Khwab mein baat karna
(1) خواب میں مختلف زبانوں میں بات کرنا بڑی حکومت کے مالک ہونے کی دلیل ہے۔
(۲) اسی طرح مردے یا پرندے کا بات کرنا صاحبِ خواب کے لئے بڑی حکومت، علم اور سمجھداری پانے کی خوشخبری ہے۔
(۳) اگر کسی نے دیکھا کہ اونٹ یا اونٹنی یا مینڈھا یا اور کوئی چوپایہ صاحبِ خواب سے ہم کلام ہو کر کہہ دے کہ میں نے خواب دیکھا ہے مگر وہ خواب بیان نہیں کر پاتا ہے تو صاحبِ خواب کے لئے جنگ، جھگڑنے، ہلاکت اور ملک ہاتھ سے نکل جانے کی دلیل ہے۔
(۴) کسی نے خواب دیکھا کہ کتا، چیتا یا باز اس سے کہہ رہا ہے میں نے خواب دیکھا، یہ حصولِ غنیمت اور سرور کی بشارت ہے، پرندہ کی ہر بات نیک اور خیر ہے۔
(۵) کسی کے ساتھ خواب میں پرندہ بات کرے تو یہ صاحبِ خواب کے بلند مرتبہ ہونے کی دلیل ہے۔
(6) اگر کسی کے ساتھ خواب میں سانپ نرم لہجہ میں بات کرے تو اس کو اپنے دشمن کی طرف سے سرور اور خیر نصیب ہو گی اور لوگوں کو اس سے تعجب ہوگا۔
(۷) اگر کسی کے ساتھ چو پائے بات کریں تو وہ مر جائے گا، اللہ تعالیٰ کا قول ہے: (واذا وقع القول علیہم اخرجنا لہم دابۃ من الارض تکلمہم ) ”اور جب پڑ چکے گی ان پر بات، نکالیں گے ہم ان کے آگے ایک جانور زمین سے باتیں کرے گا۔
(۸) اگر کسی کے ساتھ اس کا سر یا ناک بات کرے تو اس عضو کے مناسب وہ محتاج ہو گا یا اس کو سخت مشکلات در پیش ہوں گی۔
(۹) کسی کے ساتھ درخت یا کوئی ایسی چیز جو صاحبِ خواب کے موافق ہو گفتگو کریں اس سے ایسی چیز حاصل ہونے کی دلیل ہے جس سے لوگوں کو حیرانگی ہو گی۔
(۱۰) خواب میں بچہ کا بات کرنا خواہ جس کیفیت سے بھی ہو جو کچھ کہا ہو حق ہونے کی دلیل ہے، کبھی خواب میں بچہ کا بولنا نا جائز کاموں میں مبتلا ہونے کی علامت ہوتا ہے۔
(۱۱) اگر یہی خواب کوئی صاحبِ خیر دیکھے تو لوگ اس سے عجیب معاملات دیکھیں گے یا وہ خود عجیب خبر سے واقفیت حاصل کرے گا یا وہ شہر میں عجیب معاملہ دیکھے گا یا سنے گا۔
(۱۲) جمادات کا بولنا صلح اور نصیحت پر دلالت کرتا ہے۔
(۱۳) حیوان کا بولنا کبھی عذاب پر بھی دلالت کرتا ہے۔
(۱۴) درخت کا بولنا بلند مرتبہ ہونے کی علامت ہے۔
(۱۵) مردوں کی باتیں فتنہ ہیں۔
(۱۶) درندوں کا باتیں کرنا تنگ دستی کی علامت ہے۔
(۱۷) اعضاء وجوارح کا بولنا تکلیف اور گناہ سرزد ہونے پر دلالت کرتا ہے، کسی بھی چیز کا کلام کرنا اللہ یا کتاب سنتِ رسول ﷺیا عقل کے مطابق ہو تو یہ محلِ تعبیر ہے اور اس کلام کو سننے والے کے لئے بہتر ہے اور اس کے مطابق عمل کرنا ضروری ہے اور اگر کتاب اللہ اور سنتِ رسول کے مخالف ہو تو اس کی کوئی تعبیر ہے اور نہ ہی اس پر عمل کرنا ضروری ہے۔
(۱۸) اعضاء میں سے کسی عضو کا ہم کلام ہونا صاحبِ خواب کے لئے رشتہ داروں، دوستوں اور شریکوں کی طرف سے نصیحت ہے، اس پر عمل کرنا ضروری ہے اس لئے کہ یہ اعضاء قیامت کے دن اس کے خلاف گواہی دیں گے۔
(۱۹) حیوان کا کلام کرنا یقین کرنے، بھائیوں کے ساتھ رہائش اختیار کرنے اور اہل الطاعت کے ساتھ مانوس ہونے کی دلیل ہے۔
(۲۰) دیوار کا کلام کرنا بھائیوں سے جدائی سے ڈراتا ہے، کبھی اس کا کلام کرنا آپس میں مشاجرت پر بھی دلالت کرتا ہے اور کبھی اس کا کلام کرنا صاحبِ خواب کے رفعِ قدر کی دلیل ہوتا ہے اس لئے کہ یہ نبی ﷺ کے معجزات میں سے ہے یا اس کے مذہب کی سلامتی کی دلیل ہے یا اس کے لئے ہدایت کا ذریعہ ہے کیونکہ اللہ تعالی موسی علیہ السلام سے درخت کے ذریعے مخاطب ہوا تھا۔
(۲۱) دشمن کا خواب میں کلام کرنا مدتِ ہجر ختم ہونے کی دلیل ہے۔
(۲۳) خواب میں کلام کرنے میں سبقت کرنا بیداری میں مسبوق ہونے کی علامت ہے یا پھر ایسا ہو گا جیسا کہ دیکھا ہے۔
(۲۴) اگر کسی نے خواب میں غیبی آواز سنی جس میں امر یا نہی یا کوئی زجر یا بشارت ہو تو ایسا ہی ہو گا جیسا دیکھا ہے۔