خواب میں گھر دیکھنے کی تعبیر

Khwab me ghar home dekhne ki tabeer

خواب میں گھر دیکھنے کی تعبیر دنیا سے کی جاتی ہے۔

(۱) کسی نے خواب میں ایک نیا گھر دیکھا جس میں اس کی تمام چیزیں مکمل ہو گئی ہوں تو صاحبِ خواب کی حالت کے اعتبار سے اس کی تعبیر ہوگی چنانچہ اگر صاحبِ خواب فقیر ہو تو اس کے غنی ہونے پر دلالت کرتا ہے، اگر غم زدہ ہو تو غم سے نجات ملنے کی علامت ہے، اگر کاریگر ہے تو گھر کی خوبصورتی کے مطابق مال حاصل کرے گا، اگر کسی معصیت میں مبتلا ہے تو اس سے تائب ہوگا اس لئے گھر کی وسعت کی تعبیر دنیا وعلم، سخاوت اور مالی وسعت سے کی جاتی ہے۔

(۲) گھر کا تنگ ہونا صاحبِ خواب کے بخل کی طرف اشارہ ہے۔

(۳) گھر کی جدت صاحبِ خواب کے عمل کی جدت پر دلالت کرتی ہے۔

(۴) اس کی لیپائی اس کے دین کی دلیل ہے۔

(۵) مکان کی مضبوطی اس کی تدبیر کی علامت ہے۔

(۶) مکان کی دلالت خوشی پر اور اس کے کمرے عورتوں پر دلالت کرتے ہیں۔

(۷) لوہے کا گھر دیکھنا طولِ عمر اور طویل حکومت سے معبر ہے۔

(۸) خواب میں کسی مجہول گھر میں داخل ہو کر اموات دیکھنا دارِ آخرت کی علامت ہے،  گھر میں داخل ہو کر باہر نکلنے کی قدرت نہ رکھنا مرنے کی دلیل ہے۔

(۹) گھر کامٹی سے لیپا ہوا ہونا اس کے حسنِ انجام اور چونے اور سیمنٹ کا ہونا سوءِ انجام کی طرف مشیر ہے۔

(۱۰) گھر میں داخل ہو کر باہر نکلنا بیماری کی وجہ سے قریب الموت ہو کر صحت یاب ہونے اور اس سے نجات پانے کی خبر دیتا ہے۔

(۱۱) کسی گھر کو دوسرے گھروں سے جدا دیکھنا اور اس میں مردے دیکھنا اس گھر کے تمام افراد کے مرنے پر دلالت کرتا ہے۔

(۱۲) کسی گھر سے غصے کی حالت میں باہر نکلنا مقید ہونے کی طرف اشارہ ہوتا ہے۔

(۱۳) خواب میں کسی شخص کو اپنے گھر میں داخل ہوتے ہوئے دیکھنا دلیل ہے کہ داخل ہونے والا اس کے راز سے باخبر ہو گا اور اگر داخل ہونے والا فاسق قسم کا آدمی ہے تو وہ صاحبِ خواب کی بیوی یا اس کی معیشت کے سلسلے میں اس سے خیانت کرے گا۔ 

(۱۴) امام عادل کے لئے گھر دیکھنا مسلمانوں کی سرحدات میں سے کسی سرحد پر دلالت کرتا ہے چنانچہ کسی امام عادل کے گھر کا منہدم ہونا بعض سرحدوں میں کمی واقع ہونے کی طرف اشارہ ہوتا ہے۔

(۱۵) غیر شادی شدہ کے لئے گھر بنانا بلند مرتبہ والی عورت سے نکاح کرنے کی علامت ہے۔

(۱۶) دور سے کسی گھر کا نظارہ کرنا اس کی دنیا کی طرف اشارہ ہے جو اس کوتاخیر سے حاصل ہوگی۔

(۱۶) خواب میں دوسرے گھروں کے ساتھ متصل مٹی سے بنے ہوئے گھر میں داخل ہونا حلال طریقے سے دنیا ملنے کی علامت ہے۔

(۱۷) چونا سیمنٹ سے بنے ہوئے گھر میں داخل ہونا حرام طریقے سے ملنے والی دنیا پر دلیل ہے۔

(۱۸) خواب میں گھر سے مقہور ہو کر یا سفر کے ارادے سے یا واپس نہ آنے کے ارادے سے نکلنا اپنے مملوک یا اپنی دنیا کے ہاتھ سے نکلنے کی دلیل ہے۔

(۱۹) کسی نئے آباد گھر میں کسی غنی کا داخل ہونا مال کی زیادتی کی دلیل ہے۔

(۲۰) فقیر کا نئے گھر میں داخل ہونا غنی ہونے کی علامت ہے۔

(۲۱) خواب میں اپنے کسی پرانے گھر میں داخل ہونا اور اس کا گر جانا کسی رشتہ دار کی میراث ملنے کی دلیل ہے، کسی نے خواب دیکھا کہ وہ کسی گھر کی شیشے کی چھت کے اوپر ہے اور ننگا ہونے کی حالت میں اس سے گر گیا ہے تو وہ شاہی خاندان کی ایک خوبصورت حسین وجمیل عورت سے نکاح کرے گا مگر وہ جلد ہی مر جائے گی۔

بعض علماءِ تعبیر کا کہنا ہے کہ بعض دفعہ گھر بنانا بعض اولاد یا کسی رشتے دار کے مرنے کی علامت ہے۔

(۲۲) خواب میں گھر کا مالک ہونا صاحبِ خواب کے نیک عمل کی دلیل ہے۔

(۲۳) گھر کا بدنما اور تنگ ہونا صاحبِ خواب کی بداعمالی کی طرف نشان دہی کرتا ہے۔

(۲۴) اگر صا حبِ خواب کسی عہدے سے معزول ہو تو اس کی عزت رفتہ لوٹ آئے گی یا گم کردہ شئی دوبارہ حاصل کی جائے گی یا جس نے اس سے قطع تعلق کیا ہے دوبارہ اس سے تعلق استوار ہو جائے گا، کبھی گھر کی دلالت آپس میں خاطر مدارت کرنے پر ہوتی ہے، کبھی گھر کی تعبیر زمانہ کے مطابق چلنے سے بھی کی جاتی ہے۔

(۲۵) غیر مناسب مقام میں یا غیر مناسب طریقے سے گھر بنانا حرام مال سے بنے ہوئے مکان میں اقامت اختیار کرنے کی طرف اشارہ ہے اور گھر کی دلالت انسان کے جسم اس کے نفس اور اس کی ذات پر بھی ہوتی ہے اس لئے انسان گھر کی پہچان اور گھر انسان کی پہچان ہے، کبھی گھر کی دلالت انسان کے اس مال پر ہوتی ہے جس پر انسان کے زندگی گذارنے کا مدار ہے، کبھی اس کی تعبیر لبا س سے بھی کی جاتی ہے اس لئے کہ گھر بھی انسان کا لباس ہے چنانچہ گھر کی تعبیر انسان کا جسم ہو تو اس کے دروازے کی دلالت چہرے پر ہوگی اور اس کی دلالت زوجہ پر ہو تو اس کے دروازے کی دلالت اس کی شرم گاہ پر ہوگی،  اگر گھر کی تعبیر کپڑا ہو تو دروازے کی تعبیر اس کا طوق ہوگا۔

(۲۶) کسی نے خواب دیکھا کہ اپنے گھر کا جھاڑو دے رہا ہے تو اس کو صدمہ پہنچے گا۔ یا اچانک مال ملے گا اور بعض علماء کی رائے ہے کہ گھر کا جھاڑ دینا غم ختم ہونے کی علامت ہے۔

(۲۷) اور بعض کا کہنا ہے گھر کا گر جانا صاحبِ گھر کے مرنے کی دلیل ہے۔

(۲۸) خواب میں نئے گھر کو گرانا صدمہ اور شر میں مبتلا ہونے کی طرف مشیرہے۔

(۲۹) کسی کے گھر کا یا گھر کے کمروں کا یا اس کے صحن اور چھت کا عام حالت سے وسیع ہونا اس کی دنیا کی وسعت اور وسیع زندگی کی دلیل ہے۔

(۳۰) گھر کے اندر یا اس کے دروازے میں کوئی حادثہ پیش آنا اس کی عورتوں میں کوئی نئی چیز پیدا ہونے کی علامت ہے۔

(۳۱)  گھر کا عام گھروں سے مختلف ہونا اور اس میں جدت ظاہر ہونے کی دلالت اس کے مملوک مال پر ہوتی ہے۔

(۳۲) کسی مریض کا اپنے گھر سے کسی سے بات کئے بغیر خاموشی سے نکلنے کی تعبیر اس کی موت سے کی جاتی ہے۔

خواب میں گھروں کے نشانات دیکھنے کی تعبیر

Khwab me gharo ke nishanaat dekhne ki tabeer

(۱) وعظ ونصیحت پر دلالت کرتے میں اور کبھی گھروں کے نشانات سالوں اور آثار پر بھی دلالت کرتے ہیں یا ان کے ایام پر۔

(۲) اور اپنے شہر کے مہاجرین کے دوبارہ جمع ہونے پر۔

(۳) اور امر بالمعروف ونہی عن المنکر نئے نقشوں پر دلالت کرتے ہیں۔

error: Content is protected !!
Scroll to Top