خواب میں شہر کی جامع مسجد دیکھنا اور اس  کی تعبیر

khwab me Jama Masjid dekhne ki tabeer

(۱) اس کی دلالت بادشاہ پر جو اس کے امور کی نگرانی کرتا ہے ہوتی ہے اور اس سے اسلام کی ترقی کی طرف بھی اشارہ ہے اور اس سے حق و باطل کے درمیان فیصلہ کرنے والے حاکم پر بھی دلالت ہوتی ہے اور جامع مسجد اس بازار پر بھی دال ہے جس کی طرف لوگ منافع حاصل کرنے کی غرض سے رخ کرتے ہیں اور اپنی کوششوں کی بقدر منافع کما کر اس سے نکلتے ہیں۔

(۲) اس کی دلالت اس شخص پر بھی ہوتی ہے جس کی تابعداری لازمی ہے، مثلا والد، استاذ، مربی، عالم۔

(۳) مظلوم کا خواب میں جامع مسجد میں داخل ہونا اس کے ساتھ انصاف ہونے کی طرف اشارہ ہوتا ہے۔

(۴) اسی طرح اس کی دلالت قرآن کریم پر بھی ہوتی ہے۔

(۵) کبھی دریا پر اور حمام پر جو محلِ طہارت ہے اور مقبرہ پر جو محلِ خشوع ہے دلالت ہوتی ہے، اسی طرح اس کی دلالت غسل، خوشبو، خاموشی اور توجہ الی القبلہ اور پاکدامنی اور ہر اس چیز پر ہوتی ہے جس کے ذریعہ دشمن کا مقابلہ کیا جاتا ہے، مثلاً قلعہ وغیرہ۔

(۶) اس کی چھتوں کی دلالت بادشاہ کے خواص اور اس کے معاملات سے باخبر لوگوں پر ہوتی ہے اور اس کے ستون بادشاہ کے ماتحت امراء گورنروں کی علامت ہیں۔

اس کی شمعیں اور اس کی دکانیں اور وہ اشیاء جن سے اس کی تزئین ہوتی ہے بادشاہ کے ماتحت علماء پر دلالت کرتی ہیں اور جامع مسجد کے دروازے بادشاہ یا شہر کے دربانوں پر اور اس کے مؤذنین کی دلالت بادشاہ کے نائب اور اس کے سیکرٹری اطلاعات پر ہوتی ہے۔

جامع مسجد کی دلالت اگر بادشاہ پر ہو تو اس کے ستونوں کی تعبیر بادشاہ کے اوقات کار سے اور اس کی روشنیوں کی تعبیر فضلاءِ زمانہ اور فقہاءِ عصر سے کی جاتی ہے اور اس کی چٹائیوں کی تعبیر اس کے احکام اور فرمان کے وسیع ہونے سے کی جاتی ہے اور اس کی چھتیں ان کتابوں پر دلالت کرتی ہیں جن کو پوشیدہ طور پر نقل کیا ہے اور مشکل میں ان کی طرف رجوع کرتا ہے اور اس کی اذان دینے کی جگہ لوگوں کے مجمع پر دلالت کرتی ہے اور اس کے منبر کی دلالت غلام پر اور اس کے محراب کی دلالت بادشاہ کی بیوی پر ہوتی ہے، کبھی محراب کی دلالت رزقِ حلال اور زوجہ صالحہ پر بھی ہوتی ہے اور جامع مسجد کے مینار کی تعبیر وزیر اور امام ہے، کبھی مینارِ جامع مسجد کی دلالت اس کے مؤذنین پر اور اس کے قرآن کریم کی دلالت پڑھنے والوں پر اور منبر کی دلالت اس کے خطیب پر اور اس کے دروازوں کی دلالت اس کے دربانوں اور ان کے دوسرے امور روشنیوں اور فرش وغیرہ کی حفاظت کرنے والوں پر ہوتی ہے۔

چنانچہ جامع مسجد میں کمی یا زیادتی یا اس کی کسی خاص چیز کا زیادہ یا کم ہونا ان لوگوں کے حالات میں کمی وزیادتی کی علامت ہے جن پر یہ اشیاء دلالت کرتی ہیں ۔ شامیانوں کی تعبیر جس کو اسلامی حکمران اپنے ساتھ سفر میں لے جاتے ہیں اور عید یا دوسری نمازوں وغیرہ کے لیے نصب کرتے ہیں اقامتِ دین اور اسلامی اقدار کی بالا دستی، دشمنوں پر غلبہ وغیرہ سے کی جاتی ہے، خواب میں ان کا جلنا اور اس سے بو آنا، ساتھی کے گم ہو جانے اور حکومت میں تغیر واقع ہونے پر دلالت کرتا ہے اور اس کی ڈیوڑھی تعبیر بھی ان ڈیوڑھیوں کی تعبیر کی طرح ہے جن کو عبور کر کے قلعوں تک پہنچا جا سکتا ہے۔

(۳) خواب میں جامع مسجد کے پاس کھڑا ہونا حکمرانوں کے لیے فوجی اور مکانات پر دلالت کرتا ہے اور کبھی جامع مسجد کی دلالت اہلِ مدینہ اور شہر کے بڑے لوگوں پر ہوتی ہے، کبھی اس کے محراب کی دلالت لوگوں کے پیشوا پر اور اس کے منبر کی بادشاہ یا خطیب پر ہوتی ہے، اس کے قندیلیوں کی دلالت اہلِ علم، اہلِ خیر، جہاد اور سرحدوں کی محافظوں پر ہوتی ہے اور اس کی چٹائیوں کی تعبیر اہلِ خیر واصلاح اور وہ لوگ ہیں جو مسجد میں نماز کے لیے جمع ہوتے ہیں  اور جامع مسجد کے مؤذن کی تعبیر شہر کے قاضی یا ایسے عالم سے کی جاتی ہے جو لوگوں کو راہِ راست پر آنے کی دعوت دیتا ہے اور لوگوں کے ہاں اس کی بات مانی جاتی ہے اور اس کی رہنمائی کی پیروی کی جاتی ہے اور اس کی پکار کو سنا جاتا ہے اور اس کی دعا پر آمین کہا جاتا ہے اور اس کے دربانوں کی تعبیر عمال، امین اور اس کے محافظ قسم کے لوگ ہیں جو لوگوں کی مدافعت اور حفاظت کرتے ہیں۔

error: Content is protected !!