میں بار بار حضرت عیسی علیہ السلام کو دیکھنا طب میں ایسی مہارت حاصل کرنے کی علامت ہے کہ جس کی برابری اس کے ہمسروں میں سے کوئی بھی نہیں کر سکے۔

(۵) غم وتکلیف میں مبتلا لوگوں کا خواب میں حضرت عیسی علیہ السلام کو کسی شہر یا جامع مسجد میں اپنی طرف دیکھتے ہوئے دیکھنا اس غم وتکلیف سے نجات پانے پر دلالت کرتا ہے، اس لئے کہ حضرت عیسی علیہ السلام اللہ تعالی کی روح اور رحمت ہیں اور اگر وہ سلامتی اور رحمت میں ہیں خواب مزید نزولِ رحمت وسلامتی کی دلیل ہے۔

(۶) حضرت عیسی علیہ السلام اور ان کی والدہ حضرت مریم علیہا السلام کو کسی مقام میں دیکھنا اس مقام میں عظیم معاملہ یا نشانی پیش آنے کی اطلاع ہے۔

(۷) خواب دیکھا گویا وہ حضرت عیسی علیہ السلام کی صورت میں ہوا یا ان کا لباس زیب تن کیا تو تعبیر صاحبِ خواب کے مطابق ہو گی، چنانچہ اگر صاحبِ خواب بادشاہ ہے تو اس کی سلطنت عظیم ہو گی، اگر عالم ہے اس کا نفع کثیر ہو گا اور فضیلت زیادہ ہو گی اور اگر طبیب (حکیم/ ڈاکٹر) ہے تو اس کی شہرت ہو گی اور توفیق وفضیلت میں زیادتی ہو گی۔

(۸) خوف زدہ آدمی کا خواب میں حضرت مسیح کا دیدار کرنا خوف سے مامون ہونے پر دلالت کرتا ہے۔

(۹) کسی مقام میں حضرت عیسی علیہ السلام کو دیکھنا اس مقام پر نزولِ برکت اور عزت کی علامت ہے۔

(۱۰) مریض کا خواب میں حضرت مسیح علیہ السلام کا دیدار کرنا مرض سے شفایاب ہونے اور نجات پانے کی علامت ہے۔

(۱۱) خواب میں حضرت عیسی علیہ السلام کو بیمار دیکھنا صاحبِ خواب کے مرنے کی طرف اشارہ ہے۔

(۱۲) کبھی ان کی رؤیت ایسا تعجب خیز شئی کے ظاہر ہونے کی علامت ہے جس سے لوگ تعجب کرنے لگیں اور کبھی دیدارِ مسیح علیہ السلام عدل وانصاف اور کشادگی کی بھی علامت ہوتا ہے۔

(۱۳) حاملہ عورت کا خواب میں عیسی علیہ السلام کو دیکھنا طبیب بچہ جننے پر دلالت کرتا ہے۔

(۱۴) کبھی ان کی رؤیت دین میں شک کرنے کی علامت ہوتی ہے چنانچہ یہودیوں نے کہا ”ہم نے عیسی علیہ السلام کو قتل کیا اور سولی پر چڑھا دیا اور اللہ تعالی فرماتے ہیں (وما قتلوه وما صلبوه) ترجمہ نہ ان کو قتل کیا نہ سولی پر چڑھایا اور عیسائیوں نے کہا مسیح اللہ کا بیٹا ہے اور اللہ تعالی فرماتے ہیں (ما اتخذ الله من ولد) ”اللہ تعالی کسی کو اپنا بیٹا نہیں بناتا“۔

(۱۵) بعض کے نزدیک ان کی رؤیت عیسائیوں کے ظاہر ہونے کی علامت ہوتی ہے۔

(۱۶) کاریگر یا طب کا عمل کرنے والا شخص خواب میں اگر عیسی علیہ السلام کو دیکھے تو دلیل ہے اس کے متعلق امور اس کے لئے آسان ہوں گے اور اس سے استفادہ کرے گا۔

(۱۷) کبھی حضرت مسیح علیہ السلام کی رؤیت تہمت لگنے پھر اس سے بری ہونے کی طرف بھی اشارہ ہے۔

(۱۸) کبھی ان کی خواب میں زیارت کرنا غموم وہموم، تکلیف، کسی پر تہمت لگانے اور ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونے پر بھی دلالت کرتا ہے۔

(۱۹) اور کبھی اس کی رؤیت عجائب کے ظہور اور کبھی کسی خوشخبری آنے کی علامت ہوتی ہے اس لئے انہوں نے رسول اللہ ﷺ کی تشریف آوری کی خوشخبری دی ہے۔

(۲۰) اور دیدارِ عیسی علیہ السلام دعا کی قبولیت کی بشارت ہوتا ہے۔

(۲۱) اور زیارت ابنِ مریم علیہا السلام بڑوں پر غصہ کرنے کی دلیل ہوتی ہے۔

(۲۲) کبھی دوستوں اور شاگردوں کی طرف سے حظِ وافر ملنے پر دلالت کرتا ہے۔

(۲۳) خواب میں کسی بچے کا حضرت ابنِ مریم علیہ السلام کو دیکھنا اس کے یتیم ہو کر والدہ کے زیرِ تربیت پرورش پانے، صالح اور عالم ہونے پر دلالت کرتا ہے۔

(۲۴) کبھی ان کی زیارت مصر اور شام کی طرف اور شام سے مصر کی طرف کوچ کرنے پر بھی دلالت کرتی ہے۔

(۲۵) کسی گم نام شخص کا خواب میں حضرت مسیح علیہ السلام کی زیارت کرنا اس کے حسنِ عاقبت پر دلالت کرتا ہے اس لئے کہ قربِ قیامت میں حضرت عیسی علیہ السلام آسمانوں سے نزول فرمائیں گے اور دجال کو قتل کریں گے اور زمین کو عدل وانصاف سے بھر دیں گے جیسا کہ ظلم وجور سے بھر گئی تھی۔

(۲۶) کسی کام میں حضرت ابنِ مریم علیہا السلام کا نزول ان میں عدل کے ظہور اور برکات کے نزول اور کفار کی ہلاکت اور مؤمنین کے ساتھ اللہ تعالی کی مدد شاملِ حال ہونے کی علامت ہے۔

error: Content is protected !!
Scroll to Top