خواب میں درہم دیکھنے کی تعبیر

Khwab me dirham silver coin dekhne ki tabeer

کسی کے ہاں حاملہ عورت ہو اور وہ درہم دیکھے تو بچے کی ولادت کی دلیل ہے۔

(۱) بعض حضرات کی رائے ہے کہ درہم کی دلالت اللہ تعالی کے ذکر وتسبیح پر ہوتی ہے اور کبھی اس کی دلالت درد ناک پٹائی پر ہوتی ہے۔

(۲) کبھی خواب میں درہم ملنا بیداری میں اتنے ہی درہم ملنے کی دلیل ہے۔

(۳) تھیلے یا بٹوے یا جراب میں بند دراہم ملنا دلیل ہے کہ اس کے پاس کوئی امانت رکھی جائے گی جس کی وہ حفاظت اتنی مدت تک کرے گا جتنے اس میں دراہم ہیں اور کبھی دراہم کی دلالت کلام پر بھی ہوتی ہے۔

(۴) کھرے دراہم کی دلالت علم، اچھی باتیں، احتیاج کا ختم ہونا اور نماز کی ادئیگی پر ہوتی ہے، کبھی دراہم کی تعداد نیک اعمال کے عدد پر دلالت کرتی ہے، نیز در اہم وسیع دنیا کی دلیل ہے۔

(۵) بازو میں دراہم باندھا ہوا دیکھنا اس پیشہ کی علامت ہے جس کو صاحبِ خواب حاصل کرے گا۔

(۶) کسی نے خواب دیکھا کوئی شخص اس کے دراہم کا مقروض ہے تو اس شخص کو اس کے حق کی گواہی دینا لازمی ہے۔

(۷) قرضوں کے دراہم کا ٹوٹا ہوا واپس کرنا گواہی سے اعراض کرنے کی علامت ہے۔

(۸) کسی نے خواب دیکھا کہ اس نے ایک درہم ضائع کیا تو تعبیر ہے کہ وہ کسی ایسے جاہل کو نصیحت کرے گا جو اس کی نصیحت کو نہیں سنے گا اس لئے کہ اس نے صحیح کلام کو ضائع کیا۔

(۹) درہم ودنانیر کی آواز اچھی باتوں کی علامت ہوتی ہے۔

(۱۰) منقش دراہم تقوی کی باتوں پر مشتمل کلام پر دلالت کرتا ہے۔

(۱۱) ایسے درہم اٹھانا جن پر تصویریں ہوں صاحبِ خواب کے بدعتی ہونے پر دلالت کرتا ہے۔

(۱۲) ٹوٹے ہوئے درہم نہ ختم ہونے والی لڑائی کی علامت ہے۔

(۱۳) درہم لینے کی تعبیر دینے کے مقابلے میں بہتر ہے۔

(۱۴) کسی نے دیکھا کہ اس کے پاس دس 10 دراہم تھے مگر پانچ رہ گئے تو اتنی مقدار میں مال میں کمی کی دلیل ہے۔

(۱۵) ۵ پانچ سے دس ہونا مال کی اتنی مقدار میں زیادتی کی علامت ہے۔

(۱۶) دراہم میں زیادتی دیکھنا زیادتئ مال اور کمی دیکھنا کی مال کی علامت ہے۔

(۱۷) صاف ستھرے دراہم صاحبِ خواب کی دینی صفائی اور ہر ایک کے ساتھ حسنِ کلام کی دلیل ہے۔

(۱۸) خواب میں بکھرے ہوئے دراہم دیکھنا حسنِ کلام کی علامت ہے۔

(۱۹) خواب میں اپنے ہاتھوں کا فلس کے ساتھ تبدیل ہونا مفلس ہونے کی دلیل ہے اور فلس کا درہم میں تبدیل ہونا خیر، منافع اور نصیحت حاصل کرنے کی علامت ہے۔

(۲۰) صاحبِ خواب کے ہاتھ میں ایک درہم کا نصف درہم میں تبدیل ہونا اس کے کل مال کے نصف حصہ ختم ہونے کا اشارہ ہے، یہی تعبیر ہے ایک درہم کے ایک چوتھائی رہ جانے کی۔

(۲۱) درہم کا دینار میں تبدیل ہونا مزید کمائی کی دلیل ہے۔

(۲۲) ہاتھ میں درہم کا سونے کے ٹکڑے میں بدل جانا مال کے چلے جانے کی طرف اشارہ ہوتا ہے اور درہم کا وجود راحت وسرور کی علامت ہوتا ہے۔

(۲۳) کھوٹے درہم دھوکہ دہی، جھوٹ، حرام کمانے، جل جانے اور گناہ کبیرہ کا ارتکاب کرنے کی علامت ہیں۔

(۲۴) خواب میں کسی کو نیا اور تازہ درہم ملنا دلیل ہے کہ اس پر رویا جائے گا۔

(۲۵) اگر صاحبِ خواب نے خواب میں کسی دوسرے کو درہم دیا تو اس شخص پر رویا جائے گا۔

(۲۶) کسی نے خواب دیکھا کہ اس کا ایک درہم ضائع ہو گیا ہے یا اس سے چوری کیا گیا تو اس کا بیٹا بیمار ہوگا یا کوئی ناپسندیدہ معاملہ در پیش ہوگا۔

(۲۷) خواب میں درہم کا ہاتھ سے چھن جانا یا اس طرح ہاتھ سے نکلنا کہ واپسی کی کوئی امید نہ ہو تو صاحبِ خواب کا کوئی بیٹا مر جائے گا۔

(۲۸) خواب میں درہم چوری کر کے صدقہ کرنا ایسی باتیں کرنے کی علامت ہے جس کو سننے والا کوئی نہ ہو، بعض علماء کی رائے ہے کہ خواب میں دراہم دیکھنا شر کی علامت ہے اور کھوٹے سکے برے کلام پر دلالت کرتے ہیں اور کبھی دراہم کی دلالت علاج کے لئے کئے جانے والے مرہم پر بھی ہوتی ہے اور غمگین کے غم کو دور کرنے اور کبھی غموں پر بھی دلالت کرتے ہیں۔

(۲۹) کھوٹے دراہم، قول وفعل کے ذریعے دھوکہ دینے اور دکھاوے کے لئے عمل کرنے کی دلیل ہے، اچھے دراہم کی دلالت ولایت اور جمع شدہ مال پر ہوتی ہے اور کبھی اس کی دلالت قید اور مار پٹائی پر بھی ہوتی ہے، کبھی یہ خواب بیع وشراء پر بھی دلالت کرتا ہے، نیز اس کی تعبیر خوف سے امن اور رزق کی کشادگی پر بھی ہوتی ہے، دنا نیر کے ساتھ دراہم کا مخلوط دیکھنا قبولیتِ دعا، ضروریات پورا ہونے اور امراض سے شفا پانے کی دلیل ہے  اور کھوٹے در اہم فضول باتوں اور بے فائدہ خادم پر دلالت کرتے ہیں اور ان کی دلالت زبردستی اپنی ضروریات کو پورا کرنے پر بھی ہوتی ہے۔

error: Content is protected !!
Scroll to Top