khwab me gandum wheat dekhne ki tabeer
اس کی دلالت محنت سے حاصل شدہ مال پر ہوتی ہے۔
(۱) خواب میں گندم خرید نا خوشحالی اور مال ملنے اور عیال میں زیادتی پر دلالت کرتا ہے۔
(۲) خواب میں بادشاہ کو گندم کو حرکت دیتے ہوئے دیکھنا اشیاء خوردنی کے مہنگے ہونے پر دلالت کرتا ہے۔
(۳) خواب میں گندم کاشت کرنا ایسے عمل کرنے کی دلیل ہے جس میں اللہ تعالی کی رضا ہو۔
(۴) خواب میں اپنی فصلوں کے اندر چلنا جہاد نصیب ہونے کی علامت ہے۔
(۵) کسی نے دیکھا کہ اس نے گندم کاشت کی تو تعبیر ہے کہ اس کا ظاہر باطن سے بہتر ہے۔
(۶) گندم کی کاشت سے خون نکلنا سود کھانے کی علامت ہے۔
(۷) تر گندم کھانا اعمال کی درستگی کی علامت ہے۔
(۸) گندم کے سبز خوشوں کی دلالت خوشحالی پر ہوتی ہے۔
(۹) خشک خوشے جو اپنے تنوں پر ہوں قحط سالی کی علامت ہیں، جتنے خوشے ہیں اتنے سال قحط رہے گا۔
(۱۰) ہاتھ یا برتن یا کھیت میں جمع شدہ گندم مالک کو ملنے والے مال پر دلالت کرتی ہے یا بمقدارِ خوشہ حصولِ علم کی علامت ہے۔
(۱۱) کسی نے دیکھا کہ وہ کسی جاننے والے آدمی کی کٹی ہوئی فصل سے گرے ہوئے خوشے چن رہا ہے تو دلیل ہے کہ مالک سے اس کو متفرق قسم کا باقی رہنے والا مال ملے گا۔
(۱۲) کسی نے دیکھا کہ فصل کٹنے کے موسم کے علاوہ دوسرے موسم میں گندم کاٹ رہا ہے تو دلیل ہے کہ اس محل میں کسی شخص کا انتقال ہو گا اور جنگ واقع ہونے اور فتنہ برپا ہونے کی بھی علامت ہے۔
(۱۳) کٹنے والی گندم کے خوشے اگر پیلے ہوں تو بڑوں کی موت اور سبز ہوں تو جوانوں کی موت کی دلیل ہے۔
(۱۴) خواب میں خشک گندم کھانے کی تعبیر اچھی نہیں ہے۔
(۱۵) کبھی خواب میں گندم ملنا بادشاہ کی طرف سے مال ملنے کی دلیل ہوتا ہے۔
(۱۲) چھلکا اتری ہوئی گندم مالِ حرام کی دلیل ہے۔
(۱۷) خواب میں گندم کے ساتھ جو ملا کر فروخت کرنا شعر کو قرآن سے بدلنے کی علامت ہے۔
(۱۸) بستر پر گندم دیکھنا بیوی کے حاملہ ہونے کی علامت ہے۔
(۱۹) بعض علماء نے کہا کہ خواب میں کاشت کرنا بیوی کے حاملہ ہونے کی دلیل ہے۔
(۲۰) خواب میں پکی ہوئی گندم کھانا کسی ناپسند کام میں مبتلا ہونے کی دلیل ہے۔
(۲۱) خواب میں کسی کا پیٹ، منہ یا جلد کا خشک گندم سے بھر جانا عمر کے ختم ہونے کی دلیل ہے۔
(۲۲) ان چیزوں کا مکمل نہ بھرنا اتنی عمر کم ہونے کی نشانی ہے اور خواب میں کچی گندم جو سبز ہو کھانا صالح ہونے اور دین پر عمل پیرا ہونے کی بشارت ہے۔
خواب میں گندم بیچنے والا دیکھنے کی تعبیر
khwab me gandum bechne wala dekhne ki tabeer
(۱) خواب میں گندم فروش دیکھنا ایک شریف اور مالدار آدمی کی طرف اشارہ ہے۔
(۲) اگر اس کو گندم بیچنے کی حاجت نہ ہو تو خود کو بیچنے پر مجبور دیکھنا ذلت میں مبتلا ہونے کی علامت ہے۔
(۳) کسی حکمران کا اپنے آپ کو گندم فروخت کرتے ہوئے دیکھنا حکمرانی سے معزول ہونے، بھائیوں اور اس کے درمیان تفرقہ پڑنے کی دلیل ہے۔
(۴) گندم فروش کی دلالت کبھی ایسے بادشاہ پر بھی ہوتی ہے جس کے دوسرے بادشاہ مطیع ہوں یا اس کی تعبیر تجارت پر حاوی تاجر سے بھی کی جاتی ہے یا اس کی دلالت ایسے صنعت کار پر ہوتی ہے کہ جس کے تمام تاجر مطیع وفرمانبردار ہوں۔
(۵) کسی نے خواب دیکھا کہ وہ کسی گندم فروش سے گندم خرید رہا ہے تو دلیل ہے کہ وہ کسی بادشاہ سے عہدے کا مطالبہ کرے گا۔
(۶) خواب دیکھا کہ اس نے گندم فروش کے ہاتھ گندم فروخت کی مگر اس کی قیمت کو نہیں دیکھا تو دلیل ہے کہ صاحبِ خواب دنیا میں زہد کی زندگی اختیار کرے گا اور اللہ تعالی کی نعمتوں کا شکر ادا کرے گا اس لئے کہ ہر چیز کی قیمت کی تعبیر شکر ہے۔
(۷) کسی کو خواب میں گندم ملے اور وہ اس کو ہاتھ نہیں لگا رہا اور نہ اس کی ضرورت محسوس کر رہا ہے تو دلیل ہے کہ اس کو عزت وشرف ملے گا اس لئے کہ گندم اشرف الاطعمہ میں شمار ہوتی ہے۔
(۸) خواب میں گیہوں حاصل کرنے کی کوشش کرنا اور اس کی طرف احتیاج ہونا پھر اس کو ہاتھ لگانا نقصان میں واقع ہونے یا ذلت سے ہمکنار ہونے کی علامت ہے۔
(۹) اگر حکمران ہے تو اس سے معزول ہونے پر دلالت کرتا ہے، گندم فروش کی رؤیت مندجہ ذیل پر بھی دلالت کرتی ہے، تنگی کے بعد کشادگی، درست گنتی، رزق، اعمالِ صالحہ۔