khwab me hajj dekhne ki tabeer
فہرست
خواب میں حج کرنے کی تعبیر
(۱) خواب میں حج ادا کرنا، بیت اللہ کا طواف کرنا اور مناسکِ حج میں سے بعض کو ادا کرنا دینی درستگی اور دین پر استقامت، ثواب ملنے، خوف سے مامون ہونے، قرضوں سے نجات پانے اور مسلمانوں کی امانات کو ان تک پہنچانے پر دلالت کرتا ہے۔
(۲) کسی نے موسمِ حج میں خواب دیکھا کہ وہ حج کے لیے نکلنے والا ہے اگر وہ حکمرانی سے معزول ہے تو تعبیر ہے دوبارہ حکمران بنے گا اور اگر مسافر ہے تو مامون ہوگا اگر تاجر ہے تو منافع پائے گا اگر مریض ہے تو تندرست ہو گا اور مقروض ہے تو قرض سے نجات ملے گی، اگر حج نہیں کیا ہے تو حج نصیب ہوگا اور گمراہی کے راستے پر چل رہا ہے تو راہِ راست پر آئے گا۔
(۳) کسی نے دیکھا کہ اس نے حج یا عمرہ کیا تو دلیل ہے کہ وہ طویل زندگی گزارے گا اور اس کے اعمال مقبول ہوں گے۔
(۴) اگر کوئی حکمران خواب میں خود کو حج کے لیے نکلتے ہوئے دیکھے تو یہ اس کی معزولی کی دلیل ہے اور تاجر کے لیے یہ خواب نقصان وخسارے کی علامت ہے اور مسافر کے لیے یہ لوٹ جانے کی طرف اشارہ ہے اور صحت مند کے لیے مرض کی علامت ہے۔
(۵) کسی نے خواب دیکھا کہ اس پر حج فرض ہو چکا ہے لیکن وہ حج نہیں کرتا تو تعبیر ہے کہ صاحبِ خواب اللہ تعالی کی نعمتوں کی ناشکری کر رہا ہے اور امانتوں کی ادائیگی سے انکار کر رہا ہے۔
(۶) کبھی خواب میں حج کرنا ارادے میں تردد واقع ہونے کی علامت ہوتا ہے اور قرضوں کی ادئیگی، نیک کام کرنے اور ان واجبات کو پورا کرنے کی کوشش کرنے کی علامت ہے، جن کو پورا کرنا اس پر لازمی ہے، مثلاً والدین واستاذ کی اطاعت کرنے کی علامت ہے یا ہجرت کرنے کی دلیل ہے یا کسی عالم یا عابد کی زیارت نصیب ہونے کی بشارت ہے۔
(۷) پہلوان کا یہ خواب دیکھنا لوگوں کی خدمت میں کوشش کرنے پر دلالت کرتا ہے اور یہ خواب غیر شادی شدہ کے لیے دلیلِ شادی ہے اور بادشاہ کے لیے دشمنوں سے محفوظ ہونے، باغیوں کے زیر ہونے اور کفار کے کسی بڑے شہر پر قبضہ کرنے کی دلیل ہے اور کبھی حج کی دلالت جہاد کرنے پر بھی ہوتی ہے۔
(۸) یہ خواب کبھی طالب علم کے لیے اپنی مراد پانے کی اور فقیر کے لیے غنی ہونے کی نشانی ہے۔
(۹) کبھی مریض کے لیے حج کرنا اس کے مرنے کی علامت ہے۔
(۱۰) گناہگار کے لیے تو بہ کرنے پر دلالت کرتا ہے۔
(۱۱) شادی شدہ کے لیے حج کرنا اپنی بیوی کو طلاق دینے پر دلالت کرتا ہے اور حج سے دین ودنیا میں منتفع ہونے والے کے ساتھ معاشرت اختیار کرنے کی دلیل ہے۔
(۱۲) کافر کا خواب میں حج کرنا دولتِ اسلام سے مشرف ہونے کی نوید ہے۔
(۱۳) خواب میں سواری پر سوار ہو کر حج کے لیے سفر کرنا مذکورہ تمام لوگوں کو ایسے مددگار ملنے کی دلیل ہے جن پر سواری دلالت کرتی ہے، چنانچہ بختی اونٹ پر سوار ہو کر حج کو جانا ایسے لوگوں سے معاشرت اختیار کرنے کی علامت ہے جن پر بختی اونٹ دلالت کرتا ہے۔
(۱۴) کسی سواری کی لگام پکڑ کر جانا کسی عورت کی مدد سے وہاں تک پہنچنے کا اشارہ ہے۔
(۱۵) ہاتھی پر سوار ہو کر حج کو جانا کسی بادشاہ کی مصاحبت میں حج کرنے کی دلیل ہے۔
(۱۶) خواب میں پیدل حج کو جانا ایسے کام میں واقع ہونے کی دلیل ہے جس کا کفارہ اس پر واجب ہے، کبھی حج کرنا مندرجہ ذیل پر بھی دلالت کرتا ہے، رزق، مالِ غنیمت، سفر سے لوٹنا، تنگی کے بعد خوشحالی، بیماری کے بعد صحت اور اپنے سابقہ کام کی طرف رجوع، خواب میں زادِ سفر ہمراہ لے کر سفرِ حج کرنا تقویٰ کی دلیل ہے۔
(۱۷) فقیر کا یہ خواب دیکھنا اس کے مالدار ہونے کی علامت ہے۔
(۱۸) مقروض کے لیے ادئیگئ قرض کی نشانی ہے۔
(۱۹) خواب میں حج کے لیے جا کر حج کے اعمال نہ کرنا کسی حاجت کی بنا پر کسی بادشاہ کے پاس جانے کی دلیل ہے۔
(۲۰) کسی نے خواب دیکھا کہ وہ اکیلا حج کے لیے جا رہا ہے اور لوگ اس کو رخصت کر رہے ہیں تو یہ اس کے مرنے کی علامت ہے۔
خواب میں عرفہ دیکھنا
Khwab me arafa dekhna
(۱) خود کو عرفہ کے دن میں دیکھنا اگر اس کا کوئی متعلق غائب ہے تو یہ خوشی خوشی واپس آئے گا، اگر رشتہ داروں نے قطع رحمی کی ہوئی ہے تو وہ صلہ رحمی کریں گے اور اگر کسی سے جھگڑا ہوا وہ صلح کرے گا، عرفہ کی دلالت حج پر ہوتی ہے، نیز کبھی اس سے مراد جمعہ بازار اور نفع مند تجارت بھی ہوتی ہے، عرفہ میں کھڑا ہونا اچھائی سے برائی یا برائی سے اچھائی کی جانب مرتبہ کی تبدیلی ہے، کبھی اس سے مراد اپنے عزیزوں، بیوی، گھر وغیرہ سے جدا ہونا بھی ہوتا ہے،کبھی اپنے خلاف دشمن کی نصرت بھی اس سے مراد ہوتی ہے، وقوفِ عرفہ عزت، فراست کے حصول، جدا ہونے والوں کی قربت، دشمن پر مدد، گناہگار کی توبہ کی قبولیت پر بھی دلیل ہوتا ہے، کبھی اس سے مراد راز کا ظہور ہوتا ہے، کبھی وقوفِ عرفہ جدا دوست کے ملنے اور پہلو تہی کرنے والے کی الفت کی دلیل ہوتا ہے۔
(۲) جس نے رات کو فجر سے پہلے وقوفِ عرفہ کیا اسے اس کا مقصد اور حاجت حاصل ہو گی۔
(۳) اگر کسی نے فجر کے بعد وقوف کیا تو اسے اس کا مطلوب حاصل نہ ہو گا۔
خواب میں شیطان کو مارے جانے والے پتھر دیکھنے کی تعبیر
khwab me shaitan ko marne wale pathar dekhne ki tabeer
(۱) سات پتھروں سے مارنا سات دراہم یا سات سو دینار قرض میں ادا کرنے کی دلیل ہے اور دشمنوں کے مقابلے میں کامیابی کی علامت ہے اور نیک اعمال کی دلیل ہے۔
(۲) کسی نے خواب میں ان پتھروں میں سے ایک پتھر کو نگل لیا تو دلیل ہے کہ وہ یتیم کا مال کھائے گا۔ (۳) اور کبھی رمی جمار کی دلالت قرض کی ادئیگی اور صوم وصلوۃ کی ادائیگی پر بھی ہوتی ہے۔
خواب میں صفا اور مروہ کے درمیان سعی کرنے کی تعبیر
khwab me safa marwa me dorna saiy karna
خواب میں صفا مروہ کے درمیان سعی کرنا آپس کی اصلاح پر دلالت کرتا ہے اور اگر صاحبِ خواب دلال ہو تو کبھی وہ باتوں میں انصاف سے کام لے گا یا وہ اپنی دونوں بیویوں یا والدین کے درمیان عدل کرے گا اور اگر دیکھنے والا بیمار ہو تو اس کو مرض سے افاقہ ہو گا اور وہ رزق کے طلب میں کوشش کرے گا۔